ایرن لیجزیرووچ
پیدا ہوا: 23 مارچ، 1919
زھیٹل, پولینڈ
ایرن پولینڈ کے شمال مشرق میں واقع زھیٹل نامی ایک بستی میں رہنے والے ایک پہودی خاندان کے چار بچوں میں سے ایک تھا۔ اس کے والد موچی تھے اور ان کی شہر میں اپنے پارٹنر کے ساتھ جوتوں کی ایک دوکان بھی تھی۔ ایرن ایک نجی یہودی اسکول جاتا تھا جہاں اس نے پولش زبان اور تاریخ کے علاوہ یہودی تاریخ اور عبرانی زبان سیکھی۔
1933-39: یکم ستمبر1939 کو جرمن افواج نے پولینڈ پر حملہ کر دیا۔ تین ہفتے بعد پولینڈ کو دو حصے کر کے جرمنی اور سوویت یونین میں تقسیم کر دیا گیا [جرمن سوویت معاہدے کے تحت]۔ ہم خوش قسمت تھے۔ زھیٹل مشرقی حصے میں تھا جو سوویت قبضے میں تھا۔ لہذا ہم نے 1939 میں کسی جرمن کو نہیں دیکھا۔ ہم یہودیوں کے ساتھ جرمنوں کے برتاؤ کے بارے میں کہانیاں سنتے تھے اور روسیوں کو دیکھ کر کافی خوش تھے۔ ہمارے والد نے ہمیں مشورہ دیا کہ جنگ کے دوران درزی کا کام اور موچی کا کام دو ایسے پیشے تھے جن کی جنگ کے دوران ضرورت تھی۔
1940-44: جون 1941 میں جرمنی نے سوویت یونین پر حملہ کر دیا۔ 1942 کے اوائل میں جرمنوں نے زھیٹل میں ایک یہودی بستی قائم کی اور 6 اگست کو انہوں نے اسے ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔ صبح 4 بجے ہم نے لوگوں کو بھاگتے ہوئے سنا؛ جرمن اور نشے میں دھت لتھوانیائی لوگوں نے شہر کو گھیر لیا تھا۔ ہمیں ایک قبرستان میں لے جایا گیا اور چہرہ نیچے کر کے لیٹ جانے کو کہا گیا۔ پیشہ ور لوگوں کو پکارا گیا: "بڑھئی! لوہار!" جب موچیوں کا نام پکارا گیا تو میں نے اپنا ہاتھ اٹھا دیا اور میرا سر بدستور نیچے رہا۔ ایک سپاہی نے مجھے رائفل سے ٹھوکر ماری اور اٹھنے کیلئے کہا۔ میں ان لوگوں میں شامل تھا جنہیں جلاوطن کر کے کام کے ایک کیمپ میں لے جایا گیا۔ باقی لوگوں کو گولی مار دی گئی۔
بعد میں ایرن بھاگ کر سوویت حامیوں میں شامل ہو گیا۔ جولائی 1944 میں وہ سوویت فوج میں بھرتی ہو گیا اور جولائی 1944 میں جب جنگ ختم ہوئی تو وہ جرمنی میں تھا۔ 1947 ميں وہ ہجرت کر کے امریکا چلا گیا۔