زڈینکا پوپر
پیدا ہوا: 16 ستمبر، 1909
کولینیک, چیکوسلواکیا
زڈینکا جرمنی کی سرحد کے قریب واقع جنوب مغربی بوہیمین قصبے میں رہنے والے ایک یہودی خاندان کے چار بچوں میں سے ایک تھی۔ اس کے والد ایک کسان، اور لکڑی اور اناج کے تاجر تھے۔ بوہیمین جنگل کے پہاڑوں کے دامن میں واقع کولینیک شہر چاروں طرف سے اونچی اونچی پہاڑیوں میں گھرا ہوا تھا۔ زڈینکا ایک قریبی کلاٹووی نامی قصبے میں بزنس اسکول جاتی تھی۔ وہ 1927 میں اپنے چچا کے ساتھ پراگ میں رہنے لگی۔
1933-39: مجھ یاد ہے کہ میری والدہ 1932 میں جرمنی کی بڑھتی ہوئی سام دشمنی سے متعلق کس حد تک فکرمند تھیں۔ جرمنی کے متعلق ریڈيو کی نشریات سننے کے بعد انہوں نے کہا "یہودیوں کے ساتھ کچھ بہت ہی برا ہونے والا ہے"۔ میری بہن اور میں نے جواب دیا "چیکوسلواکیا میں نہیں، ہمارے ہاں جمہوریت ہے"۔ 1938 کے موسم خزاں میں مغربی طاقتوں نے جرمنی کو سوڈیٹن لینڈ کو ضم کرنے کی اجازت دے دی اور 15 مارچ 1939 میں جرمنوں نے ہوہیمیا پر قبضہ کر لیا۔
1940-44: سن 1942 میں مجھے تھیریسئن شٹٹ کی یہودی بستی میں جلاوطن کر دیا گیا جو نازیوں کے "گھیٹو کا نمونہ" تھی جو یہودیوں کے ساتھ "رحمدلانہ" برتاؤ کو ظاہر کرنے کیلئے استعمال کی جاتی تھی۔ ایک دفعہ جرمن کیمرا کرو یہودی بستی میں تھا اور جب میں ان کے قریب گئی تو انہوں نے مجھے دھکے دے کر ہٹا دیا؛ وہ صرف روکھے اور بڑی ناک والے لوگوں کی فلمبندی کر رہے تھے— جو جرمنوں کے ذہن میں یہودیوں کے تصور پر پورا اترتے تھے۔ جولائی 1944 میں نازیوں نے ریڈ کراس کو یہودی بستی کا معائنہ کرنے کی اجازت دی۔ ان کے آنے سے پہلے جرمنوں نے بستی کو خوبصورت بنانے کے ایک پراجیکٹ کا حکم دیا۔ اوٹ پٹانگ پارک اور اسکول بنائے گئے۔ فلم ساز عملے نے یہودی بستی کا "حسن" ریکارڈ کیا۔
سن 1944 میں زڈینکا کو اویڈیرین کیمپ میں جلاوطن کر دیا گیا جہاں اس نے گولہ بارود کی فیکٹری میں کام کیا۔ بعد میں اویڈیرین کے قیدیوں کو تھیریسئن شٹٹ تک مارچ کروایا گیا اور اُنہیں مئی 1945 میں وہاں آزاد کر دیا گیا۔