پولا ویجکمین
پیدا ہوا: 1928
کیلچ, پولینڈ
پولا پولینڈ کے جنوب مشرق میں واقع کیلچ نامی شہر میں رہنے والے ایک مذہبی یہودی گھرانے میں بڑی ہوئی۔ اس کے گھر والے ایک جدید دومنزلہ اپارٹمنٹ کامپلیکس میں رہتے تھے۔ پولا کے والد ضلع کی واحد ٹرک چلانے والی کمپنی کے مالک تھے۔ اس کا بڑا بھائی ہرمن مذہبی اسکول میں تعلیم حاصل کرتا تھا، جبکہ پولا صبح سرکاری کنڈرگارٹن جاتی تھی اور شام کو مذہبی اسکول۔
1933-39: پولا کے اسکول کا یونیفارم نیوی بلو بلیزر اور اس کے ساتھ سفید قمیض اور چنٹ والے اسکرٹ پر مشتمل تھا۔ نو سال کی عمر میں وہ اسکول میں "کراکوویاک" نامی ڈانس کرتی تھی۔ جب اس کا بھائی وہاں موجود نہيں ہوتا تھا، لڑکے اس کے ساتھ دوستی کرنے کی بھی کوشش کرتے تھے۔ یکم ستمبر 1939 کو جرمنی نے پولینڈ پر حملہ کیا۔ پولا کے والد نے جرمن افواج کے کیلچ پہنچنے کا انتظار نہیں کیا۔ انہوں نے ایک ٹرک لادا اور گھر والے سوویت سرحد سے 30 میل دور ٹوچن نامی قصبے کی طرف فرار ہو گئے۔
1940-44: پولا کی والدہ سامان لانے کے لئے کیلچ واپس آ رہی تھیں جب پولینڈ کی تقسیم کرنے والی سرحد بند ہو گئی اور وہ وہیں پھنس گئیں۔ 4 جولائی 1949 کو جرمن افواج نے ٹوچن پر قبضہ کر لیا۔ جب گھر والوں نے سنا کہ قریب رہنے والے یہودیوں کا اجتماعی طور پر قتل کیا جا رہا ہے، انہوں نے کپڑے کی اُس فیکٹری کی لکڑی کی زمین کے نیچے بنکر بنا لیا جہاں وہ کام کرتے تھے۔ انہیں معلوم تھا کہ جو گڑھے جرمن اور یوکرینین کھود رہے تھے وہ انہي کے لئے تھے۔ 24 ستمبر 1942 کو علی الصبح یہودی بستی کے اندر پولیس گھس آئی۔ ہر طرف آگ لگی ہوئی تھی۔ گڑبڑ میں پولا اور اس کے والد بنکر کی طرف بھاگ گئے۔
جرمنوں کو بنکر مل گیا اور پولا اور اس کے والد کو گولی مار دی گئی۔ وہ14 سال کی تھی۔