یانوس کورجیک (Janusz Korczak)
یانوس کورجیک ایک معروف ڈاکٹر اور مصنف تھے جنہوں نے 1911 سے 1942 تک وارسا میں ایک یہودی یتیم خانہ چلایا۔ کورجیک اور ان کا عملہ اپنے بچوں کے ساتھ ہی رہے یہاں تک کہ جرمن حکام نے ان سبھی کو موت کے گھاٹ اتارنے کے لیے اگست 1942 میں ٹریبلنکا بھیج دیا۔
یانوس کورجیک پولینڈ کے ایک یہودی ڈاکٹر اور مصنف ہینریک گولڈزمٹ کا قلمی نام تھا۔ گولڈزمٹ نے پہلی بار 1900 کی دہائی کے اوائل میں بچوں کے لیے کہانی کی کتابیں اور بالغوں کے لیے بچوں کی دیکھ بھال کی کتابیں لکھ کر شہرت حاصل کی۔ 1870 کی دہائی کے اواخر میں وارسا میں پولینڈ کے ایک انتہائی ضم شدہ یہودی گھرانے میں پیدا ہونے والے گولڈزمٹ نے بچوں کے ڈاکٹر کی حیثیت سے ٹریننگ لی۔ انہوں نے بچوں کو پروان چڑھانے کے بارے میں نمایاں خیالات کو فروغ دیا، بڑوں پر زور دیا کہ وہ ان کے ساتھ محبت اور احترام دونوں کے ساتھ برتاؤ کریں۔ بطور مصنف جیسے جیسے ان کی ساکھ بڑھتی گئی، گولڈزمٹ پورے پولینڈ میں یانوس کورجیک کے نام سے مشہور ہونے لگے۔
1911 میں کورجیک نے وارسا میں ایک نئے یہودی یتیم خانے کی سربراہی کی۔ کئی دہائیوں تک وہ اور ان کی قریبی ساتھی اسٹیفانیا "اسٹیفا" ولجیسکا نے بچوں کی پرورش کے بارے میں کورجیک کے فلسفے کے مطابق چلڈرنز ہوم چلایا۔ گھر کے ہر بچے کے فرائض اور حقوق تھے اور ہر کوئی اپنے اعمال کا ذمہ دار تھا۔ یہ گھر خود ہی "بچوں کی جمہوریہ" کے طور پر چلایا جاتا تھا۔ نوجوان مکینوں نے شکایات سننے اور انصاف فراہم کرنے کے لیے باقاعدگی سے ایک عدالت کا انعقاد کیا۔
کورجیک نے گھر کے بچوں کو Mały Przegląd (چھوٹا جرنل) کو تیار کرنے میں مرکزی کردار بھی فراہم کیے۔ Mały Przegląd پولش زبان کے صہیونی اخبار، Nasz Przegląd (ہمارا جرنل) میں شائع ہونے والا ایک باقاعدہ ضمیمہ تھا۔ اس وقت کے بہت سے دوسرے بچوں کے رسالوں کے برعکس بچے خود ان موضوعات کا انتخاب کرتے جن کے بارے میں وہ لکھتے تھے اور اس بات کا تعین کرتے تھے کہ ان کے اخبار کے صفحات میں کیا نظر آئے گا۔
کورجیک کے قومی پروفائل میں اضافہ ہوا جب انہوں نے "پرانے ڈاکٹر" کے نام سے ریڈیو نشریات شروع کیں۔ انہوں نے کہانیاں پڑھیں، بچوں کا انٹرویو کیا اور سرسری انداز میں لیکچر دیا جس نے ان کے ہفتہ وار شو کو بچوں اور بڑوں دونوں میں مقبول بنا دیا۔ 1930 کی دہائی کے وسط میں پولینڈ میں بڑھتی ہوئی سام دشمنی کی وجہ سے کورجیک کو یہ عہدہ گنوانا پڑا۔ تاہم، انہوں نے یکم ستمبر، 1939 کو پولینڈ پر جرمنی کے حملے کے بعد کے ہفتوں کے دوران مختصر طور پر پابندی کے ساتھ نشریات پیش کیں۔ کورجیک نے اس ماہ کے آخر میں نازی جرمنی اور سوویت یونین کے ذریعہ پولینڈ کی تقسیم تک اپنے سامعین کی حوصلہ افزائی اور یقین دہانی کرانے کی کوشش کی۔
1940 کے موسم خزاں میں جرمن حکام نے وارسا میں ایک یہودی بستی بنائی۔ یہودی کمیونٹی کو دیوار کی تعمیر کے لیے ادائیگی کرنے پر مجبور کیا گیا تھا جس نے اس علاقے کو شہر کے باقی حصوں سے الگ کر دیا تھا۔ حد سے زیادہ بھیڑ بھاڑ اور کم سپلائی والی یہودی بستی کے حالات غیر معمولی طور پر مشکل طلب تھے۔ بھوک اور بیماری کی وجہ سے درجنوں ہزار موتیں ہوئیں، جس کے سبب بہت سے بچے یتیم اور لاوارث ہو گئے۔
