1939 میں جب پولینڈ کی فوج میں چیم کی تعیناتی کی مدت ختم ہونے والی تھی تو جرمنی نے پولینڈ پر حملہ کردیا۔ جرمنوں نے چیم کو گرفتار کر لیا اور اُنہیں جبری مشقت کیلئے جرمنی بھیج دیا۔ بطور ایک یہودی جنگی قیدی کے چیم بعد میں پولینڈ واپس آ گئے۔ بالآخر اُنہیں سوبی بور کیمپ پہنچا دیا گیا جہاں اُن کے خاندان کے باقی افراد انتقال کر گئے۔ 1943 میں سوبی بور میں ہونے والی بغاوت کے دوران چیم نے ایک گارڈ کو قتل کردیا۔ وہ اپنی دوست سیلما کے ساتھ بچ کے بھاگنے میں کامیاب ہو گئے اور بعد میں اُنہوں نے سیلما سے شادی کر لی۔ ایک کسان نے ان کو سوویت فوجیوں کے جون 1944 میں آزاد کرانے تک اپنے پاس چھپائے رکھا۔
ہم جانتے تھے کہ وہاں پہلے ہی بہت سے جرمن قتل کئے جا چکے تھے۔ ہم پہلے ہی جانتے تھے کہ بغاوت جاری ہے۔ لہذا ہم اُمید کر رہے تھے کہ کوئی بھی شخص غیر متوقع طور پر اس جگہ نہیں آئے گا جہاں اُسے نہیں آنا چاہئیے اور یہ نہیں جاننا چاہئیے کہ وہاں کیا ہورہا ہے۔ کیونکہ اگر ایسا ہوا تو پھر ہم سب قتل کردیئے جائیں گے۔ لیکن بہرحال ہم لوگ خوش قسمت تھے۔ جہاں ہم کام کررہے تھے وہاں ہم نے جرمنوں کو جان سے مار دیا اور یہ سب ہم نے منصوبے کے مطابق کیا حتی کہ ہم بڑے گیٹ تک پہنچ گئے۔ لوگ ہر طرف بھاگ رہے تھے لہذا سارے کیمپ نے یہ جان لیا کہ کیا ہورہا ہے اور بہت سے لوگوں کے پاؤں بارودی سرنگوں پر پڑ گئے اور یوں وہ ہلاک ہو گئے۔ کچھ لوگ چپ چاپ کھڑے رہے۔ وہ حوصلہ ہار بیٹھے۔ وہ بھاگنا نہیں چاہتے تھے۔ اُنہوں نے بس ہمت چھوڑ دی۔ وہ صرف انتظار کرتے رہے حتی کہ وہ لوگ قتل کردئے گئے۔ ان میں سے اکثر لوگ نوجوان تھے۔ جن کے اندر بھاگنے کی ہمت تھی وہ بھاگ گئے۔ ان میں سے بہت سے لوگ بڑے گیٹ کی طرف بھاگے۔ اب ہم نے بھاگنا شروع کیا۔ ایک بیرک کے سامنے پہنچنے کے بعد میں نے [ایس۔ ایس سارجنٹ کارل] فرینزل کو مشین گن کے ساتھ دیکھا اور اس نے گولی چلانی شروع کردی۔ اکثر لوگ دوڑ رہے تھے۔ میں مشین گن کے خوف سے واپس جانا چاہتا تھا کیونکہ یوں لگا کہ "یہاں موت لکھی ہے۔ یہاں کچھ ہونے والا ہے۔" لہذا میں نے سیلما کا ہاتھ تھاما اور ہم کسی نہ کسی طرح گیٹ سے باہر نکل گئے۔
We would like to thank Crown Family Philanthropies, Abe and Ida Cooper Foundation, the Claims Conference, EVZ, and BMF for supporting the ongoing work to create content and resources for the Holocaust Encyclopedia. View the list of donor acknowledgement.