آزادی کے بعد، اتحادی قوتیں یہودی بے گھر افراد کو اپنے گھروں کو واپس بھیجنے کے لئے تیار تھیں، لیکن کئی بے گھر افراد نے جانے سے انکار کر دیا، یا واپس جانے سے خوفزدہ تھے۔ 1945 سے 1952 کے درمیان، 250000 یہودی بے گھر افراد جرمنی، آسٹریا، اور اٹلی کے کیمپوں اور شہری مراکز میں رہ رہے تھے۔ ان تنصیبات کا انتظام اتحادی ممالک کے حکام اور اقوام متحدہ کی ریلیف اور آبادکاری کی تنظیم کی جانب سے کیا جا رہا تھا۔ زندہ بچنے والے افراد نے اپنے گھر والوں کی تلاش شروع کر دی۔ گھر والوں کو ملانے کی کوششوں کے ساتھ نئے خاندان بھی بننا شروع ہوئے؛ بے گھر افراد کے کیمپوں میں کئی شادیاں انجام پائيں اور کئی بچے بھی پیدا ہوئے۔ جلد ہی اسکول بھی قائم ہو گئے۔ مذہبی چھٹیوں نے لوگوں کے جمع ہونے اور جشن منانے کے مواقع فراہم کئے۔ حوصلہ شکن صورت حال کے باوجود - زيادہ تر کیمپ پہلے حراستی کیمپ اور جرمن آرمی کیمپ ہوا کرتے تھے - جلد ہی سماجی اور پیشہ ورانہ تنظیمیں فروغ پانے لگيں۔

اتحادیوں نے ہجرت کے بحران کو حل کرنے سے قبل کئی سال سوچ بچار اور تاخیر سے کام لیا۔ 1945 اور 1948 کے درمیان، ہولوکاسٹ سے بچنے والے یہودیوں نے، جن کا قومی جذبہ کیمپوں میں خود مختاری نہ ہونے اور کوئی دوسرا راستہ نہ ہونے کے سبب جاگ چکا تھا، برطانیہ کے مقبوضہ فلسطین کو اپنا گھر بنانے کا انتخاب کیا۔ بے گھر افراد صیہونی نظرئیے اور یہودی ریاست کی تخلیق میں سیاسی مباحثے میں ایک اہم عنصر ثابت ہوئے۔ انہوں نے فلسطین میں ہجرت کے خلاف برطانوی رکاوٹوں کی مزمت کی؛ بے گھر افراد کے کیمپوں میں برطانوی پالیسی کے خلاف اجتماعی مظاہرے عام ہو گئے۔ 14 مئی 1948 کو ریاستہائے متحدہ امریکہ اور سوویت یونین نے نوزائدہ اسرائل کی ریاست کو تسلیم کر لیا۔ یونائیٹڈ اسٹیٹس کانگریس نے 1948 میں بے گھر افراد کا قانون بھی منظور کر کے ہجرت پر لگائی جانے والی پابندیوں کی سختی میں کمی کر دی۔ چند برسوں کے اندر بے گھر افراد کی ہجرت کا بحران ختم ہو گیا۔ اس وقت ریاستہائے متحدہ امریکہ میں 80000 یہودی بے گھر افراد، اسرائیل میں 136000، اور دوسرے ممالک میں، جن میں کینیڈا اور جنوبی افریقہ شامل تھے، 20000 افراد رہ رہے تھے۔ 1952 تک تقریبا تمام بے گھر افراد کے کیمپ بند ہو گئے۔