برطانوی چیف پراسیکیوٹر سر ہارٹلے شاکراس نے بین الاقوامی فوجی عدالت میں ایک حتمی درخواست پیش کی۔
ایک کروڑ بیس لاکھ مرد، عورتیں اور بچے مر گئے یا سفاکی کے ساتھ قتل کر دیے گئے، لاکھوں کروڑوں آج بھی اپنے والدین، اپنے شوہروں، اپنی بیویوں اور اپنے بچوں کے لئے ماتم کرتے ہیں۔ کسی ایسے شخص کو رحم کا کیا حق ہو سکتا ہے جس نے اس طرح کے جرم میں، چاہے بالواسطہ ہی سہی، کردار ادا کیا ہو؟ گریب کو ڈبنو کے بارے میں دوبارہ بات کرنے دیں: وہ لوگ جو ٹرکوں سے اترے- تمام عمروں کے مرد، عورتیں اور بچے- انہیں ایس ایس کے اُن اہلکاروں کے حکم پر اپنا لباس اتارنا پڑتا تھا جو گھڑ سواری یا کتوں والا ہنٹر اٹھائے رکھتے تھے۔ انھیں اپنے کپڑے مخصوص جگہوں پر اتارنے پڑتے تھے۔ اُنہیں اپنے لباس اُن جگہوں پر رکھنا پڑتے تھے جنہیں جوتوں، بالائی لباسوں اور زیر جاموں کے مطابق ترتیب دیا جاتا تھا۔ میں نے جوتوں کے 800 سے 1،000 جوڑے، زیریں جاموں اور کپڑوں کا ایک بہت بڑا ڈھیر دیکھا۔ یہ لوگ چیخے اور روئے بنا کپڑے اتار دیتے، خاندانی گروپوں میں کھڑے ہوتے، ایک دوسرے کو چومتے، خدا حافظ کہتے، اور ایک اور ایس ایس اہلکار کے اشارے کا انتظار کرتے، جو ایک گڑھے کے پاس اپنے ہاتھ میں ایک کوڑا لئے کھڑا ہوتا۔ میں پندرہ منٹ تک نزدیک کھڑا رہا۔ اس دوران میں نے کوئی شکایت یا رحم کی اپیل نہیں سنی۔ میں نے آٹھ افراد کے ایک خاندان کو دیکھا، ایک آدمی اور ایک عورت، دونوں کی عمریں تقریباً پچاس کے قریب تھیں، اپنے بچوں کے ساتھ کھڑے جو ایک، آٹھ اور دس سال کے تھے اور دو بڑی عمر کی بیٹیاں تقریباً بیس اور چوبیس سال کی تھیں۔ برف جیسے سفید بالوں والی ایک بوڑھی عورت نے ایک سالہ بچے کو اپنی بانہوں میں تھاما ہوا تھا اور اس کے لئے گانا گا رہی تھی اور اسے گدگدا رہی تھی۔ بچہ خوشی سے قلقاریاں مار رہا تھا۔ وہ جوڑا آنکھوں میں آنسوؤں کے ساتھ اُن کی جانب دیکھ رہا تھا۔ والد تقریباً دس سال کی عمر کے ایک بچے کا ہاتھ پکڑے ہوئے تھا اور اس سے نرمی کے ساتھ بات کر رہا تھا، لڑکا اپنے آنسو ضبط کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ باپ نے آسمان کی طرف اشارہ کیا، اپنے سر کو جھٹکا اور اس کے سامنے کچھ وضاحت کرنے کی کوشش کی۔ عین اس وقت گڑھے کے پاس موجود ایس ایس اہلکار نے اپنے ساتھی سے چلا کر کچھ کہا۔ اس کے ساتھی نے تقریباً بیس افراد کا شمار کیا اور انہیں زمین کے ٹیلے کے پیچھے جانے کا حکم دیا۔ ان میں وہ خاندان بھی تھا، جس کا میں نے ذکر کیا ہے۔ مجھے وہ لڑکی اچھی طرح یاد ہے، دبلی سی کالے بالوں والی، وہ جب میرے قریب سے گزری تو اپنی جانب اشارہ کیا اور کہا، 'تئیس (سال)'۔"
We would like to thank Crown Family Philanthropies, Abe and Ida Cooper Foundation, the Claims Conference, EVZ, and BMF for supporting the ongoing work to create content and resources for the Holocaust Encyclopedia. View the list of donor acknowledgement.