Theme: جنگ کے بعد

ہم نے نسل کشی کے خطرے کے عوامل اور انتباہی علامات کے متعلق کیا سیکھا ہے؟

ہولوکاسٹ کا مطالعہ اس بارے میں سوالات اٹھاتا ہے کہ دنیا ان اشاروں کو پہچان کر ان کا کیسا ردعمل دے سکتی ہے کہ کسی ملک میں نسل کشی یا بڑے پیمانے پر ظلم و ستم کا خطرہ ہے۔ اگرچہ ہر نسل کشی منفرد ہوتی ہے، لیکن زیادہ تر جگہیں جہاں نسل کشی ہوتی ہے، وہاں خطرے کے عام عوامل اور انتباہی علامات موجود ہوتے ہیں۔ 

یہ جاننے کے لیے کہ آج کی دنیا میں ان علامات کی شناخت کرنے کے ساتھ ہولوکاسٹ اور دیگر نسل کشی کے دوران یہ کیسے موجود تھے، اس سوال کی کھوج لگائیں۔ 

متعلقہ روابط

  • حوالہ دیں
  • شیئر کریں
  • پرنٹ کریں

خطرے کے عوامل اور انتباہی علامات

ہولوکاسٹ کے بعد سے نسل کشی کا سلسلہ جاری ہے۔ مثال کے طور پر 1994 میں روانڈا اور 1995 میں بوسنیا کے سریبرینیکا میں نسل کشی ہوئی۔  

ہر نسل کشی منفرد ہوتی ہے، لیکن زیادہ تر نسل کشی میں کچھ چیزیں مشترک ہوتی ہیں۔ جس طرح ایسے کلیدی حالات تھے جنہوں نے ہولوکاسٹ کو ممکن بنایا، اسی طرح آج نسل کشی کے لیے قابل شناخت خطرے کے عوامل موجود ہیں۔ چند زیادہ عام یہ ہیں:

  • عدم استحکام: نسل کشی کے امکانات کی ایک مضبوط ترین علامت بڑے پیمانے پر عدم استحکام ہے۔ عدم استحکام مسلح تصادم یا ایسی پیشرفت کے نتیجے میں ہو سکتا ہے جس سے حکومت کی طاقت کو خطرہ ہو، جیسے بغاوت، انقلاب، یا شورش۔ عدم استحکام کئی وجوہات کی بنا پر نسل کشی کے خطرے کو بڑھا سکتا ہے۔ قائدین کو خطرہ محسوس ہو سکتا ہے، شہری خود کو غیر محفوظ محسوس کر سکتے ہیں، اور قانون معطل یا نظرانداز کیا جا سکتا ہے۔ اس طرح کے ماحول میں رہنما اور شہری تشدد پر غور کرنے کے لیے زیادہ آمادہ ہو سکتے ہیں تا کہ وہ اپنی اور اپنی قیمتی چیزوں کی حفاظت کر سکیں۔  
  • نظریہ: نسل کشی اکثر اس وقت ہوتی ہے جب رہنما یہ سمجھتے ہیں کہ ملک میں کچھ لوگ اپنی نسل، مذہب، یا قومی یا نسلی ہونے کی وجہ سے کمتر یا خطرناک ہیں۔ روانڈا میں ہوتو اکثریت کے رہنماؤں کا خیال تھا کہ توتسی اقلیت ہوتو پر غلبہ حاصل کرنا چاہتی ہے۔ بوسنیا میں سرب رہنماؤں کا خیال تھا کہ مسلمان بوسنیائی قدامت پرست عیسائی سربوں کی آزادی اور ثقافت کے لیے خطرہ ہیں۔
  • گروہوں کے خلاف امتیازی سلوک اور تشدد: جہاں نسل کشی ہوتی ہے، وہاں عام طور پر ایک مخصوص گروہ سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے خلاف امتیازی سلوک، ظلم و ستم اور تشدد کی کارروائیاں ہوتی رہی ہیں۔ روانڈا میں توتسیوں کو مختلف قسم کے امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑا۔ پچھلی دہائیوں میں توتسیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر تشدد کے کئی واقعات پیش آئے۔ اس کے علاوہ بوسنیائی سرب افواج نے سریبرینیکا میں نسل کشی سے پہلے بوسنیائی اور کروشئن کمیونٹیز کے خلاف متعدد جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کا ارتکاب کیا۔

