لیانے رائیف
پیدا ہوا: 14 نومبر، 1934
ویانا, آسٹریا
پولینڈ میں پیدا ہونے والی لیانے کے والدین کی شادی ویانا میں ہوئی تھی جہاں وہ دریائے دنوبے کے قریب واقع درمیانے طبقے کے علاقے میں 14 کمروں کے ایک فلیٹ میں رہتے تھے۔ لیانے کے والد ایک دندان ساز تھے اور ان کا دفتر ان کے گھر میں تھا۔
1933-39: سن 1938 میں آسٹریا کی جرمنی میں شمولیت کے بعد میرے والد مردہ حالت میں ملے۔ شاید انہوں نے خودکشی کی تھی۔ مئی 1930 میں جنگ شروع ہونے سے 4 ماہ پہلے میری والدہ نے کیوبا جانے والے سینٹ لوئیس نامی ایک بحری جہاز پر سفر کا انتظام کیا۔ لیکن کیوبا کے حکام نے جہاز کو واپس بھیج دیا۔ جہاز پر سوار دوسرے پناہ گزینوں کے ساتھ میری والدہ، میرا بھائی اور میں فرانس کے شہر بولونگ میں اتر گئے اور پھر ہمیں جنوب میں لوڈن بھیج دیا گیا۔
1940-44: جرمنوں نے فرانس پر حملہ کیا۔ ہم جلدی سے لموجس جانے والی ایک ریل گاڑی پر سوار ہو گئے جس پر ابھی تک جرمنوں نے قبضہ نہیں کیا تھا۔ پہلے ہم ایک اسٹیڈیم میں رہے جو سرکس کے تماشے پیش کرنے کیلئے استعمال کیا جاتا تھا۔ ادھر ہم پتھروں کی بنی ہوئی بے سایہ نشستوں کی قطاروں میں سویا کرتے تھے۔ ہمیں برائے نام کھانا ملتا تھا؛ دن بھر میں مجھے صرف تھوڑا سا دودھ، بھورے رنگ کی ابلی ہوئی دال اور ایک دن پرانی روٹی ملتی تھی۔ کبھی کبھار آلو یا ایک انڈا مل جایا کرتا تھا۔ میری چھٹی سالگرہ پر میری والدہ نے مجھے سب سے پیارا تحفہ لا کر دیا تھا--ایک آڑو اور کچھ خشک پھل۔
سن 1941 میں ریفس کے گھر والے نیو یارک جا بسے جب ان کے رشتہ داروں نے پرتگال کے ذریعے امریکہ کیلئے بحری سفر کا انتظام کیا۔ بعد میں لیانے نے کیمسٹری میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کر لی۔