بین رومانیا میں ٹرانسیلوانیا کے کارپیتھین پہاڑوں کے ایک چھوٹے سے گاؤں میں پیدا ہوئے۔ جب وہ ایک شیرخوار بچہ تھے، اُن کا خاندان ریاستہائے متحدہ امریکہ منتقل ہو گیا۔ بنیامین ہارورڈ یونیورسٹی میں داخل ہوئے، جہاں اُنہوں نے فوجداری قانون کی تعلیم حاصل کی۔ بین نے 1943 میں ہارورڈ یونیورسٹی کے قانون کے اسکول سے گریجویشن کیا تھا۔ وہ ریاستہائے متحدہ امریکہ کے اینٹی ائیر کرافٹ توپخانہ بٹالین میں شامل ہوئے جو مشرقی یورپ میں حلیفی حملوں کے لئے تربیت حاصل کر رہی تھی۔ یورپ میں دوسری جنگ عظیم کے اختتام پر بین کو امریکی فوج کے جنگی جرائم کے تفتیشی شعبے میں منتقل کر دیا گیا۔ اُنہیں نازی جنگی مجرموں کو گرفتار کرنے اور ان کے خلاف ثبوت اکٹھا کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی۔ بالآخر وہ نیورمبرگ میں جاری عدالتی کارروائی کے آئن سیٹزگروپن مقدمہ میں ریاستہائے متحدہ امریکہ کے چیف پراسیکیوٹر بن گئے۔
کارروائی کے طور پر میں جو کرتا، میں فوری طور کیمپ میں ہونے والے واقعات کے ریکارڈ پر قبضہ کرنے کی کوشش کرتا۔ اور ہر کیمپ کا ایک دفتر تھا، ایک شرائبزٹیوب، تحریر کا دفتر۔ میں یہ کرتا کہ فوری طور شرائبزٹیوب جاتا اور پتہ لگانے کی کوشش کرتا کہ وہاں انچارج کون تھا، وہاں کیا موجود تھا اور جو چیز بھی جنگی جرائم کے خلاف مقدمہ چلانے سے متعلقہ ہوتی، اس کو قبضے میں لے لیتا۔ اور جب میں ماؤتھوسن میں شرائبزٹیوب آیا، اوہ، وہاں ایک قیدی موجود تھا جو ایک "شرائبر" تھا، [جو دفتر میں کام کرتا تھا]، جیسے کہ وہ اسے کہتے تھے، اور یہ درحقییقت کیمپ میں ایک پسندیدہ عہدہ تھا، اگر آپ ہسپتال میں یا شرائبزٹیوب میں یا باورچی خانے میں ہوں۔ اس نے کہا، "اوہ، میں آپ کا انتظار کرتا رہا ہوں"اور اس نے کہا "میرے ساتھ آئیے،" اور میں اس کے ساتھ بجلی کی باڑ کے ساتھ ساتھ باہر چلا گیا اور اس نے ایک جگہ کھودی جہاں پر اس نے ریکارڈز کا ڈبہ کھود نکالا جو وہاں رکھا تھا۔ اور وہ ریکارڈز، تمام ایس ایس کے آدمیوں کا ریکارڈ تھا--شناختی کارڈز--جو اس کیمپ میں داخل ہوئے تھے، اور جو کیمپ سے چلے گئے تھے۔ اس میں ان کی تصویر بھی تھی۔ اس پر ان کے شناختی نمبر اور پتے، تاریخ پیدائش اور اسی قسم کی دوسری چیزیں لکھی ہوئی تھیں۔ اور اس سے توقع کی جاتی تھی کہ وہ ایک نئے کارڈ کا اجراء کرنے سے پہلے یا کسی آدمی کے کیمپ چھوڑ کر جانے پر پرانے کارڈ کو ضائع کر دے گا، اور اس نے یہ نہیں کیا، اس کا مطلب ہے کہ ہر بار اس نے ان میں سے ایک ریکارڈ کو محفوظ رکھا--اور وہاں سیکنڑوں ایسے کارڈ تھے--اس نے اپنی زندگی خطرے میں ڈالی تھی۔ اور وہ یہ کرنے کے لئے تیار تھا، یہ جانتے ہوئے اور امید کرتے ہوئے کہ بدلہ اور مکافات عمل کا ایک دن ضرور آئے گا۔ اور اس نے اس دن کے لئے ان ریکارڈز کو محفوظ رکھا۔ تو میرے لئے، یہ انسانی امید، اعتماد، یقین اور جرات کی ایک عکاسی تھی جو میرے لئے انتہائی دلگداز اور ڈرامائی تھی۔
We would like to thank Crown Family Philanthropies, Abe and Ida Cooper Foundation, the Claims Conference, EVZ, and BMF for supporting the ongoing work to create content and resources for the Holocaust Encyclopedia. View the list of donor acknowledgement.