ہانز ہائیمین
پیدا ہوا: 28 مئ، 1920
ویانا, آسٹریا
ہانز آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں ایک یہودی گھرانے میں پیدا ہوئے۔ اُن کے والدین کی زنانہ ٹوپیوں کی برآمد کی بہت کامیاب دکان تھی اور وہ کئی مختلف ممالک میں اپنا سامان بیچا کرتے تھے۔ بچپن میں ہانز ایک نجی پری اسکول جاتے تھے جہاں انگریزی اور جرمن دونوں ہی زبانوں میں تعلیم دی جاتی تھی۔
1933-39: 1938 میں جب جرمنی نے آسٹریا پر قبضہ کر لیا، میں بزنس اسکول میں تعلیم حاصل کر رہا تھا۔ ہم نے اپنے گھر کی کھڑکی سے ہٹلر کی قیادت میں جرمن افواج کو ویانا میں داخل ہوتے ہوئے دیکھا۔ مجھے اسکول سے نکال دیا گيا۔ دو ہفتے بعد جرمنوں کے متعین کئے گئے آسٹرین شخص نے ہمیں بتایا کہ اسے ہمارا کاروبار بند کرنے کی ہدایات ملی تھیں۔ میرے والدین کو جرمنی میں اپنا مستقبل تاریک دکھائی دینے لگا اور انہوں نے جرمنی چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا۔ ہم 1939 میں اٹلی چلے گئے۔
1940-45: میرے گھر والے جینوا جا کر بس گئے۔ 1940 میں ایک روز دو اطالوی پولیس والے ہمارے پاس آئے اور ہميں بتایا کہ ہمیں یہودی ہونے کی وجہ سے حراست میں لیا جا رہا ہے۔ "بے فکر رہو" وہ کہہ رہے تھے "ہم انسان ہیں۔ جانور نہيں ہيں۔ ہم جرمن نہيں ہيں۔" اطالوی ہمیں کمپانا نامی گاؤں لے گئے اور ایک مہینے بعد ہمیں مرکزی اٹلی میں واقع مقام ٹورٹوریٹو پہنچا دیا گیا۔ ہمیں ایک ہوٹل میں رکھا گيا جس سے سمندر بھی نظر آتا تھا اور ہمیں گھومنے پھرنے کی آزادی تھی۔ ہم فلمیں دیکھنے بھی جا سکتے تھے اور ہمیں جیب خرچ بھی دیا جاتا تھا۔ 1943 میں ہمیں برطانوی فوج نے آزاد کرا لیا۔
جنگ ختم ہونے تک ہانز حامیوں کے لئے ترجمان کا کام کرتا رہا۔ پھر اُنہوں نے تین سال تک یہودی پناہ گزینوں کو خفیہ طریقے سے فلسطین پہنچانے کے لئے جہازوں کا انتظام کیا۔