روتھ (ھپرٹ) ایلیاس

روتھ (ھپرٹ) ایلیاس

پیدا ہوا: 6 اکتوبر، 1922

موراوسکا اوسٹراوا, چیکوسلواکیہ

روتھ موراوسکا اوسٹراوا میں پلی بڑھیں۔ یہ شہر موراویا علاقے میں واقع تھا اور یہاں چیکوسلواکیہ کی تیسری سب سے بڑی یہودی آبادی تھی۔ جب روتھ ابھی بچی ہی تھیں تو اُن کے والدین میں طلاق ہو گئی۔ وہ اور اُن کی بہن ایڈتھ اپنی دادی کے پاس چلی گئیں اور پھر بعد میں وہ اپنے چچا کے پاس چلی گئیں۔ تاہم اُنہوں نے اپنے والد کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھا۔ روتھ نے پیانو بجانے کی تربیت حاصل کی اور اُن کی خواہش تھی کہ وہ پراگ میں موسیقی کی اکادمی میں داخلہ لیں۔

1933-39 : مارچ 1939 میں بوھیمیا اور موراویا پر جرمن قبضہ ہو گیا اور اُنہیں جرمن ماتحت علاقہ قرار دے دیا گیا۔اُس سال موسم خزاں کے دوران شہر میں موجود کام کے قابل یہودی افراد کو جبری مشقت کیلئے رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا۔ روتھ کے والد بچ کر برنو میں اپنی بہن کے ہاں پہنچ گئے اور اُنہوں نے روتھ اور ایڈتھ کیلئے ایک چچی کے ہاں جانے کا انتظام کیا جو ویسکوو میں رہتی تھیں۔ ایک ماہ بعد اُنہوں نے اپنے بچوں کو بلا لیا اور ایک چیک کسان کو رقم ادا کر کے اپنے اور اپنی بیٹیوں کیلئے برنو کے نزدیک ایک کھیت میں کام کرنے کی اجازت حاصل کر لی۔

1940-45 : روتھ کو 1942 میں تھیریسئن شٹٹ گھیٹو میں جلاوطن کر دیا گیا جہاں اُنہوں نے شادی کر لی۔ ایک برس کے بعد جب وہ حاملہ تھیں، اُنہیں جلاوطن کر کے آشوٹز بھجوا دیا گیا۔ جب روتھ نے ایک بچی کو جنم دیا تو ایس ایس کے ڈاکٹروں نے حکم دیا کہ اُن کی چھاتیوں پر طبی تجربات کی خاطر رسی باندھ دی جائے تاکہ یہ دیکھا جا سکے کہ اُن کی بچی خوراک کے بغیر کب تک زندی رہ سکتی ہے۔ روتھ خفیہ طور پر روٹی کو پانی میں بھگو کر اپنی بچی کو کھلاتی رہیں لیکن اُن کی بچی کمزور ہو گئی اور اُس کا پیٹ بھوک کے باعث پھول گیا۔ کیمپ میں موجود ایک قیدی ڈاکٹر نے روتھ کو راضی کر لیا کہ بچی کو مورفین کا ٹیکہ لگا کر موت کی نیند سلا دیا جائے کیونکہ اُس کا زندہ رہنے کا کوئی امکان نہیں تھا۔

روتھ کو جرمنی کے شہر لیپزیگ کے نزدیک واقع ایک مزدور کیمپ میں امریکی فوجیوں نے آزاد کرا لیا۔ جنگ کے بعد اُنہوں نے دوبارہ شادی کر لی اور وہ پراگ میں رہنے لگیں۔ اُنہوں نے 1949 میں اسرائیل ہجرت کر لی۔

Thank you for supporting our work

We would like to thank Crown Family Philanthropies and the Abe and Ida Cooper Foundation for supporting the ongoing work to create content and resources for the Holocaust Encyclopedia. View the list of all donors.