وہ عوامل جو کسی ملک کو نسل کشی کے خطرے میں ڈال سکتے ہیں، نسل کشی کا باعث بنے بغیر طویل عرصے تک موجود رہ سکتے ہیں۔ نسل کشی کا خطرہ بڑھانے والی کچھ انتباہی علامات میں شامل ہیں:

  • نفرت انگیز تقاریر: نسل کشی سے پہلے اور اس کے دوران اکثر بڑے پیمانے پر نفرت انگیز تقاریر ہوتی ہیں۔ ایسی نفرت انگیز تقاریر اس خیال کو فروغ دیتی ہے کہ کسی مخصوص گروہ کے ارکان برے اور خطرناک ہیں۔ جب یہ تقریر بااثر رہنماؤں کی جانب سے کی جاتی ہے اور اسے حکومتی پروپیگنڈے یا مقبول میڈیا کے ذریعے پھیلایا جاتا ہے تو یہ سننے والوں کو یقین کرنے پر مجبور کرتا ہے کہ اس گروہ کے خلاف تشدد جائز ہے۔ یہ کچھ لوگوں کو گروہ کے ارکان کے خلاف تشدد کرنے کے لیے بھی اکسا سکتا ہے۔ روانڈا اور بوسنیا میں نسل کشی کے حامی رہنماؤں نے متاثرین کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کو فروغ دیا۔
  • مسلح گروہ: نسل کشی کے ارتکاب سے پہلے رہنما اکثر خاص گروہ بناتے ہیں جو اپنے نظریے اور مقاصد میں شریک ہوتے ہیں۔ مثال کے طور پر ہٹلر نے 1925 میں جرمنی میں ایس ایس (Schutzstaffel؛ حفاظتی سکوارڈنز) قائم کی۔ رہنما ان گروہوں کو ہتھیار اور فوجی تربیت فراہم کرتے ہیں۔ وہ ان کا استعمال کسی خاص گروپ کے ارکان کے خلاف تشدد کے لیے کرتے ہیں۔ روانڈا میں نسل کشی کے دوران انٹر ہموے (Interahamwe) ملیشیا نے بعض علاقوں میں قتل کی سرکردگی کی۔
  • مسلح تصادم: نسل کشی اکثر مسلح تصادم کے دوران ہوتی ہے۔ روانڈا اور بوسنیا میں نسل کشی خانہ جنگیوں کے دوران ہوئی۔ ہولوکاسٹ اور آرمینیا میں نسل کشی بین الاقوامی جنگوں کے دوران ہوئی۔ اگر مسلح تصادم کا ایک یا دونوں فریق اپنے اہداف کو دشمن کے فوجیوں سے لے کر دشمن کی حمایت کرنے والے شہری گروہوں تک پھیلا دیتے ہیں تو یہ نسل کشی کا باعث بن سکتا ہے۔ کسی مخصوص گروہ سے تعلق رکھنے والے شہریوں کے خلاف بڑے پیمانے پر مظالم تشدد کو بڑھا سکتے ہیں اور گروہوں کے درمیان دشمنی کو گہرا کر کے نسل کشی کے خطرے میں اضافہ کر سکتے ہیں۔ یہ انتقامی کارروائیوں کو بھڑکا سکتا ہے، حریف فریقین کے لیے بھرتی ہونے والوں کو اپنی طرف متوجہ کر سکتا ہے، اور رہنماؤں کو گروپ کے ممبران پر بھرپور حملہ کرنے کا بہانہ فراہم کر سکتا ہے۔

