پریبین منچ- نیلسن
پیدا ہوا: 13 جون، 1926
Unknown
پریبین ڈنمارک میں ماہی گيروں کے ایک چھوٹے سے گاؤں میں ایک پروٹیسٹنٹ خاندان میں پیدا ہوا۔ اس کی پرورش دادی کے ہاتھوں ہوئی جن پر پانچ اور پوتے پوتیوں کی پرورش کی ذمہ داری بھی تھی۔ پریبین روزانہ ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن کے ایک اسکول جاتا تھا جو اسنیکرسٹین سے تقریباً 25 میل جنوب میں تھا ۔
1933-39: میرے ابتدائی اسکول میں بہت کم پہودی تھے مگر میں انہیں یہودی نہیں سمجھتا تھا؛ میرے لئے وہ صرف میرے دوست اور ساتھی تھے۔ ڈنمارک میں یہودیوں اور غیر یہودیوں کے درمیان تفریق کا کوئی تصور نہیں تھا۔ ہم سبھی ڈنمارک کے باشندے تھے۔ پانچویں گریڈ میں میں اور میرے درجے کے ساتھیوں نے جرمن فوجوں کے ابھرنے کی افواہیں سنیں۔ لیکن بعد میں سن 1939 میں میرے والدین نے بتایا کہ ہٹلر نے ڈنمارک پر حملہ نہ کرنے کا وعدہ کیا ہے جس سے ہمیں کافی تحفظ کا احساس ہوا۔
1940-42: قبضہ۔ اپریل 1940 میں میں کوپن ہیگن پہنچا تو میں نے اپنے سر پر جہاز اڑتے ہوئے اور جرمن افسران کو گلیوں میں گھومتے ہوئے پایا۔ میں کورئر کی حیثیت سے مزاحمتی تحریک میں شامل ہوگیا۔ میں اکتوبر 1943 میں اس تحریک میں اُس وقت زیادہ فعال ہو گیا جب گسٹاپو نے ڈنمارک کے یہودیوں کو تلاش کرنا شروع کیا۔ ہم نے یہودی پناہ گزینوں کی مدد کرنا شروع کردی۔ ہم نے انہیں ساحل کے کنارے گھروں میں چھپا دیا اور مقررہ اوقات پر انہیں کشتیوں پر لے گئے جو اسی مقصد کے لئے وقف تھیں۔ تاریکی کی آڑ میں ہم ایک وقت میں 12 یہودیوں کو دوسری طرف سویڈن میں پہنچا دیتے تھے۔ اس چار میل کے سفر میں لگ بھگ 50 منٹ کا وقت لگتا تھا۔
پریبین نے 1,400 پناہ گزینوں کو سویڈن پہنچانے میں مدد فراہم کی۔ جب جرمنوں نے ڈنمارک کی حکومت پر قبضہ کر لیا تو وہ بھی نومبر 1943 میں سویڈن فرار ہو گیا۔ پریبین مئی 1945 میں واپس اپنے گھر لوٹ گیا۔