کارل گوراتھ
پیدا ہوا: 12 دسمبر، 1912
بیڈ ذویشیناحن, جرمنی
کارل شمالی جرمنی کے بیڈ ذویشیناحن نامی ایک چھوٹے سے قصبے میں پیدا ہوا۔ جب اس کی عمر دو سال تھی تو اس کا خاندان نقل مکانی کر کے بریمرہیون کی بندرگاہ چلا گیا۔ اس کے والد ایک جہازران تھے اور اس کی والدہ ایک مقامی ہسپتال میں نرس بن گئیں۔ اپنے والد کے انتقال کے بعد کارل اپنی والدہ کے ساتھ رہا۔ کارل نے بیس سال کی عمر میں اپنے علاقے کے گرجے میں ڈیکن کی تربیت حاصل کرنی شروع کر دی۔
1933-39: میری عمر 26 سال تھی جب میرے حاسد محبوب نے مجھے چھوڑ دیا اور مجھے اپنے گھر سے کریمینل کوڈ کے پیراگراف 175 کے تحت گرفتار کر لیا گيا جس کے مطابق ہم جنس پرستی ایک "غیرفطری" عمل تھا۔ یہ قانون برسوں سے کتابوں میں موجود تھا۔ تاہم نازیوں نے اس کا دائرہ کار بڑھا دیا اور اس کے بہانے بڑی تعداد میں ہم جنس پرستوں کو گرفتار کیا۔ مجھے ہیمبرگ کے قریب نیوئنگمے کے حراستی کیمپ میں قید کر دیا گيا جہاں "175 والوں" کو گلابی رنگ کی تکونی پٹی باندھنے کا حکم دیا گیا تھا۔
1940-44: میں نے چونکہ نرس کی کچھ تربیت حاصل کر رکھی تھی اس لئے مجھے وٹنبرگ کے ذیلی کیمپ میں قیدیوں کے ہسپتال میں کام کرنے کیلئے منتقل کر دیا گیا۔ ایک دن ایک چوکیدار نے مجھے پولینڈ کے جنگی قیدی مریضوں کو دی حانے والی روٹی کی خوراک کم کرنے کا حکم دیا۔ مگر میں نے انکار کر دیا اور کہا کہ پولش لوگوں کے ساتھ اس قسم کا برتاؤ کرنا غیر انسانی ہے۔ سزا کے طور پر مجھے آش وٹز بھیج دیا گيا اور اس بار "175 والوں" کی پٹی کے بجائے سیاسی قیدیوں کی لال تکونی پٹی پہنائی گئ۔ آش وٹز میں میرا ایک پالش محبوب تھا۔ اس کا نام زبگنیو تھا۔
کارل کو 1945 میں آش وٹز سے رہائی مل گئی۔ جنگ کے بعد اس کے ریکارڈ میں پیراگراف 175 کے تحت اس کو ہم جنس پرست قرار دئے جانے کے باعث اس کو کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