ہولوکاسٹ کی تصاویر کا غلط استعمال: اسے سام دشمنی کب سمجھا جانا چاہئیے؟

ہولوکاسٹ کے زمانے کی کئی تصاویر کو باآسانی پہچانا جا سکتا ہے - چاہے وہ نازی پروپیگنڈا کی علامات ہوں (جیسے کہ سواستیکا) یا ایسی اشیاء یا مقامات کی جو قتل و غارت کے ساتھ منسوب ہونے کی وجہ سے مشہور ہوں (جیسے تار کی باڑ، یا آشوٹز برکناؤ قتل کے مرکز تک جانے والی ریل کی پٹریاں)۔ ان علامات کی جدت اور ان کی ہر جگہ موجودگی مندرجہ ذیل چیزوں کی عکاسی کرتے ہيں:

1( ہولوکاسٹ کے زمانے میں ہونے والے جرائم کا خوف
2) نازی پروپیگنڈا اور تصاویر کے ساتھ جاری دلچسپی
3) تعلیمی کوششوں، میڈیا اور مقبول ثقافت کے ذریعے ہولوکاسٹ سے متعلق آگاہی فراہم کرنا

ان میں سے کچھ تصاویر ہولوکاسٹ یا عمومی طور پر برائی کی نمائندگی کرتے ہیں۔ ان تصاویر کے بارے میں عام سمجھ بوجھ اور واقفیت انہیں ایسے غلط طریقے سے استعمال کرنے کا باعث بن گئی ہیں جو تاریخ کو غلط طور پر پیش کرتی ہیں، جرمنوں اور ان کے ساتھ کام کرنے والوں کے ہاتھوں قتل ہونے والوں کی یادوں کی توہین کرتی ہیں، اور تعصب اور نفرت کو ڈھانپنے کا کام کرتی ہیں۔

آج کل ہولوکاسٹ کے زمانے کی علامات اور تصاویر کا اکثر غلط طور پر استعمال کیا جاتا ہے، جیسے:

1) یہودیوں یا یہودی اداروں پر حملہ کرنے کے لئے
2) اسرائیل کی حکومت کے اقدام کا نازی جرمنی کے ساتھ موازنہ کر کے اس پر تنقید کرنے کے لئے، یا ہولوکاسٹ کو ایک جدید یہودی ریاست کی موجودگی کا جھوٹا جواز قرار دینے کے لئے
3) شدید برائی کی علامت کے طور پر چاہے وہ کسی سیاسی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لئے کیا گیا ہو یا کسی چھوٹے سے جرم کو بیان کرنے کے لئے (مثال کے طور پر کسی سخت استاد کو نازی کا لقب دینا)

غلط طور پر استعمال کرنے کے کچھ طریقے خصوصی طور پر یہودیوں پر حملہ کرنے اور انہیں غیرقانونی قرار دینے کی کوششیں ہیں۔ مثال کے طور پر غذا اسٹرپ کا وارسا کی یہودی بستی کے ساتھ موازنہ کرنے والا کارٹون اسرائیلی پالیسیوں کو برا ثابت کرنے اور ان پالیسیوں کو نازیوں کے قتل و غارت کی پالیسیوں کے مساوی قرار دے کر مناسب بحث و مباحثہ کو ختم کرنے کی واضح کوشش ہے۔ اسی طرح مارچ 2010 میں واشنگٹن ڈی سی میں ایک احتجاج کے دوران اسرائیلی جھنڈے کی شکل تبدیل کر کے اس میں اسٹار آف ڈیوڈ کی جگہ خون میں نہایا ہوا سواستیکا دکھایا گیا تھا۔

جب کوئی بھی فرد یا حکومت ہولوکاسٹ کی تصویروں اور شبیہات کو یہودیوں یا یہودی ریاست کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کرتی ہے، وہ نہ صرف اس کی دردناک یادوں کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہوتے ہيں، بلکہ وہ اس امید میں بھی ایسا کر رہے ہوتے ہيں کہ ایسی تصویروں سے ایسے افراد حرکت میں آ جائيں گے جو خود سام دشمن نہيں ہيں۔ اسرائیل کی پالیسی سے تعلق رکھنے والے ہولوکاسٹ کے شبیہات ہولوکاسٹ پر دی جانے والی توجہ کو یہودی ریاست کے لئے حسب منشا سلوک حاصل کرنے کی سازش قرار دے کر دنیا پر یہودی قبضے کی سازش کے پرانے الزامات کا فائدہ اٹھاتے ہيں (جیسے سام دشمن کتاب دا پروٹوکول آف دی ایلڈرز آف زائون میں کیا گيا ہے) اسی طرح یہ شبیہات ہولوکاسٹ سے انکار کی ان اقسام کی طرح ہیں جن میں یہ کہا جاتا ہے کہ یہودیوں نے اپنے سیاسی یا مالی مفادات حاصل کرنے کے لئے تاریخ کو غلط طریقے سے پیش کیا ہے۔

