برتھا وولف برگ گوٹزچاک
پیدا ہوا: 22 ستمبر، 1866
کوئنیگزبرگ, جرمنی
برتھا مشرقی پرشیا کے دارالحکومت میں ایک یہودی گھرانے میں پیدا ہوئیں۔ ان کے والد کوئنیگزبرگ شہر کی کونسل میں کام کرتے تھے۔ سن 1887 میں برتھا کی شادی ھیوگو گوٹزچاک سے ہوئی اور دونوں شمالی جرمنی کے ایک قصبے شلاوے میں جا کر بس گئے۔ وہاں ھیوگو قصبے کی غلے کی مل کے مالک تھے۔ وہ دونوں اور ان کے چار بچے نہر کے پاس ایک گھر میں رہتے تھے، جس کے اطراف پھلوں کا ایک باغ اور ایک بڑا باغیچہ تھا۔
1933-39: میری بیٹی نینی اور میں برلن چلے گئے ہیں۔ ھیوگو کا 1934 میں انتقال ہو گیا تھا اور ہم شلاوے میں بڑھتی ہوئی سام دشمنی سے ڈر گئے تھے۔ ہمیں لگتا تھا کہ ایک بڑے شہر میں ہمیں کوئی نہیں پہچان سکے گا۔ لیکن نازیوں نے یہودیوں پر طرح طرح کی پابندیاں لگا دیں۔ مجھے حال ہی میں اپنا زیور اور چاندی کا سامان رجسٹر کرانا پڑا۔ میری بیٹی گرٹروڈ نے اپنی تینوں بیٹیوں کو انگلینڈ بھیج دیا ہے۔ میں بھی جانا چاہتی ہوں لیکن ویزا ملنا مشکل ہے۔
1940-42: نینی اور مجھے جلاوطن کر کے چکوسلواکیا میں تھیریسئن شٹٹ کی یہودی بستی میں بھیج دیا گیا ہے جہاں ہمیں کسی گھر کی دوسری منزل پر ایک گندا، جوؤں سے بھرا ہوا کمرا ملا ہے۔ نینی بھوسے کی تھیلیاں اٹھاتی ہے جنہيں جلا کر ہم اپنا کمرہ گرم رکھتے ہيں۔ مجھے 1941 میں امریکہ جانے کا موقع ملا تھا لیکن میں نے نینی کے بغیر جانے سے انکار کر دیا۔ شلاوے میں گزرا ہوا وقت اب بس ایک یاد بن کر رہ گیا ہے۔
برتھا کا 23 نومبر سن 1942 میں تھیریسئن شٹٹ میں انتقال ہو گیا۔