جینو نیمیتھ
پیدا ہوا: 5 اپریل، 1868
راکوکزیفالفا, ہنگری
جینو زولنوک نامی شہر کے قریب ایک چھوٹے سی فارمنگ کمیونٹی سے زينٹیس منتقل ہوئے تھے، جہاں وہ اور ان کے دونوں بھائی، یہودی والدین کے گھر پیدا ہوئے۔ جینو کریانے اور ہارڈویئر کی دکان کے مالک تھے۔ وہ جنوب مشرقی ہنگری میں زينٹیس نامی قصبے میں رہتے تھے۔ جینو اور ان کی بیوی جولیانا کی دونوں بیٹیوں، باربرا اور مارگیٹ کی شادی ہو چکی تھی۔ ان کا بیٹا ڈیسائڈر زینٹیس میں دانتوں کا ڈاکٹر تھا۔
1933-39: میری بیوی اور میں دکان میں بہت محنت سے کام کرتے ہيں۔ 1930 کی دہائی کے اقتصادی انحطاط نے بہت تباہی مچائی لیکن اب صورت حال بہتر ہو رہی ہے۔ ڈیسائيڈر کی شادی ہو گئی ہے اور اب ہماری ایک پوتی بھی ہے جس کا نام ماریہ ہے۔ باربرا شادی کے بعد ٹوروکزینٹمیکوز چلی گئی تھی، لیکن اس کی طلاق ہو چکی ہے اور وہ اپنے بیٹے کے ساتھ زینٹیس واپس آ گئی ہے۔ وہ ہمارے ساتھ دکان میں کام کرتی ہے۔
1940-44: جرمن افواج نے مارچ 1944 میں ہنگری پر قبضہ کیا تھا اور اب پانچ ماہ ہو گئے ہیں۔ ہنگری کی فاشست پارٹی ایروکروس کے ممبران نے ہماری دکان اور گھر پر قبضہ کر لیا۔ اب میری بیوی جولیانا، ہمارے بچے اور ان کے گھر والے، ہمارے چند سسرالی اور میں زیگیڈ کے اطراف کے ان قصبوں میں رہنے والے ہزاروں یہودیوں میں شامل ہیں جنہیں زیگیڈ کے کھیل کے میدان اور اینٹوں کے یارڈ میں ایک عارضی یہودی بستی میں جلاوطن کر دیا گیا ہے۔ ہمیں ٹرین میں بٹھا کر سٹراس ہاف مشقت کے کیمپ کے ذریعے گوئیسٹلنگ آن ڈر یبس نامی آسٹرین گاؤں بھیج دیا گیا۔
امریکی افواج کے پہنچنے سے چند ہی دن قبل پسپا ہونے والے ایس ایس کے فوجیوں نے کیمپ میں رہنے والے 80 یہودیوں کو مشین گن سے گولی مار کر ہلاک کر دیا جس میں جینو اور ان کے گھر والے بھی شامل تھے۔