بیشتر اوقات ہولوکاسٹ کی شبیہات کا غلط استعمال کرنے والے افراد ہولوکاسٹ سے انکار کرنے والے یا سام دشمن نظریہ رکھنے والے ہوتے ہيں۔ بعض اوقات ایسا کرنے والے افراد کو معلوم نہيں ہوتا ہے کہ وہ کیا کر رہے ہيں - مثال کے طور پر اپنی اسکول کی دیوار پر سواستیکا بنانے والا طالب علم۔ اس طالب علم کو معلوم ہو سکتا ہے کہ یہ نازی علامت ہے، یا وہ اسے ممنوعہ سمجھ رہا ہو گا؛ وہ صرف بغاوت کی نیت سے بنا رہا ہو گا نہ کہ سام دشمنی کی نیت سے۔ ایسے کسی عمل کا مفہوم کسی یہودی طالب علم کے دروازے پر سواستیکا یا یہ اسٹار آف ڈیوڈ بنانے سے بہت مختلف ہے۔ یہ ہولوکاسٹ کے زمانے کے علاوہ آج کل کے دور میں نفرت کے مقاصد کے لئے استعمال کرنے کی مثال ہے۔

سواستیکا کی تاریخ بہت وسیع ہے، اسے نازیوں سے کم از کم 5،000 سال پہلے استعمال کیا گیا تھا۔ یہ ہندو مذہب، بدھ مذہب اور دوسرے ایشیائی مذاہب میں مقدس علامت سمجھا جاتا ہے اور بھارت یا انڈونیشیا میں مندروں یا گھروں میں اکثر نظر بھی آتا ہے۔ سواستیکا کی تاریخ بہت پرانی ہے، یہ عیسائیت سے قبل یورپی ثقافتوں کے کئی نمونوں پر نظر آتا ہے۔ اس تاریخ کے باوجود بھی، اس علامت کو نازی جرمنی کے ساتھ اس حد تک منسوب کیا جا چکا ہے کہ آج کل کے دوران اس کا استعمال تنازعے کا سبب ہھی بنتا ہے، چاہے اس کا مقصد نفرت پھیلانا ہو یا نہ ہو۔

ضروری نہيں ہے کہ نازی شبیہات کے استعمال کا نشانہ یہودی ہی ہوں۔ ریاستہائے متحدہ امریکہ میں سیاسی مباحثے میں ایسے حملوں کی مداخلت بہت عام ہے۔ حال ہی میں صحت کی درستگی کے متعلق عوامی مباحثے کے دوران، "موت کے پینل" کا کئی دفعہ ذکر کیا گيا تھا، اور حالیہ تجاویز کا موازنہ نازیوں کے "رحمدلانہ قتل"، یعنی کہ معذور افراد کے قتل، کے پروگرام کے ساتھ واضح اور غیرواضح موازنہ بھی کیا گیا۔ کئی ریلیوں میں، احتجاجوں نے صدر براک اوباما کی تصویروں پر ایڈولف ہٹلر کی مونچھیں بھی لگائيں۔ اسی طرح امریکہ میں غیرقانونی مہاجرین کو نشانہ بنانے والے قوانین کے مخالفین نے ان قوانین کا موازنہ نازی جرمنی میں کئے جانے والے اقدام سے کیا ہے۔ جانوروں کے حقوق کا مطالبہ کرنے والے افراد نے بھی ریاستہائے متحدہ امریکہ میں فیکٹری فارم کو نازیوں کے قتل و غارت سے مشابہت دیتے ہوئے ہولوکاسٹ کی شبیہات کا استعمال کیا ہے۔

ان حالات میں اور دیگر کئی صورتوں میں سیاق و سباق بہت اہمیت رکھتا ہے۔ نازیوں کے اخبار دیئر شٹرمر میں چھپنے والے سام دشمن کارٹونوں کو پروپگنڈے کے خطرات کے متعلق آگاہی فراہم کرنا ایک بات ہے۔ انہی کارٹونوں کا یا اس جیسی دوسری شبیہات کا استعمال کر کے اس دور میں مخالفین پر حملہ کرنا بالکل مختلف بات ہے۔ ہولوکاسٹ کی شبیہات کو حالیہ سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کرنے والے نہ صرف قتل ہونے والے لاکھوں افراد کی یادوں کی توہین کرتے ہیں، بلکہ اس کے ساتھ ساتھ حالیہ مباحثے کی اہمیت کو بھی کم کر دیتے ہيں۔

Thank you for supporting our work

We would like to thank Crown Family Philanthropies, Abe and Ida Cooper Foundation, the Claims Conference, EVZ, and BMF for supporting the ongoing work to create content and resources for the Holocaust Encyclopedia. View the list of all donors.

گلاسری