وارسا یہودی بستی سے اور اس میں جلاوطنیاں
1940 کے موسم خزاں میں جرمن حکام نے لاکھوں یہودیوں کو وارسا کی یہودی بستی میں زبردستی داخل کیا۔ اس کے عروج کے دوران، یہودی بستی میں 400,000 سے زیادہ یہودی رہتے تھے جہاں جرمنوں نے انہیں خوفناک اور بگڑتے ہوئے حالات کا نشانہ بنایا۔ مئی 1943 کے اخیر تک، جرمن حکام نے ٹریبلنکا کی قتل گاہ میں موت کے گھاٹ اترنے کے لئے 275,000 سے زیادہ یہودیوں کو جلاوطن کر دیا تھا۔ انہوں نے مزید دسیوں ہزار افراد کو حراستی کیمپوں میں بھیج دیا۔
اہم حقائق
-
1
1940 کے موسم خزاں کے دوران جرمن حکام نے وارسا کے یہودیوں کو ایک یہودی بستی میں منتقل ہونے پر مجبور کردیا تھا۔ چند مہینوں کے بعد، جنوری 1941 میں، جرمن حکام نے جرمنی کے زیر قبضہ پولینڈ کے علاقوں سے یہودیوں کو وارسا کی یہودی بستی میں جلاوطن کرنا شروع کردیا۔
-
2
جولائی 1942 میں، جرمن حکام نے قتل کروانے کے لئے وارسا کی یہودی بستی سے یہودیوں کو ٹریبلنکا قتل گاہ بھیجنا شروع کردیا۔
-
3
اپریل 1943 میں، وارسا یہودی بستی میں رہنے والے یہودیوں نے بغاوت شروع کردی۔ جس کا جرمن حکام اور ان کے معاونین نے انتہائی بے دردی سے جواب دیا۔ مئی 1943 میں انہوں نے وارسا یہودی بستی کو تباہ کر دیا۔
وارسا یہودی بستی میں جلاوطنیاں
جنوری اور مارچ 1941 کے درمیان، وارسا کے مغرب میں چھوٹی برادریوں کے یہودیوں کو وارسا کی یہودی بستی میں جلاوطن کر دیا گیا۔ اپریل اور جولائی 1942 کے درمیان وارسا کے مشرق میں واقع قریبی قصبوں سے، جرمنی سے اور جرمنی کے زیر قبضہ مغربی پولینڈ کے علاقوں سے یہودیوں کو وہاں جلاوطن کر دیا گیا۔ جرمنوں نے کئی سو روما (خانہ بدوشوں) کو بھی وارسا کی یہودی بستی میں جلا وطن کردیا۔
اس کے عروج کے دوران، وارسا یہودی بستی کی کل آبادی ،400,000 افراد سے تجاوز کر گئی۔ یہودی بستی میں دانستہ طور پر جرمن پالیسیوں کی وجہ سے خراب حالات وقت کے ساتھ مزید خراب ہوتے گئے۔
وارسا یہودی بستی سے جلا وطنیاں
جولائی اور ستمبر 1942 کے درمیان، جرمن SS اور پولیس یونٹوں نے، غیر جرمن معاونین کی مدد سے، وارسا یہودی بستی سے تقریباً 265,000 یہودیوں کو موت کے گھاٹ اترنے کے لئے ٹریبلنکا قتل گاہ میں جلا وطن کردیا۔ جرمن SS اور پولیس اہلکاروں نے یہودیوں کو اپنے گھروں یا کام کی جگہوں سے Umschlagplatz (حراستی مقام) کی طرف بڑھنے پر مجبور کرنے کے لیے تشدد سے کام لیا۔ وہاں سے، انہوں نے یہودیوں کو وارسا-بیالسٹوک ریل لائن پر، مالکینیا جانے والی مال بردار بوگیوں پر سوار ہونے پر مجبور کیا۔ جب ٹرینیں میکینیا پہنچیں تو انہیں ایک خصوصی ریل اسپر کے ساتھ ٹریبلنکا کی طرف موڑ دیا گیا۔
جرمنوں نے مطالبہ کیا کہ یہودی کونسل (جوڈينرات) کے ارکان ملک بدری کے انتظام میں مدد کریں۔ وارسا میں یہودی کونسل کے سربراہ ایڈم سیزرنیاکو نے تعاون کرنے سے منع کر دیا۔ اگرچہ سیزرنیاکو نے جرمنوں کے خلاف مزاحمت کا مطالبہ نہیں کیا، لیکن اس نے ملک بدری کے حکم کو منظور کرنے سے انکار کر دیا اور 23 جولائی 1942 کو سائینائیڈ کیپسول نگل کر اس نے خودکشی کر لی۔
