سیجا اسٹوجکا
پیدا ہوا: 1933
کروباتھ بے نیٹلفیلڈ, آسٹریا
سیجا چھ بچوں میں سے پانچویں نمبر پر رومن کیتھولک خانہ بدوش والدین کے ہاں پیدا ہوئیں۔ اسٹوجکا کے خاندان کی ویگن ایک قافلے کے ساتھ سفر کرتی تھی جو موسم سرما آسٹریا کے دار الحکومت ویانا میں اور موسم گرما آسٹریا کے دیہی علاقوں میں گزارتا تھا۔ اسٹوجکا کا تعلق ایک لووارا روما نامی خانہ بدوش قبیلے سے تھا جو گھوڑے بیچ کر گزارا کرتا تھا۔
1933-39ء: میں آزادی، سفر اور مشقت کے ماحول میں پلی بڑھی۔ ایک بار میرے والد نے ایک ٹوٹے ہوئے سائبان کے کچھ مواد سے میرے لئے ایک اسکرٹ بنایا۔ جب میں 5 سال کی تھی، موسم سرما میں ہماری ویگن ویانا کے ایک کیمپ گراؤنڈ میں کھڑی تھی ۔ اُس وقت جرمنی نے مارچ 1938ء میں آسٹریا پر قبضہ کر لیا تھا۔ جرمنوں نے ہمیں اسی جگہ ٹھہرنے کا حکم دیا۔ میرے والدین کو اپنی ویگن ایک لکڑی کے گھر میں بدلنا پڑی اور کھلی آگ پر کھانے پکانے کے بجائے ہمیں چولھے پر کھانا بنانا سیکھنا پڑا۔
1940-44ء: خانہ بدوشوں کو دیگر "نسل" کے اراکین کے طور پر رجسٹر کرانے پر مجبور کردیا گیا۔ ہمارے کمیپ گراؤنڈ کے گرد باڑ لگا دی گئی اور ہمیں پولیس کی زیر نگرانی رکھا گیا۔ میں 8 سال کی تھی جب جرمن میرے والد کو لے گئے؛ کچھ مہینوں کے بعد میری ماں نے ان کی راکھ ایک ڈبے میں وصول کی۔ پھر جرمن میری بہن کیتھی کو لے گئے۔ بالآخر انہوں نے ہم سب کو برکیناؤ میں خانہ بدوشوں کیلئے ایک نازی کیمپ میں جلا وطن کر دیا۔ ہم لاشوں کی بھٹی کے دھوئیں کے سائے میں رہے، ہم نے اپنی بیرکوں کے سامنے والے راستے کا نام "جہنم کی شاہراہ" رکھا تھا کیونکہ یہ راستہ گیس چیمبر کی طرف جاتا تھا۔
سیجا کو 1945ء میں برجن بیلسن کیمپ میں آزادی مل گئی۔ جنگ کے بعد اُنہوں نے ہولوکاسٹ کے بارے میں لووارا جپسی گانے تحریر کئے اور اُنہیں نشر کیا۔