ہیلین ہرٹا کاٹز ووہلفارتھ
پیدا ہوا: 14 اپریل، 1909
اوفن بیخ, جرمنی
ہیلین، جسے سب ہرٹا پکارتے تھے، فرینکفرٹ کے قریب مرکزی دریا پر واقع ایک قصبے میں روس سے تعلق رکھنے والے والد اور جرمنی سے تعلق رکھنے والی یہودی والدہ کے ہاں پیدا ہوئیں۔ اُن کے والد 1890 میں روس سے جرمنی ہجرت کر کے آئے تھے۔ اُن کی والدہ کو شادی کے بعد خودبخود اپنے شوہر کی روسی شہریت مل گئی تھی۔ 1914 میں روس اور جرمنی کے درمیان جنگ چھڑ گئی اور جرمنی میں رہنے والے روسیوں کو "دشمن غیرملکی افراد" قرار دے دیا گیا۔
1933-39: 1933 میں ہرٹا نے سیگفرائیڈ ووہلفارتھ سے شادی کی اور اپنے شوہر کی جرمن شہریت حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئیں۔ نازیوں کی حکومت تھی اور سیگفرائیڈ کو یہودی ہونے کی وجہ سے ملازمت سے ہاتھ دھونا پڑ گیا۔ کیونکہ ہرٹا کے پاس شہریت تھی، وہ جرمن پاسپورٹ حاصل کر کے ملک سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئیں۔ 1934 میں دونوں ایمسٹرڈیم چلے گئے۔ وہاں ہرٹا نے ڈورس نامی بیٹی کو جنم دیا اور 1937 تک وہ ایک انٹیریر ڈیکوریٹر بن گئیں۔
1940-44: جرمنوں نے مئی 1940 میں نیدرلینڈ پر قبضہ کر لیا۔ جب ووہلفارتھ کو 15 جولائی 1942 کو رات کے ایک بجے مزدوری کیمپ جانے کے لئے ٹرین کے اسٹیشن پر حاضری دینے کا حکم ملا، سیگفرائیڈ اور ہلن نے چھپنے کا فیصلہ کر لیا۔ ایک سال سے انہوں نے اپنی بیٹی کو پیار نہ کر کے اس کی تیاری کر رکھی تھی تاکہ اسے عیسائی دوستوں کے پاس چھوڑنے کے بعد اسے ان کی یاد نہ آئے۔ ڈچ انڈرگراؤنڈ کی مدد حاصل کر کے ہیلین اور سیگفرائیڈ کئی جگہ ایک ساتھ چھپتے رہے۔ بالآخر 25 اگست 1944 کو دونوں کو حراست میں لے لیا گیا۔
ہیلین آشوٹز جلاوطن ہونے کے بعد بچ نکلیں اور اُنہیں 9 مئی 1945 کو روسی افواج نے کراٹزاؤ کے مزدوری کے کیمپ سے آزاد کرایا۔ وہ اور اُن کی بیٹی 1947 میں ہجرت کر کے امریکہ چلے آئے۔