فریما کا خاندان ایک گھیٹو یعنی یہودی بستی میں مقیم تھا جبکہ اُن کے والد کو نازی مترجم کے طور پر استعمال کرتے تھے۔ بعد میں وہ مارے گئے۔ فریما، اُن کی والدہ اور بہن یہ بہانہ کرتے ہوئے کہ وہ یہودی نہیں، جرمنوں کے ایک گشتی قاتل یونٹ کی قتل و غارت گری سے بچ نکلیں۔ بعد میں جب اُن کے یہودی ہونے کے بارے میں معلوم ہوا تو اُنہیں جیل میں ڈال دیا گیا۔ اُن کی والدہ نے دوبارہ فرار ہونے کا منصوبہ تیار کیا۔ فریما کی والدہ اور بہن کو رومانیہ اسمگل کر دیا گیا۔ فریما خود کو محفوظ رکھنے کی کوشش کرتی رہیں یہانتک کہ اُن کی والدہ اُنہیں بھی رومانیہ اسمگل کرنے میں کامیاب ہو گئیں اور سب دوبارہ اکٹھے ہو گئے۔ یوں اُنہیں آزادی مل گئی۔
ایک روز صبح سویرے ہم نے دروازوں اور کھڑکیوں پر دستک سنی اور پھر ہم نے چلاتی ہوئی آواز میں سنا، "باہر نکلو۔ باہر نکلو۔ باہر نکلو۔" ہم نے جلدی جلدی باہر جانے کیلئے کپڑے پہنے اور اُس گھر سے باہر نکلے جہاں ہم رہتے تھے۔ اوہ۔ وہاں گسٹاپو تھی اور اُنہوں نے ہم سب سے ایک مخصوص سمت جانے کو کہا۔ میری والدہ نے مجھے وہ خرگوشوں والا خوبصورت کوٹ دیا جو میرے پاس تھا اور ہیٹ بھی پہننے کیلئے دیا۔ ہم بھی باقی لوگوں کے پیچھے چل دئے اور وہ ہمیں ایک بڑی عمارت میں لے گئے۔ یقیناً یہ کوئی کارخانہ ہی تھا۔ وہاں اُنہوں نے ہمیں کپڑے اُتارنے کو کہا۔ اُنہوں نے زیور بھی اُتارنے کو کہا اور جو کچھ بھی ہم نے زیب تن کر رکھا تھا سب کچھ اتروا لیا گیا۔ عورتوں نے زیر جامے پہنے رکھے جبکہ مرد بھی نیکریں پہنے رہے۔ میری والدہ کان کی بالیاں جلد اُتار نہیں سکیں اور اُنہیں گسٹاپو نے رائفل کے دستے سے مارا۔ اوہ۔ وہ گر گئیں۔ ہم نے اُنہیں اُٹھایا اور ہم سب ۔۔۔ کچھ سو افراد تھے اور سب نے کپڑے اُتار دئے تھے۔ ہمیں باہر کھلے میں قطاروں میں کھڑا ہونا پڑا۔ بادل چھائے ہوئے تھے۔ گہرے بادل چھائے ہوئے تھے اور بوندا باندی ہو رہی تھی۔ تمام عورتیں شرمندہ تھیں کیونکہ اُن کے جسم کے اوپری حصے کو ڈھانپا نہیں ہوا تھا۔ اُنہوں نے ۔۔۔ سب نے اپنے سینے اپنے ہاتھوں سے ڈھک رکھے تھے۔ اوہ۔ اُنہوں نے گروپ بنائے اور ہم نے دوسرے لوگوں کے پیچھے باہر گلی میں چلنا شروع کیا۔ جب ہم گلیوں میں سے گزر رہے تھے تو یوکرین کے کچھ افراد نے تالیاں بجائیں۔ جب ہم وہاں سے گزر رہے تھے، وہ خوش ہو رہے تھے اور تالیاں بجا رہے تھے کہ یہ سب کچھ ہمارے ساتھ ہو رہا تھا۔ ہم بغیر کچھ کہے چپ چاپ گزرتے رہے اور شہر سے باہر نکل گئے۔
We would like to thank Crown Family Philanthropies, Abe and Ida Cooper Foundation, the Claims Conference, EVZ, and BMF for supporting the ongoing work to create content and resources for the Holocaust Encyclopedia. View the list of donor acknowledgement.