کورجیک کی یہودی بستی کی ڈائری میں ان کی زیر نگرانی بچوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے لیے خوراک اور ادویات فراہم کرنے کی خاطر ان کی مسلسل جدوجہد کو درج کیا گیا ہے۔ حالانکہ وہ خود اپنی صحت کے ساتھ جدوجہد کر رہے تھے، لیکن کورجیک نے اپنا زیادہ تر وقت عطیات حاصل کرنے اور چلڈرنز ہوم کھانا لے جانے میں گزارا۔ ان کی ڈائری میں اس بات کی بھی وضاحت کی گئی ہے کہ کس طرح سے انہوں نے بچوں کی ذہنی اور جذباتی بہبود کو محفوظ رکھنے کی کوشش کی۔ مختصر سے عملے نے یہودی بستی کے خراب حالات میں بھی گھر کے معمول اور روزمرہ کے معمولات کو برقرار رکھنے کی پوری کوشش کی۔ انہوں نے بچوں کی توجہ ان کی پڑھائی پر مرکوز رکھی اور لیکچرز، کنسرٹس اور تھیٹر پرفارمنس کا اہتمام کیا۔
جولائی 1942 کے اواخر میں جرمنی کے حکام نے وارسا کی یہودی بستی سے لاکھوں یہودیوں کو بڑے پیمانے پر ملک بدر کرنا شروع کیا تاکہ انہیں ٹریبلنکا قتل گاہ میں موت کے گھاٹ اتارا جائے۔ یہودی بستی سے باہر کورجیک کے پولینڈ کے دوستوں نے انہیں چھپا کر یا جعلی شناختی دستاویزات فراہم کر کے ملک بدری سے بچنے میں مدد کرنے کی پیشکش کی۔ تاہم، کورجیک نے وہاں سے جانے پر غور نہیں کیا۔ انہوں نے اور ان کے عملے نے فیصلہ کیا کہ وہ خود کو بچانے کی کوشش نہیں کریں گے۔ اس کے بجائے جب تک ممکن ہو وہ بچوں کی دیکھ بھال کرتے رہیں گے۔
اگست 1942 کے اوائل میں جرمنی کے حکام نے وارسا کی یہودی بستی کے اندر موجود چلڈرنز ہوم کے سبھی رہائشیوں کو ملک بدر کر دیا۔ 5 یا 6 اگست کی صبح جرمن پولیس اچانک پہنچی اور کورجیک کے عملے سے اپنی عمارت خالی کرنے کو کہا۔ کورجیک، ولجیسکا اور باقی مختصر سے عملے نے جلدی سے بچوں کو باہر ایک جگہ پر جمع ہونے کو کہا۔ اپنے پُرعزم کیئر ٹیکر کی مدد کے ساتھ تقریبا دو سو بچے یہودی بستی کی بھیڑ بھاڑ والی گلیوں سے گزرتے ہوئے Umschlagplatz (ملک بدری والی جگہ) تک پہنچے۔ کورجیک اور عملے نے کوشش کی کہ بچے خوفزدہ نہ ہوں۔ عینی شاہدین کے بیانات کے مطابق یہودی بستی میں گروپ مارچ منظم اور با احتیاط تھا۔
ان کے Umschlagplatz پہنچنے پر کورجیک اور ان کا عملہ بچوں کے ساتھ ٹرین کارز میں سوار ہوئے۔ یہ ٹرینیں ملک بدر لوگوں کو ٹریبلنکا قتل گاہ تک لے گئیں جو وارسا کے شمال مشرق میں تقریبا ساٹھ میل کے فاصلے پر موجود تھا۔ ان گرم اور حد سے زیادہ بھیڑ بھاڑ والی مویشیوں کی پوری طرح بھری ہوئی بکس کاروں میں حالات کم خوراکی کے شکار اور بیمار لوگوں کے لیے انتہائی خطرناک تھے۔ ان ملک بدر کرنے والی ٹرینوں میں بہت سے افراد جاں بحق ہوئے۔ تقریباً تمام یہودی جو 1942 کے موسم گرما میں وارسا کی یہودی بستی سے ٹریبلنکا تک کے مہلک سفر میں زندہ بچ گئے تھے، انہیں آمد کے فورا بعد قتل کردیا گيا تھا۔ بچے اور ان کی دیکھ بھال کرنے والے تقریباً سبھی افراد ٹریبلنکا پہنچنے والے دن ہی ہلاک کر دیے گئے تھے۔
مصنف، ڈاکٹر اور بچوں کے حقوق کے چیمپیئن کی حیثیت سے یانوس کورجیک کا کیریئر آج بھی اساتذہ اور بچوں کی دیکھ بھال کے ماہرین کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ کورجیک کو اپنی پولینڈ کی قومیت اور اپنی یہودی شناخت پر یکساں طور پر فخر تھا۔ پولینڈ اور یہودی برادریوں میں ان کی زندگی کے کام اور اپنی دیکھ بھال میں موجود بچوں کے لیے دی جانے والی قربانیوں کی وجہ سے انہیں یکساں طور پر سراہا جاتا ہے۔