یورپ، روانڈا اور بوسنیا میں نسل کشی کا باعث بننے والے مخصوص عوامل بہت مختلف تھے۔ تاہم، ہر صورت میں خطرے کے قابل شناخت عوامل اور انتباہی علامات موجود رہے۔ وہ تمام لوگ جو نسل کشی کو منظم کرتے اور انجام دیتے ہیں، وہ بیشمار اہلکاروں اور عام لوگوں کے ساتھ ان لوگوں کی سرگرم مدد پر انحصار کرتے ہیں جو ان کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں، گواہی دیتے ہیں اور بعض اوقات اپنے پڑوسیوں پر مظالم اور ان کے قتل سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔

ابتدائی انتباہات

آئن سیٹزگروپن کا مقدمہ: امریکی استغاثہ نے نسل کشی کی مذمت کی۔

آج کل بین الاقوامی برادری نسل کشی کے خطرے کے عوامل اور انتباہی علامات پر نظر رکھنے کی کوششیں کرتی ہے۔ ان علامات کی شناخت سے دنیا کو قتل شروع ہونے سے پہلے روکنے میں مدد مل سکتی ہے۔ چونکہ نسل کشی عام طور پر دیگر بڑے پیمانے پر ہونے والے مظالم کے تناظر میں ہوتی ہے، اس لیے روک تھام کی کوششیں نہ صرف نسل کشی پر توجہ مرکوز کرتی ہیں بلکہ "مظالم کے جرائم" کے طور پر بیان کردہ دیگر کارروائیوں پر بھی توجہ مرکوز کرتی ہیں۔  نسل کشی، جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کو آج کل عام طور پر "ظالمانہ جرائم" یا "بڑے پیمانے پر مظالم" کہا جاتا ہے۔

جیسا کہ ہم خطرے کے عوامل، انتباہی علامات، اور ماضی میں نسل کشی کا باعث بننے والے واقعات کے بارے میں مزید جان رہے ہیں، ہم مستقبل میں اسے روکنے کے طریقے بھی سیکھ رہے ہیں۔ میوزیم اور ڈارٹ ماؤتھ کالج کی جانب سے تیار کردہ ابتدائی انتباہ کا پروجیکٹ ہمیں پالیسی سازوں اور عوام کو ان جگہوں کے متعلق متنبہ کرنے کے لیے اپنی نوعیت کا پہلا ذریعہ فراہم کرتا ہے جہاں بڑے پیمانے پر مظالم کا خطرہ سب سے زیادہ ہے۔ ایک ساتھ، دنیا بھر کے لوگ بہت دیر ہونے سے پہلے کارروائی کے لیے کہہ سکتے ہیں۔

تنقیدی سوچ سے متعلق سوالات

  • کسی قوم کے اندر شہری اور اہلکار انتباہی علامات کی نشاندہی اور ان پر ردعمل کیسے دے سکتے ہیں؟ کن رکاوٹوں کا سامنا ہو سکتا ہے؟

  • دیگر ممالک اور بین الاقوامی تنظیمیں کسی قوم میں انتباہی علامات کا جواب کیسے دے سکتی ہیں؟ کون سی رکاوٹیں موجود ہو سکتی ہیں؟

  • نازیوں کے اقتدار میں آنے سے پہلے جرمنی اور یورپ میں ہونے والے واقعات کا علم آج کے شہریوں کو نسل کشی اور اجتماعی مظالم کے خطرات کا جواب دینے میں کیسے مدد کر سکتا ہے؟

Thank you for supporting our work

We would like to thank Crown Family Philanthropies, Abe and Ida Cooper Foundation, the Claims Conference, EVZ, and BMF for supporting the ongoing work to create content and resources for the Holocaust Encyclopedia. View the list of donor acknowledgement.