ٹوماز (ٹوئیوی) بلاٹ
پیدا ہوا: 15 اپریل، 1927
ازبیکا, پولینڈ
ٹوماز ازبیکا میں ایک یہودی خاندان میں پیدا ہوا۔ ازبیکا پولینڈ کا ایک قصبہ ہے جس کی کل آبادی کا نوے فیصد حصہ مذہبی یہودیوں پر مشتمل تھا۔ ٹوماز کے والد ایک شراب کی دکان کے مالک تھے۔
1933-39: ستمبر 1939 میں منڈی میں ایک ڈھول بجایا گیا جس کے ذریعے قصبے کے رہنے والے لوگوں کو خبروں کی رپورٹ سننے کیلئے اکھٹا ہونے کا حکم دیا گیا۔ جرمنی نے پولینڈ پر حملہ کر دیا تھا۔ تھوڑی دیر میں اور خبریں ملیں کہ سوویت یونین مشرق کی جانب سے حملہ کر رہا ہے۔ ہمیں کچھ پتہ نہيں چل رہا تھا کہ کیا کیا جائے۔ کچھ نے کہا کہ ہمیں سوویت یونین کی جانب ہو جانا چاہئیے اور کچھ نے ازبیکا میں رہنے کا فیصلہ کر لیا۔ ان لوگوں میں میرے والدین بھی شامل تھے۔ میرے والد نے اپنے فیصلہ کی توضیح کرتے ہوئے کہا "جرمن سام دشمن تو ہیں مگر آخر کار انسان ہی ہیں"۔
1940-43: 1943 تک مجھے سوبیبور کے حراستی کیمپ میں جلا وطن کر دیا گيا۔ اس سال میں مزاحمتی تحریک میں بھی شامل تھا۔ اس بغاوت کے دوارن قیدی بڑی تعداد میں خاردار تاروں کی باڑوں میں کٹے ہوئے سوراخوں کی طرف بڑھ رہے تھے۔ انتظار کرنا ناممکن ہو گیا تھا کیونکہ ہم پر ہر جگہ سے گولیاں برس رہی تھیں۔ وہ باڑ پر چڑھ رہے تھے۔ ابھی میں پورا راستہ طے نہ کر پایا تھا کہ باڑ مجھ پر گر گئی اور میں اس کے نیجے پھنس گیا۔ اس کی وجہ سے میری جان بچ گئی۔ پہلے نکلنے والے لینڈ مائنز کا شکار ہو گئے۔ اکثر قیدیوں کے گزرنے کے بعد میں نے اپنی جیکٹ اُتاری جو تاروں کی باڑ میں پھنسی ہوئی تھی۔ میں نے بھاگنا شروع کر دیا اور اس وقت تک بھاگتا رہا جب تک میں جنگل میں نہ پہنچ گیا۔
ٹوماز جا کر چھپ گیا اور پھر پولش زير زمین ریلوے میں پیغام رساں کے طور پر کام کرنے لگا۔ جنگ کے بعد وہ پولینڈ میں رہا اور پھر سن 1959 میں نقل مکانی کر کے امریکہ چلا گیا۔