جولین نوگا
پیدا ہوا: 31 جولائ، 1921
سکرزنکا, پولینڈ
اس بات کے باوجود کہ جولین کے والدین پولینڈ سے تعلق رکھنے والے کیتھولک تھے اور پہلی جنگ عظیم سے قبل ہی امریکہ ہجرت کر چکے تھے، ان کی والدہ پولینڈ واپس آ گئیں اور جولین جنوبی پولینڈ کے ایک ٹارناؤ نامی بڑے قبصے کے تھوڑے ہی فاصلے پر واقع ایک گاؤں میں پیدا ہوا۔ جولین کی پرورش اس کی والدہ نے سکرزنکا میں اپنے چار ایکڑ کے فارم پر کی جبکہ اس کے والد امریکہ میں رہے۔
1933-39: 16 برس کی عمر میں میں نے ٹارناؤ میں ایک اچھے سے یہودی کلب میں برتن دھونے کی ملازمت کی۔ ستمبر 1939 میں جب جرمنوں نے حملہ کیا تو میں واپس اپنے گاؤں لوٹ گیا۔ وہاں سکرزنکا کے رہنے والے 27 یہودیوں کو، جنہیں میں جانتا تھا، خود اپنی قبریں کھودنے پر مجبور کر دیا گیا۔ پھر انہیں گولی مار دی گئی۔ ایک قریبی جنگل میں مجھے ایک بندوق ملی جو کسی پسپا ہونے والے پولینڈ کے سپاہی نے چھوڑ دی تھی۔ وہ میں نے لے کر چھپا دی۔ مگر مجھے دھوکا دیا گیا اور لنز کے قریب امیر زمیندار کے پاس کھیت میں کام کرنے کیلئے آسٹریا میں جلاوطن کر دیا گیا۔
1940-44: مجھے زمیندار کی بیٹی فریڈا سے پیار ہو گیا اور وہ بھی مجھے چاہتی تھی۔ جب اس کے والد نے اعتراض کیا تو وہ ایک دوسرے فارم پر چلی گئی۔ نازی قانون کے تحت پولش اور جرمنوں کے مابین رومان پر پابندی کے باوجود ہم چھپ چھپ کر ملتے رہے۔ گسٹاپو نے مجھے دھمکی دیتے ہوئے کہا "اگر تم فریڈا سے دوبارہ ملے تو تمھیں پھانسی پر لٹکا دیا جائے گا۔" مجھے دوسری زمین پر کام کرنے کیلئے بھیج دیا گیا۔ مگر پھر بھی ہم ایک دوسرے سے اُس وقت تک ملتے رہے جب مجھے 19 ستمبر 1941 کو گرفتار کر لیا گیا۔ مجھے ایک قریبی جیل میں قید کر دیا گیا۔ پھر کمر توڑ مشقت کیلئے مجھے فلوسن برگ کی ایک کان میں منتقل کر دیا گيا۔
23 اپریل 1945 کو فلوسن برگ سے باہر ایک جبری مارچ کے دوران جولین کو آزاد کر دیا گیا۔ جنگ کے بعد بچھڑے جولین اور فریڈا دوبارہ مل گئے اور شادی کر کے امریکہ میں آباد ہو گئے۔