1939 میں جب پولینڈ کی فوج میں چیم کی تعیناتی کی مدت ختم ہونے والی تھی تو جرمنی نے پولینڈ پر حملہ کردیا۔ جرمنوں نے چیم کو گرفتار کر لیا اور اُنہیں جبری مشقت کیلئے جرمنی بھیج دیا۔ بطور ایک یہودی جنگی قیدی کے چیم بعد میں پولینڈ واپس آ گئے۔ بالآخر اُنہیں سوبی بور کیمپ پہنچا دیا گیا جہاں اُن کے خاندان کے باقی افراد انتقال کر گئے۔ 1943 میں سوبی بور میں ہونے والی بغاوت کے دوران چیم نے ایک گارڈ کو قتل کردیا۔ وہ اپنی دوست سیلما کے ساتھ بچ کے بھاگنے میں کامیاب ہو گئے اور بعد میں اُنہوں نے سیلما سے شادی کر لی۔ ایک کسان نے ان کو سوویت فوجیوں کے جون 1944 میں آزاد کرانے تک اپنے پاس چھپائے رکھا۔
دو لوگوں کو مقرر کیا گيا کہ وہ ایک جرمن افسر کو اُس کے دفتر میں جا کر قتل کریں۔ لیکن آخری لمحے میں ان میں سے ایک ڈر گيا اور وہ جانا نہیں چاہتا تھا۔ میں بھی وہاں موجود تھا اور یہ کہانی میں نے بھی سنی تھی۔ میں جانتا تھا کہ دس سے بارہ جرمن لوگ پہلے ہی مارے جا چکے ہیں۔ لہذا میں جانتا تھا کہ یہ کام کس قدر دشوار اور تکلیف دہ تھا۔ اگر ہم وہاں سے نہیں نکلتے ہیں تو یقیناً مارے جائیں گے۔ سیلما نے مجھے ایک دھاری دار چاقو لا کردیا۔ میں نے کہا کہ میں جانا چاہتا ہوں۔ آپ ان سب لوگوں کے بارے میں جانتے ہیں کہ یہ لوگ اپنے جلاوطنی کے سفر میں ضروریات کی چیزیں لائے تھے جو وہاں کے ایک گودام میں رکھی ہوئي تھیں اور ہم لوگ اس گودام سے دور نہیں تھے۔ بہرحال وہ وہاں گئي اور ایک دھاری دار چاقو لے آئی۔ اس نے مجھے چاقو دیا اور میں دوسرے شخص کے ساتھ چلا گيا۔ میں نہیں سمجھتا کہ میں کوئی ہیرو یا بہت باہمت شخص تھا۔ لیکن میں نے اندازہ لگا لیا تھا کہ یہ ذاتی دفاع کیلئے اور اپنے آپ کو موت سے بچانے کے لئے ضروری ہے۔ اگر میں ایسا نہیں کرتا تو یہ سارا کھیل بگڑ سکتا تھا۔ لہذا میں نے فطری طور پر یہ اندازہ لگا لیا کہ یہاں کوئی دوسرا فیصلہ نہیں ہے۔ یہ کوئی فیصلہ نہیں ہے۔ آپ صرف رد عمل ظاہر کرتے ہیں، فطری طور پر آپ رد عمل ظاہر کرتے ہیں اور میں نے سوچا "ہمیں ایسا کرنا ہے۔ آؤ ہم جائیں اور یہ کام کریں۔" میں چلا گيا۔ میں اس شخص کے ساتھ دفترمیں گیا اور ہم نے اس جرمن کو قتل کردیا۔ ہر وار پر میں چلاتا "یہ میرے والد کیلئے، یہ میری والدہ کیلئے، یہ سب لوگوں کے لئے اور یہ ان تمام یہودیوں کیلئے ہے جن کو تو نے قتل کیا ہے۔" میرا چاقو میرے ہاتھ سے پھسل گیا اور میرا ہاتھ کٹ گيا۔
We would like to thank Crown Family Philanthropies, Abe and Ida Cooper Foundation, the Claims Conference, EVZ, and BMF for supporting the ongoing work to create content and resources for the Holocaust Encyclopedia. View the list of donor acknowledgement.