عمومی طور پر جرمنوں اور ان کے معاونین نے شہر کے ایک بلاک کو گھیرے میں لے کر اور رہائشیوں کو منظم طریقے سے سڑکوں پر نکلنے پر مجبور کر کے یہودیوں کو پکڑ لیا۔ اس کے بعد انہوں نے بھاری پہرے کے اندر یہودیوں کو امشلاگپلاٹز کی طرف مارچ کرنے پر مجبور کیا۔ جیسے ہی ایک بلاک صاف ہو جاتا، جرمن SS اور پولیس یونٹ اور ان کے معاون اگلے بلاک کو محفوظ کرلیتے اور اس عمل کو دہراتے۔ جرمن SS اور پولیس اہلکاروں نے یہودیوں کو زیادہ تیزی سے آگے بڑھانے کے لیے بری طرح مارا پیٹا اور ان پر تشدد کیا؛ انہوں نے ان لوگوں کو گولی مار دی جو چلنے سے قاصر تھے یا جو آگے جانا نہیں چاہتے تھے۔ یہودیوں کو چھپنے کی جگہ سے باہر آنے کے لیے آمادہ کرنے کے لیے، جرمن حکام اکثر اعلانات کا سہارا لیتے تھے اور وہ کہتے تھے کہ ملک بدری ختم ہو گئی ہے اور جن لوگوں کو ملک بدر نہیں کیا گیا ہے انہیں کھانا دیا جائے گا۔ بھوک کی حالت اور اس بات سے بے خبر ہوکر کہ انہیں موت کی طرف لے جایا جائے گا، کچھ یہودیوں نے اطلاع دی اور انہیں بھی ٹریبلنکا جلاوطن کر دیا گیا۔ ملک بدری کے اختتام کے طور پر، جرمن افواج اور ساتھیوں نے منظم طریقے سے اس وقت کے خالی اپارٹمنٹ گھروں اور کام کی جگہوں کی تلاشی لی تاکہ چھپے ہوئے یہودیوں کو تلاش کیا جا سکے۔
ستمبر 1942 میں 60,000 یہودی یہودی بستی میں باقی رہ گئے تھے۔ جنوری 1943 میں، جرمن SS اور پولیس یونٹس نے وارسا یہودی بستی کے تقریباً 5,000 یہودی باشندوں کو ٹریبلنکا بھیج دیا۔ اس تین روزہ آپریشن کے دوران یہودی بستی کے 1,171 مکینوں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔
19 اپریل اور 16 مئی 1943 کے درمیان جرمن SS اور پولیس فورسز نے ٹراونیکی تربیتی کیمپ سے خصوصی طور پر تربیت یافتہ معاون پولیس گارڈز کی بٹالین کی مدد سے وارسا یہودی بستی کو ختم کر دیا گیا۔ جب یہودی باشندوں نے ملک بدری کی ابتدائی کوششوں کے خلاف مزاحمت کی (جسے وارسا یہودی بستی کی بغاوت کے نام سے جانا جاتا ہے)، SS اور پولیس نے ان پر حملہ کر دیا اور پھر درجنوں ہلاکتیں ہوئیں۔ اس کے بعد جرمنوں نے مزاحمت کو توڑنے کے لیے یہودی بستی کو بلاک بلاک کے حساب سے تباہ کر دیا۔ اس آپریشن کے دوران 7,000 سے زائد یہودی، جن میں سے زیادہ تر مزاحمتی جنگجو یا یہودی بستی کے اندر چھپے ہوئے افراد تھے، مارے گئے۔ ان میں سے زیادہ تر کو SS اور جرمن پولیس کے ساتھ لڑائی میں گولی ماری گئی۔ جرمنوں نے تقریباً 7,000 مزید یہودیوں کو ٹریبلنکا اور تقریباً 42,000 کو جنرل گورنمنٹ کے ضلع لوبلن میں حراستی کیمپوں اور جبری مشقت کے کیمپوں میں جلاوطن کر دیا۔ اس گروپ میں سے تقریباً 18,000 یہودیوں کو مجدانیک کیمپ، تقریباً 16,000 کو پونیاٹووا جبری مشقت کے کیمپ اور تقریباً 6,000 کو ٹراونیکی جبری مشقت کے کیمپ میں بھیج دیا گیا۔ بقیہ 2,000 کو جبری مشقت کے چھوٹے کیمپوں جیسے بڈزین اور کراسنک میں ادھر ادھر کر دیا گیا۔
یہودی بستی کو تباہ کرنے کے بعد، SS حکام نے وارسا یہودی بستی کی جگہ پر ایک چھوٹا حراستی کیمپ بنادیا۔