ڈاکٹروں اور نرسوں کا روایتی علاج کا کام اکثر نازی حکومت کی پالیسیوں سے متصادم ہوتا تھا۔ تاہم، جرمن طبی نگہداشت فراہم کرنے والے نازی ازم کی مدد کا ایک اہم ذریعہ بن گئے۔ طبی سائنس نے نازی نظریات کی ترقی کو متاثر کیا۔ اس کے علاوہ کئی ڈاکٹر اور نرسیں حکومت کے جرائم میں ملوث ہو گئے۔

ڈاکٹر

1933 میں نازیوں کے اقتدار میں آنے سے پہلے جرمن طبی پیشہ دنیا میں سب سے زیادہ ترقی یافتہ اور قابل احترام تھا۔ اس وقت بہت سے جرمن ڈاکٹر "نسلی حفظان صحت" یا یوجینکس (انسانی نسل کی اصلاح) پر یقین رکھتے تھے۔ نازیوں نے جوش و خروش سے ان خیالات کو قبول کیا۔

تمام جرمن ڈاکٹروں میں سے تقریباً نصف 1933 اور 1945 کے درمیان نازی پارٹی اور اس کی تنظیموں کے رکن بنے۔ کچھ جرمن معالجین نے نازی حکومت کا خیرمقدم کیا کیونکہ اس نے "نسلی حفظان صحت" کے بارے میں ان کے عقائد کی حمایت کی۔ دوسروں نے اپنے کیریئر کو آگے بڑھانے کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے شمولیت اختیار کی۔ بہت سے ڈاکٹروں نے سرگرم یا غیر فعال طور پر حکومت کی طرف سے اپنے یہودی ساتھیوں کی برطرفی اور اپنے پیشے کی "آریانائزیشن" سے فائدہ اٹھایا۔

جرمن ڈاکٹروں اور طبی سائنسدانوں نے نازی جرمنی کے نسلی قوانین کی تشکیل میں مدد کی۔ بہت سے لوگ نازی جرائم میں ملوث ہوئے۔ نازی حکومت نے اپنی نسلی تعریفوں کو تشکیل دینے اور اپنی امتیازی پالیسیوں کو معقول بنانے کے لیے طبی تحقیق کا استعمال کیا۔ بہت سے ڈاکٹروں نے زبردستی نس بندی، انسانی تجربات، یا دماغی اور جسمانی معذوری والے لوگوں کی نام نہاد "یوتھنیزیا (رحمدلانہ موت)" میں حصہ لیا۔

رابرٹ واگیمان بتاتے ہیں کہ جب اُن کی والدہ کو خدشہ ہوا کہ رابرٹ کو رحمدلانہ موت دی جانے والی ہے تو وہ کلینک سے بھاگ گئیں

نرسیں

1933 میں نازیوں کے اقتدار میں آنے پر عیسائی نرسوں کی انجمنوں کا جرمن نرسنگ پر غلبہ تھا۔ اس وقت نرسنگ کو پیشہ ورانہ کیریئر سے زیادہ روحانی دعوت یا عوامی خدمت سمجھا جاتا تھا۔ نازی حکومت نے جرمنی کی پیشہ ورانہ نرسنگ ایسوسی ایشنز کو دوبارہ منظم کیا۔ اس نے یہودی نرسوں پر پابندی لگا دی اور رکنیت کو سیاسی اعتبار سے قابل اعتماد "آریاؤں" تک محدود کر دیا۔ نازی پروپیگنڈے نے اس خیال کو فروغ دیا کہ نرسنگ ریاست کے لیے ایک محب وطن خدمت ہے۔ نازی نرسوں کی انجمنوں نے عسکری فرض اور فرمانبرداری کی اقدار کی حوصلہ افزائی کی۔ نرسنگ اسکولوں نے نسل اور یوجینکس پر کلاسوں کے ذریعے طالب علموں کو نازی نظریے کی طرف راغب کرنا شروع کیا۔

بہت سی نرسیں جنہوں نے لازمی طور پر نازی حکومت کی حمایت نہیں کی تھی وہ بھی اپنے معمول کے روزمرہ کے کام کے دوران اس کی امتیازی اور قاتلانہ پالیسیوں پر عمل پیرا تھے۔ نرسیں ڈاکٹروں کے مقابلے میں مریضوں کے ساتھ زیادہ کثرت سے اور براہ راست رابطہ رکھتی تھیں اور انہوں نے ہی اصل میں حکومت کی طبی پالیسیوں کا اطلاق کیا۔ نرسوں نے حکومت کے نام نہاد "رحمدلانہ موت" پروگرام میں مرکزی کردار ادا کیا۔ اس پروگرام کے تحت تقریباً 250,000 بچوں اور بالغوں کو قتل کیا گیا جو ذہنی اور جسمانی طور پر معذور تھے۔ انہیں بھوکا رکھ کر، مہلک انجکشن دے کر یا گیس کے ذریعے ہلاک کیا گیا تھا۔