ایتھل اسٹرن
پیدا ہوا: 1919
وارسا, پولینڈ
ایتھل وارسا میں رہنے والے ایک یہودی خاندان میں پیدا ہوئیں۔ جب وہ 9 برس کی تھیں تو اُن کا خاندان وارسا کے جنوب مغرب میں 40 میل دور واقع قصبے موگیلنیکا میں منتقل ہو گیا۔ ایتھل کے والد کا زیادہ وقت مذہبی مضامین پڑھنے میں گذرتا تھا جبکہ اُن کی والدہ ایک شراب کی دوکان چلاتی تھیں۔ ایتھل دن کے وقت سرکاری اسکول جاتی تھیں اور شام کے وقت مذہبی تعلیم حاصل کرتی تھیں۔
1933-39 : ایتھل ہمیشہ سے ایک استانی بننا چاہتی تھیں۔ 14 برس کی عمر میں لوڈز میں مذہبی اسکول سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد اُنہوں نے کالسز کے قصبے میں پڑھانا شروع کر دیا جہاں اُن کے بھائی رہتے تھے۔ وہاں رشتہ کرانے والے ایک شخص نے اُن کی ملاقات زلمان بروکمین سے کرائی جنہوں نے پہلے اپنے ربی سے اور پھر ایتھل کے والد سے ایتھل سے شادی کرنے کی اجازت حاصل کی۔ 1939 میں اُن کی شادی ہو گئی۔ جب ستمبر میں جنگ شروع ہو گئی تو ایتھل موگیلنیکا واپس چلی آئیں۔ وہ اُس وقت چھ ماہ کی حاملہ تھیں۔
1940-44 : ایتھل نے جنوری 1940 میں وارسا میں ایک بچے کو جنم دیا۔ نومبر تک وارسا کے یہودیوں کو گھیٹو میں محدود کر دیا گیا۔ ایتھل کے شوہر نے سونے کے ٹکڑے دے کر کھانا اور دوسرا سامان خریدا۔ 1942 کے آخر میں جب وسیع پیمانے پر جلاوطنیاں شروع ہو گئیں تو جن کے پاس سلائی کی مشینیں تھیں، اُنہیں ایک فیکٹری میں روک لیا گیا تاکہ وہ فوجی وردیاں سی سکیں۔ لہذا ایتھل کے شوہر نے دو سلائی کی مشینیں خریدیں۔ ایتھل نے اُس وقت تک فیکٹری میں کام کیا جب 1943 میں اسے بند کر دیا گیا۔
مئی 1943 میں گارمنٹ فیکٹری میں کام کرنے والوں کو لوبلن کے قریب ٹرونیکی مزدور کیمپ میں جلاوطن کر دیا گیا۔ اس کے بعد سے ایتھل کے بارے میں کوئی خبر نہیں ملی۔