امریکہ میں نقل مکانی 41–1933
بہت سے لوگ جنہیں 1930 اور 1940 کی دہائیوں کے دوران مظالم سے محفوظ پناہ کی تلاش تھی، ان کی کوششوں کو امریکہ کے محدود امیگریشن کوٹے اور ویزا کے حصول کے پیچیدہ تقاضوں کی وجہ سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ امریکہ میں رائے عامہ امیگریشن میں اضافے کے حق میں نہیں تھی، جس کے نتیجے میں امیگریشن پالیسیوں کو تبدیل کرنے کے حوالے سے بہت معمولی سیاسی دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔ ان پالیسیوں میں اقتصادی تحفظات اور قومی سلامتی کو ترجیح دی گئی۔
اہم حقائق
-
1
امریکہ کے محدود امیگریشن قوانین نے پہلی جنگ عظیم کے بعد تنہائی پسندی، غیر مقامیوں سے نفرت، یہود دشمنی، نسل پرستی اور معاشی عدم تحفظ کے قومی ماحول کی عکاسی کی۔
-
2
نازیوں کے دور میں امریکہ کے پاس کوئی تعین کردہ مہاجرین کی پالیسی نہیں تھی۔ اس کے پاس صرف امیگریشن کی پالیسی تھی۔ نازیوں کے مظالم سے فرار پانے والوں کو امیگریشن کے من مانے اور سست عمل سے گزرنا پڑتا تھا۔ محدود کوٹہ ان لوگوں کی تعداد کو محدود کرتا تھا جو ہر سال امیگریشن حاصل کر سکتے تھے۔
-
3
اگرچہ 1933 اور 1941 کے درمیان کم از کم 110,000 یہودی پناہ گزین نازیوں کے زیر تسلط علاقے سے فرار ہو کر امریکہ پہنچے، لیکن لاکھوں مزید افراد نے ہجرت کے لیے درخواست دی اور ناکام رہے۔
1924 کا امیگریشن ایکٹ
1924 میں امریکی کانگریس نے جانسن ریڈ ایکٹ منظور کیا جس میں افراد کے "قومی نسب" کے حوالے سے امریکی امیگریشن قوانین پر نظر ثانی کی گئی۔ ایکٹ میں ہر ملک کے لیے ہر سال ویزوں کی مخصوص تعداد کے کوٹے سیٹ کیے۔ کوٹہ، جو جزوی طور پر یوجینکس کے امریکی حامیوں سے متاثر تھا، شمالی اور مغربی یورپ کے "مطلوبہ" امیگرینٹس کو فائدہ دینے کے لیے تشکیل دیا گیا تھا۔ انہوں نے ان امیگرینٹس کو محدود کر دیا جو "نسلی لحاظ سے کم مطلوبہ" تھے، بشمول جنوبی اور مشرقی یورپی یہودی۔ ایشیاء اور افریقہ میں پیدا ہونے والے بہت سے لوگوں کو نسلی بنیادوں پر مکمل طور پر امریکہ میں امیگریشن سے روک دیا گیا تھا۔
امریکہ کے پاس پناہ گزینوں کی کوئی پالیسی نہیں تھی، اور 1933 اور 1941 کے درمیان امریکی امیگریشن قوانین میں نہ تو کوئی ترمیم کی گئی اور نہ ہی انہیں موافق بنایا گیا۔ جانسن ریڈ ایکٹ 1965 تک نافذالعمل رہا۔
ممکنہ امیگرینٹس کو اپنے ملک کی شہریت کی بنیاد پر نہیں بلکہ اپنے پیدائشی ملک کے لیے نامزد کردہ حصوں میں سے کسی کے لیے درخواست دینی پڑتی تھی۔ برطانیہ کے بعد جرمنی مختص ویزے حاصل کرنے والا دوسرا بڑا ملک تھا: 25,957 (27,370، جب روز ویلٹ نے آنشلس کے بعد جرمن اور آسٹریا کے کوٹوں کو ضم کر دیا)۔ اجازت شدہ کی کل تعداد تقریباً 153,000 تھی۔
کوٹہ ان لوگوں کی زیادہ سے زیادہ تعداد تھی جو ہجرت کر سکتے تھے، وہ ہدف نہیں تھا جسے اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے حاصل کرنے کی کوشش کی۔ غیر استعمال شدہ کوٹے کے حصے اگلے سال میں جمع نہیں ہوتے تھے۔
