السے سیلٹن
پیدا ہوا: 23 فروری، 1909
برلن, جرمنی
پیدائش کے وفت السے کا نام السے ٹیپش تھا، اور وہ جرمنی کے دارالحکومت برلن میں ایک یہودی گھرانے میں پیدا ہوئیں۔ وہ دو بہنوں میں بڑی تھیں۔ ان کے والد کا شہر میں ڈرائی کلیننگ کا کاروبار تھا۔ سیکنڈری اسکول ختم کرنے کے بعد، انہیں سوئٹزرلینڈ میں ایک فنشنگ اسکول بھیج دیا گیا، جہاں انہوں نے فوٹوگرافی سیکھی۔ 1931 میں ان کی شادی فریٹز سیلٹن سے ہو گئی۔
1933-39: 1933 میں السے نے اپنی اکلوتی بیٹی گیبریل کو جنم دیا۔ پانچ سال بعد جب نازیوں نے فرٹز کے والد کے کاروبار کو زبردستی کوڑیوں کے مول کسی "آرین" جرمن کو فروخت کر دیا، فرٹز نے اپنے گھر والوں کو برلن سے نکالنے کا تہیہ کر لیا۔ انہوں نے ایمسٹرڈیم میں دوا کی دکان کھول لی اور پھر السے اور اپنی بیٹی کو وہاں بلوا لیا۔ فرٹز کی والدہ، مارٹا، ایک سال بعد ان کے پاس آ گئں۔
1940-44: مئی 1940 میں جرمن افواج نے ایمسٹرڈیم پر قبضہ کر لیا۔ کچھ عرصے بعد، السے کے شوہر کا نام جرمی کی نامزد یہودی کونسل میں شامل کر دیا گیا۔ ایمسٹرڈیم کے بیشتر یہودیوں کو شہر میں ایک یہودی بستی میں بھیج دیا گیا، لیکن السے اور ان کے گھر والوں کو اپنے اپارٹمنٹ میں رہنے کی اجازت دے دی گئی۔ جون 1943 میں سلٹن خاندان کو ویسٹربورک کے ٹرانسٹ کیمپ بھیج دیا گیا۔ ایک ماہ بعد، جلاوطنی سے بچنے کے لئے، السے کی ساس نے خودکشی کر لی۔ 1944 کے شروع میں، السے اور ان کے گھر والوں کو جلاوطن کر کے چیکوسلواکیا میں تھیریسئن شٹٹ کی یہودی بستی بھیج دیا گيا۔
جب سوویت افواج نے مئی 1945 میں تھیریسئن شٹٹ پر قبضہ کیا، السے، فرٹز اور گیبریل کو رہا کر دیا گیا۔ اسی سال جون میں سلٹن خاندان ایمسٹرڈیم واپس چلا گیا۔