ماریو فنزی
پیدا ہوا: 1913
بولوگنا, اٹلی
ماریو بولوگنا میں رہنے والے سیکنڈری اسکول میں پڑھانے والے یہودی جوڑے کی اکلوتی اولاد تھے۔ بہت سے اطالوی یہودیوں کی طرح اُن کا خاندان اطالوی سماج میں بخوبی ضم ہو گیا تھا۔ باوجود اس کے کہ اٹلی میں ایک فاشست لیڈر، بینیتو موسولینی، نے 1922 میں اقتدار سنبھالا، اٹلی کے یہودی پرامن طور پر زندگی گزارتے رہے۔ ماریو کا مشغلہ پیانو بجانا تھا۔ بولوگنا میں ہائی اسکول سے تعلیم مکمل کرنے کے بعد ماریو نے قانون کی تعلیم حاصل کی۔
1933-39: 1938 میں ماریو نے ملان میں قانون کا پیشہ اختیار کیا۔ لیکن اسی سال موسولینی کی حکومت نے "نسلی" قوانین متعارف کروائے جن کی وجہ سے ماریو کو یہ پیشہ چھوڑنا پڑا۔ ماریو پیرس چلے گئے اور وہاں پیانو بجانے کا پیشہ اختیار کیا۔ اگست 1939 میں وہ نئے ویزے کے سلسلے میں اٹلی واپس آ گئے۔ اسی دوران، یکم ستمبر کو جرمنی نے پولینڈ پر حملہ کیا اور دو دن بعد فرانس نے جرمنی کے ساتھ جنگ کا اعلان کر دیا۔ ماریو کو اٹلی میں روک دیا گیا۔
1940-44: ماریو بولوگنا میں ایک یہودی خدمات کی ایجنسی کے ساتھ کام کرنے لگے جہاں وہ پناہ گزینوں کی مدد کرتے تھے۔ جولائی 1943 میں موسولینی کی حکومت کا تخت اُلٹ دیا گیا اور جرمن افواج نے اٹلی پر قبضہ کر لیا۔ بلوگنا کے یہودیوں کو فوسولو ڈی کارپی ميں ایک جرمن ٹرانزٹ کیمپ میں بھیجا گیا۔ کچھ افراد کے لئے فوسولو ڈی کارپی سے باہر جانے والے افراد کی منزل چھپی ہوئی نہيں تھی – ایک ریل گاڑی پر چاک کے ساتھ "آشوٹز" لکھا گیا تھا۔ سن 1944 میں ماریو کو آشوٹز کیمپ میں جلاوطن کر دیا گیا۔
آشوٹز میں ماریو نے کیمپ کے گرد بجلی کی تار پر گر کر خودکشی کر لی۔ اُنہوں نے اپنے والدین کے لئے ایک پیغام بھجوایا تھا جس میں وہ ان سے معافی مانگ رہے تھے۔ ماریو کی عمر 31 سال تھی۔