امریکی امیگریشن کے لیے تقاضے
امریکہ آنے والے زیادہ تر ممکنہ تارکین وطن کو امریکی امیگریشن ویزا حاصل کرنے، جرمنی چھوڑنے اور یورپ سے روانگی کی بندرگاہ پر جانے کے لیے کئی اقسام کی دستاویزات جمع کروانی پڑتی تھیں۔ ممکنہ درخواست دہندگان پہلے قونصل خانے میں اندراج کرواتے تھے اور پھر انہیں انتظار کی فہرست میں رکھا جاتا تھا۔ وہ اس وقت کو ویزا حاصل کرنے کے لیے درکار تمام ضروری دستاویزات جمع کرنے کے لیے استعمال کر سکتے تھے جس میں شناختی کاغذات، پولیس سرٹیفکیٹ، باہر جانے اور سفر کی اجازتیں اور مالیاتی حلف نامہ شامل تھے۔ ان میں سے اکثر کاغذات — بشمول ویزا — کی آخری تاریخیں ہوتی تھیں۔ ہر چیز ایک وقت میں اکٹھی رکھنی ہوتی تھی۔
1930 میں بڑی کساد بازاری کے آغاز پر صدر ہربرٹ ہوور نے تارکین وطن پر پابندی عائد کرنے کی ہدایات جاری کیں کہ وہ "ممکنہ طور پر عوامی ذمہ داری بن سکتے ہیں۔" اس کے نتیجے میں امیگریشن ڈرامائی طور پر کم ہوئی۔ اگرچہ فرینکلن ڈی روزویلٹ نے ہدایات کو لبرل بنایا تھا، تاہم، بہت سے امریکیوں نے معاشی بنیادوں پر امیگریشن کی مخالفت اس خدشے کے تحت جاری رکھی (کہ تارکین وطن ملازمتیں "ہتھیائیں" گے)۔ اس لیے تارکین وطن کو ایک امریکی کفیل تلاش کرنا پڑا جو اس بات کی ضمانت دے کہ وہ ریاست پر بوجھ نہیں بنیں گے۔ بہت سے تارکین وطن کے لیے مالی کفیل کا حصول امریکی ویزے کے عمل کا سب سے مشکل حصہ تھا۔
ممکنہ تارکین وطن کے پاس ویزا حاصل کرنے سے پہلے جہاز کا درست ٹکٹ ہونا بھی ضروری تھا۔ جنگ کے آغاز اور اس خوف کے ساتھ کہ جرمن آبدوزیں مسافر بردار جہازوں کو نشانہ بنائیں گی، بحر اوقیانوس میں جہاز رانی انتہائی خطرناک ہو گئی۔ بہت سی مسافر جہاز مکمل طور پر رک گئے یا کم از کم سمندر پار جانے والے جہازوں کی تعداد کم کر دی، جس سے پناہ گزینوں کے لیے برتھ تلاش کرنا زیادہ مشکل اور مہنگا ہو گیا۔
انتظار کی فہرست اور مہاجرین کا بحران
جیسے ہی 1938 میں مہاجرین کا بحران شروع ہوا، ویزوں، حلف ناموں اور سفری اختیارات کی محدود تعداد کے لیے بڑھتی ہوئی مسابقت نے امیگریشن کو مزید مشکل بنا دیا۔ جون 1938 میں 139,163 افراد جرمن کوٹہ کے لیے انتظار کی فہرست میں تھے۔ ایک سال بعد جون 1939 میں انتظار کی فہرست کی طوالت 309,782 تک بڑھ گئی۔ 1939 میں درخواست دینے والے ہنگری سے تعلق رکھنے والے ایک ممکنہ تارک وطن کو امریکہ ہجرت کرنے کے لیے تقریباً چالیس سال انتظار کا سامنا کرنا پڑا۔
کوٹے کے سال 1939 میں 1930 کے بعد پہلی بار جرمن کوٹہ مکمل طور پورا کیا گیا، جس میں 27,370 افراد نے ویزا حاصل کیا۔ کوٹے کے سال 1940 میں 27,355 لوگوں کو ویزا ملا۔ پندرہ ہزار غیر استعمال شدہ ویزے ممکنہ طور پر انتظامی غلطی کا نتیجہ تھے۔ یہ اندازہ لگانا مشکل ہے کہ ان میں سے کتنے پناہ گزین ایسے تھے جو نازیوں کے مظالم سے بچنے کی کوشش میں تھے۔ 1943 تک امریکی امیگریشن کے قوانین میں "عبرانی" ایک نسلی زمرہ تھا۔ 1939-1940 میں امریکہ میں آنے والے تمام تارکین وطن میں سے 50 فیصد سے زیادہ نے خود کو یہودی کے طور پر شناخت کیا، لیکن یہ ممکنہ طور پر کم تعداد ہے، کیونکہ کچھ مہاجرین نے شاید ایک مختلف زمرہ (جیسے "جرمن") کا انتخاب کیا یا وہ خود کو یہودی نہیں مانتے تھے، خواہ نازی انہیں یہودی سمجھتے ہوں۔
