جوزف وون ہوپین والڈ ہورن
پیدا ہوا: 14 نومبر، 1930
پیرس, فرانس
جوزف مہاجر یہودی والدین کے گھر پیدا ہونے والے تینوں بچوں میں سے سب سے چھوٹا تھا۔ اس کے والد کی پیدائش پولینڈ میں ہوئی تھی، اور وہ آسٹرو ہنگری فوج کے سابقہ افسر تھے۔ پہلی جنگ عظیم کے دوران، ان کی ملاقات ہنگری میں پیدا ہونے والی جوزف کی والدہ سے ہوئی، اور ان دونوں نے شادی کر لی۔ جوزف کی پرورش ایک مذہبی گھرانے میں ہوئی تھی، اور وہ فرانسیسی زبان بولتے ہوئے بڑا ہوا تھا۔
1933-39: میری والدہ کہتی ہیں کہ پیرس ان کے گاؤں سے بہتر ہے جہاں وہ بڑی ہوئی تھیں۔ میری والدہ ٹوٹی پھوٹی فرانسیسی بولتی ہیں، لیکن میں اور میری بڑی بہنیں روانی سے فرانسیسی زبان بولتے ہوئے بڑے ہوئے ہيں۔ میں ایک خاص پبلک اسکول جاتا ہوں، جو روتھس چائلڈ خاندان کے مالی تعاون سے چلتا ہے۔ میرے والد کہتے ہیں کہ جرمنی میں یہودیوں کے ساتھ جو زیادتی ہو رہی ہے، وہ یہاں ہمارے ساتھ نہیں ہو گی۔
1940-44: میں پیرس سے فرار ہوچکا ہوں، اور میں اب اپنے ایک دوست کی بہن کے ساتھ رہ رہا ہوں، جو مجھے مشرقی فرانس میں واقع سیس میں اپنے فارم میں چھپنے کی اجازت دے رہی ہے۔ تقریبا ایک سال پہلے جب میری عمر 9 سال تھی، جرمن افواج نے پیرس پر قبضہ کر لیا تھا۔ شروع میں مجھے کوئی خطرہ نہيں تھا۔ میرے والدین بیرون ملک پیدا ہوئے تھے، اور انہيں فوری طور پر جلاوطن کرنے کا خطرہ تھا، لیکن میں فرانسیسی شہری تھا۔ 1941 میں میرے والد کو جلاوطن ک دئے جانے کے بعد میں پیرس سے فرار ہو گیا۔ میرے پاس جعلی کاغذات ہيں؛ میرا نیا نام جورجس گیورن ہے۔ میری بہنوں کے پاس بھی جعلی شناخت ہے اور انہيں قریبی الینکن میں دفتروں میں ملازمت مل گئی ہے۔
الینکن میں جوزیف کی بہنوں کو پکڑلیا گیا اور انہيں تحویل میں لے لیا گیا۔ جوزیف جنگ کے اختتام تک چھپنے میں کامیاب رہا اور 1949 میں ہجرت کرکے ریاستہائے متحدہ امریکہ چلاگیا۔