لفظ سام دشمنی کا مطلب یہودیوں کے خلاف تعصب یا نفرت ہے۔ ہولوکاسٹ، نازی جرمنی اور اس کے حلیفوں کے ہاتھوں 1933 اور 1945 کے دوران یورپی یہودیوں کی حکومت کی طرف سے دی گئی موت کی سزائیں سام دشمنی کی تاریخ میں سب سے بڑی اور اہم مثال ہے۔ 1879 میں جرمن صحافی ولہیلم مار نے سام دشمنی کی اصطلاح کی تشکیل کی۔ تاہم یہودیوں کے لئے مخصوص نفرت جدید دور اور سام دشمنی کی اصطلاح کی تشکیل سے بھی قدیم ہے۔ پوری تاریخ میں سام دشمنی کا سب سے زیادہ عام اظہار پوگروم کی شکل میں تھا جو یہودیوں کے خلاف پرتشدد ہنگامے تھے جن کی اکثر سرکاری حکام حوصلہ افزائی بھی کیا کرتے تھے۔ پوگروموں کو بھڑکانے کے لئے اکثر "خون کے بہتان" - یعنی یہودیوں کے مذہبی مقاصد کے لئے عیسائی بچوں کے خون کے استعمال کے متعلق جھوٹی افواہیں پھیلائی گئيں۔

دور جدید میں سام دشمنوں نے اپنی نفرت کے نظریہ میں ایک سیاسی جہت شامل کر دی۔ انیسویں صدی کی آخری تہائی میں سام دشمن سیاسی پارٹیاں جرمنی، فرانس، اور آسٹریا جیسے ملکوں میں وجود میں آئیں۔ شائع شدہ کتابیں جیسے زائن کے بڑوں کے پروٹوکولز نے ایک بین الاقوامی یہودی سازش کے دغاباز نظریات کے لئے تعاون فراہم کیا۔ سیاسی سام دشمنی کا ایک فعال آلہ قومیت تھی، جو غلطی سے یہودیوں کے متعلق یہ باور کرانے میں حمایت کرتی ہے کہ وہ غیر مخلص شہری ہیں۔ 1919 میں ہٹلر کی قیادت میں قائم ہونے والی نازی پارٹی نے نسل پرستی کے نظریات کو سیاسی خدوخال ديئے۔ نازی پارٹی نے بھی یہودیوں کے خلاف پروپیگنڈہ پھیلا کر شہرت حاصل کی۔