رینا گانی

رینا گانی

پیدا ہوا: 15 اگست، 1919

پریویزا, یونان

رینا اور ان کے گھر والے رومانیوٹ یہودی تھے، جو 1،100 سال سے زیادہ عرصے سے یونان کے شہروں اور بالکن علاقے میں رہ رہے تھے۔ آیونئن ساحل پر واقع پریویزا کے قصبے میں 300 یہودی رہائش پذیر تھے۔ رینا کے والد کی چھوٹی سی کپڑے کی دکان تھی اور ان کی والدہ رینا، ان کی بہن اور تینوں بھائیوں کی دیکھ بھال کے لئے گھر ہر رہتی تھیں۔

1933-39: جب ہم آئیونینا کے قریبی قصبے میں رہنے لگے، میں نے وہاں یہودی ابتدائی اسکول سے اپنی تعلیم مکمل کی۔ اسکول کو الائینس ازرائیلائیٹ یونیورسیلے نامی فرانسیسی تنظیم نے اسپانسر کیا تھا اور میں نے وہاں فرانسیسی، یونانی اور عبرانی کے ساتھ ساتھ حساب، تاریخ اور معاشرتی علوم کے مضامین بھی پڑھے۔ جب تک میں 1933 میں سیکنڈری اسکول جانے لگی، میرے والدین واپس پریویزا چلے گئے۔ پریویزا میں میں نے ایک یونانی پبلک اسکول سے تعلیم حاصل کی۔

1940-44: جرمنوں نے 1941 میں یونان پر حملہ کیا، لیکن مارچ 1943 سے پہلے تک پریویزا پر قبضہ نہیں ہوا تھا۔ ایک سال بعد ہمیں جلاوطن کر کے آشوٹز برکیناؤ کیمپ بھیج دیا گیا۔ میرے والدین کو سیدھے گیس چیمبر بھیج دیا گیا۔ میرے بھائیوں کو لاش بھٹی میں کام پر لگادیا گیا اور مجھے گھڑے کھودنے پر۔ ایک اتوار جب ہمارے پاس کام نہيں تھا، میں نے اپنے بلاک کے ہیڈ سے، جو ایک پولش یہودی تھی، اپنے بھائیوں سے ملنے کی اجازت مانگی۔ وہ ایک دم طیش میں آ گئی، مجھ پر چلانے لگی اور مجھے ایک زوردار طمانچہ بھی مار دیا۔ کئی ہفتوں بعد میرے تمام بھائیوں کو مار دیا گيا۔

رینا کو ریونسبرویک کے خواتین کے کنسنٹریشن کیمپ بھیجا گیا، اور مئی 1945 میں موت کے مارچ کے دوران رہا کر دیا گیا۔ وہ بعد میں ہجرت کر کے ریاستہائے متحدہ امریکہ چلی آئیں۔

Thank you for supporting our work

We would like to thank Crown Family Philanthropies and the Abe and Ida Cooper Foundation for supporting the ongoing work to create content and resources for the Holocaust Encyclopedia. View the list of all donors.