جوزفین کوہن ڈرمر
پیدا ہوا: 1887
ویانا, آسٹریا
جوزفین، جنہیں پیار سے پیپی پکارا جاتا تھا، اپنے بھائی اور تین بہنوں کے ساتھ ویانا میں پلی بڑھیں۔ ان کے والد جانوروں کی کھالوں کا کام کرتے تھے جبکہ ان کی والدہ گھر گرہستی سنبھالتی تھیں۔ پیپی کی شادی کے چند سال بعد ہی ان کے شوہر کا اچانک انتقال ہو گیا اور ان کے کم عمر بیٹے فریڈ کی دیکھ بھال کی ذمہ داری ان کے سر پرآ گئی۔ وہ اور ان کا بیٹا پیپی کے والد کے ساتھ رہنے لگے۔ پیپی کی والدہ کا اس وقت تک انتقال ہو چکا تھا۔
1933-39: پیپی کا زیادہ تر وقت اپنی بہن ہیلن کے ساتھ گزرتا تھا۔ ہیلن کے شوہر سنگر سلائی مشین کے نمائندے تھے، اور 1937 میں گرمی کے موسم میں جب وہ کام کے سلسلے میں آسٹریا کے دیہات گئے، تو ہیلن، پیٹی اور فریڈ بھی ان کے ساتھ چلے گئے۔ 1938 میں جرمن افواج کے آسٹریا پر قبضہ کرنے کے بعد پیپی اور فریڈ، اور ان کے ساتھ ہیلن اور ان کے گھر والوں نے نیدرلینڈز کے ذریعے خفیہ طور پر برسلز جانے کے انتظامات کر لئے۔ وہاں غیرقانونی پناہ گزینوں کی حیثیت سے یہودی کمیونٹی نے انہيں پناہ دی۔
1940-42: 1942 میں جرمن افواج نے بیلجیم پر قبضہ کرلیا۔ 1942 کے موسم بہار میں فریڈ کو جرمن حکام کے سامنے پیش ہونے کا حکم ملا۔ فریڈ نے حاضری دینے کا فیصلہ کیا، اور انہیں بتایا گیا کہ انہیں "جنگ کے لئے مزدوری کرنے کی خاطر" لے جایا جائے گا۔ فریڈ کو لے جائے جانے کے بعد، پیپی کی ہمت ٹوٹ گئی۔ وہ سخت غصے میں رہتی تھیں اور انہیں لگتا تھا کہ ان کے نوجوان بیٹے کو حاضر نہ ہونے پر آمادہ کیا جاسکتا تھا، یا اسے چھپایا جاسکتا تھا۔
پیپی نے اس کے بعد کبھی بھی اپنے بیٹے کو نہيں دیکھا۔ انہیں 1942 میں خزاں کے موسم میں ایک چھاپے کے دوران برسلز میں حراست میں لے لیا گیا، اور وہ نازی موت کے کیمپ میں جاں بحق ہوگئیں۔