امریکہ میں مہاجرین کے حوالے سے مقبول آراء
پناہ گزینوں کے فرار ہونے کی اشد ضرورت کے باوجود، امریکی مقبول رائے عامہ مزید نئے آنے والوں کو قبول کرنے کے خلاف تھی۔ 24–25 نومبر، 1938 (کرسٹلناخت) کے بارے میں ایک گیلپ سروے کیا گیا جس میں امریکیوں سے پوچھا گیا کہ: "کیا ہمیں جرمنی سے جلاوطن یہودیوں کی ایک بڑی تعداد کو رہنے کے لیے امریکہ آنے کی اجازت دینی چاہیے؟" 72 فیصد نے جواب دیا "نہیں۔"
ستمبر 1939 میں یورپ میں جنگ شروع ہونے کے بعد اور خاص طور پر 1940 کے موسم بہار میں مغربی یورپی ممالک پر جرمن حملے کے بعد بہت سے امریکیوں کا خیال تھا کہ جرمنی اور سوویت یونین یہودی پناہ گزینوں کی بڑی تعداد کا فائدہ اٹھا کر بیرون ملک جاسوس بھیج رہے ہیں۔ محکمہ خارجہ نے قونصلر اہلکاروں کو خبردار کیا کہ وہ درخواست دہندگان کی اسکریننگ میں خاص احتیاط برتیں۔ جون 1941 میں اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے "رشتہ داروں کا اصول" جاری کیا جس میں ان تارکین وطن کو ویزا دینے سے انکار کیا گیا جن کے قریبی خاندان والے اب بھی نازی علاقے میں تھے۔
مہاجرین کے لیے مدد اور معاونت
امریکی امیگریشن قوانین پر نظرثانی کے حوالے سے عوامی نفرت کے باوجود، کچھ نجی شہریوں اور پناہ گزینوں کی امدادی تنظیموں نے فرار ہونے کی کوشش کرنے والے ہزاروں افراد کی مدد کے لیے قدم اٹھایا۔ یہودی اور عیسائی تنظیموں نے خوراک اور کپڑے، سفری کرایہ، روزگار اور مالی امداد کے لیے رقم فراہم کی، اور امریکہ میں خاندان کے بغیر متوقع تارکین وطن کے لیے حلف نامے تلاش کرنے میں مدد کی۔ ان نجی تنظیموں نے ہزاروں افراد کو فرار ہونے کے قابل بنایا جو بصورت دیگر اپنی کاغذی کارروائی مکمل کرنے اور اپنے سفر کی ادائیگی کرنے کے قابل نہیں تھے۔
نازیوں کے زیر تسلط علاقوں میں پھنسنا
یکم جولائی 1941 کو محکمہ خارجہ نے تمام غیر ملکیوں کے لیے ویزا کنٹرول کرنے کا عمل واشنگٹن، ڈی سی میں منظم کر لیا۔ اس لیے تمام درخواست دہندگان کو واشنگٹن میں ایک نظرثانی کمیٹی سے منظوری حاصل کرنے کی ضرورت ہوتی تھی اور انہیں اضافی کاغذی کارروائی، بشمول دوسرا مالیاتی حلف نامہ جمع کروانے کی ضرورت ہوتی تھی۔ اسی وقت نازی جرمنی نے امریکہ سے کہا کہ وہ جرمنی کے زیر تسلط تمام علاقوں میں اپنے قونصلر دفاتر بند کر دے۔ جولائی 1941 کے بعد نازیوں کے زیر تسلط علاقوں سے ہجرت تقریباً ناممکن تھی۔
1938 اور 1941 کے درمیان، 123,868 خود سے شناخت کردہ یہودی پناہ گزینوں نے امریکہ ہجرت کی۔ مزید لاکھوں افراد نے یورپ میں امریکی قونصل خانوں میں درخواستیں دی تھیں، لیکن وہ ہجرت کرنے سے قاصر رہے۔ ان میں سے بہت سے نازیوں کے زیر تسلط علاقوں میں پھنسے ہوئے تھے اور انہیں ہولوکاسٹ میں قتل کر دیا گیا۔