مینڈل روزن بلٹ
پیدا ہوا: 13 نومبر، 1907
لوکو, پولینڈ
مینڈل ایک مذہبی یہودی خاندان کے چھ بچوں میں سے ایک تھا۔ مینڈل نے بیس برس کی عمر میں شادی کر لی اور اپنی بیوی کے ساتھ اس کے وطن ولومن چلا گیا جو وارسا کے قریب واقع ہے۔ اس کے بیٹے اوراھم کی پیدائش کے ایک ہفتہ بعد اس کی بیوی کا انتقال ہو گیا۔ اپنی بیوی کی موت کے غم میں ڈوبا اور ایک بچے کی دیکھ بھال کرنے سے قاصر مینڈل نے اپنی سالی پیریلے سے شادی کر لی۔
1933-39: ولومن میں مینڈل نے لکڑی کا ایک گودام چلایا۔ 1935 میں ان کے ہاں ایک بیٹی ٹووا پیدا ہوئی۔ جب اوراھم اور ٹووا کچھ بڑے ہوئے تو وہ ایک یہودی اسکول جانے لگے جہاں وہ عام مضامین پولش زبان میں اور یہودی مضامین عبرانی زبان میں پڑھتے تھے۔ اوراھم کی عمر 8 اور ٹووا کی 4 برس تھی جب جرمنوں نے پولینڈ پر یکم ستمبر 1939 کو حملہ کر دیا۔
1940-44: 1940 کے موسم خزاں تک روزن بلٹ کے خاندان کو وارسا کی یہودی بستی بھیجا جا چکا تھا۔ اپریل 1943 میں یہودی بستی کی بغاوت کے دوران مینڈل اور ان کا خاندان وارسا کے مضافات کی طرف فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ ان کا فیصلہ تھا کہ اگر کوئی اس ہنگامے میں گم ہو جائے تو وہ ایک فارم ھاؤس میں ملیں گے۔ اچانک اوراھم غائب ہو گیا۔ پیریلی اسے ڈھونڈنے نکلی اور اس کے بعد کسی کو معلوم نہیں ہوا کہ اس کے ساتھ کیا ہوا۔ بالآخر مینڈل کو اوراھم مل گیا، ننگے پیر، فارم ہاؤس میں۔ اس کے کچھ عرصہ بعد مینڈل، اوراھم اور ٹووا کو گرفتار کر لیا گیا اور آش وٹز میں جلاوطن کر دیا گیا۔
آش وٹز میں مینڈل کو سخت مزدوری کیلئے منتخب کیا گيا۔ اس کے بچوں کو گیس کے ذریعے ہلاک کر دیا گیا۔ 1947 میں مینڈل نے امریکہ ہجرت کر لی اور ایک نئی زندگی شروع کی۔