جوہان اسٹوسیئر
پیدا ہوا: 29 مئ، 1909
ٹیکیلس برگ, آسٹریا
جوہان کارینتھیا نامی آسٹریا کے ایک حصہ میں کیتھولک والدین کے ہاں پیدا ہوا۔ ادھر اس کی پرورش خاندانی فارم پر ہوئی تھی۔ جوہان کو ایکٹنگ پسند تھی اور سینکٹ مارٹن کے قریب ایک تھیٹر گروپ سے تعلق رکھتا تھا۔ اس تھیٹر میں یہوواز وھٹنس کے پیروکاروں کا اجتماع بھی ہوا کرتا تھا۔ 1920 کی دہائی کے اختتام کے دوران وہ بھی یہوواز وھٹنس کا پیروکار بن گیا اور سینکٹ مارٹن کے ارد گرد کے علاقوں میں تبلیغی سرگرمیاں شروع کر دیں۔
1933-39: آسٹریائی حکومت نے سن 1936 میں یہوواز وھٹنس کے مشنری کام پر پابندی لگا دی مگر اس کے باوجود بھی جوہان نے اپنا یہ کام جاری رکھا۔ یہوواز وھٹنس کے پیروکاروں کیلئے حالات اور بھی بگڑ گئے جب مارچ 1938 میں جرمنی نے آسٹریا پر قبضہ کر لیا۔ دوسرے پیروکاروں کی طرح جوہان نے ہٹلر کو سلامی دینے، ہٹلر کی وفاداری کا حلف اٹھانے یا جرمن فوج میں بھرتی ہونے سے انکار کر دیا تھا۔
1940-44: اپریل 1940 میں گسٹاپو خفیہ پولیس نے جوہان کو گرفتار کر لیا اور کلاگنفورٹ میں قید کر دیا۔ نازیوں نے اس کو نیوئن گامے کے حراستی کیمپ میں بھیجا اور بعد میں ساخسین ھاؤسن کیمپ میں جلا وطن کر دیا۔ ساخسین ھاؤسن میں جرمنوں نے جوہان کو یہوواز وھٹنس کے عقیدے کو چھوڑنے پر مجبور کرنے کی کوشش کی مگر جوہان نے ایسا کرنے سے انکار کر دیا۔ خلاف قانون ہونے کے باوجود جوہان نے ایک چھوٹی سی بائبل چھپا رکھی تھی اور اس کے مقدس صفحات پڑھ کر جوہان کے ایمان کو اور تقویت ملی کہ خدا کی قوت نازی نظام کی قوت سے زیادہ طاقتور ہے۔
7 مئی 1944 کو ساخسین ھاؤسن میں جوہان کو جان سے مار دیا گیا۔ وہ 34 سال کا تھا۔