اسٹیفینیا (فیوزیا) پوڈگورسکا
پیدا ہوا: 1925
لیپا, پولینڈ
اسٹیفینیا، پرزیمسل کے قریب ایک گاؤں کے کیتھولک خاندان کے ہاں پیدا ہوئی۔ وہ ایک بڑے کھیت پر رہتے تھے اور متعدد قسم کی فصلیں اُگاتے تھے۔ اس کے والد زمین پر کھیتی باڑی کا کام کرتے تھے اور اس کی والدہ ایک تجربہ کار دائی تھیں اور گھر اور اپنے آٹھ بچوں کی دیکھ بھال کرتی تھیں۔
1933-39: میرے والد ایک بیماری میں مبتلا ہونے کے بعد 1938 میں انتقال کر گئے۔ اپنی والدہ کی اجازت لے کر میں 1939 میں پرزیمسل میں اپنی بہن کے پاس چلی گئی۔ 14 سال کی عمر میں میں نے ڈائمنٹس نامی ایک یہودی خاندان کی پنساری کی دکان میں کام کیا۔ انہوں نے میرے ساتھ گھر جیسا برتاؤ کیا اور 14 ستمبر 1939 میں جب جرمنوں نے [پولینڈ] پر حملہ کیا تو میں رہنے کیلئے ان کے گھر منتقل ہو گئی۔ مگر دو ہفتوں کے بعد سوویت یونین نے شہر پر قبضہ کر لیا [جرمن سوویت معاہدے کے تحت]۔ پنساری کی دکان کھلی رہی اور میں اپنے گاہکوں کو بیچنے کیلئے بازار سے کھانا خریدا کرتی تھی۔
1940-44: جون 1941 میں جرمنوں نے دوبارہ شہر پر قبضہ کر لیا۔ پرزیمسل کے تمام یہودیوں کی طرح ڈائمنٹس کو بھی یہودی بستی جانے پر مجبور کر دیا گیا۔ میری والدہ کو جبری مشقت کیلئے جرمنی بھیج دیا گیا۔ میری عمر 16 سال تھی اور مجھے اپنی 6 سالہ بہن کی دیکھ بھال کیلئے چھوڑ دیا گيا۔ مجھے یہودی بستی کے باہر ایک اپارٹمنٹ مل گیا اور میں اپنے کپڑوں کے بدلے کھانا لیا کرتی تھی۔ سن 1941 میں خبر پھیلی کہ یہودی بستی کو بند کیا جا رہا ہے۔ میں نے کچھ یہودیوں کو چھپا کر آخری پکڑ دھکڑ سے بچانے کا فیصلہ کر لیا۔ مزید جگہ کیلئے میں ایک جھونپڑے میں منتقل ہو گئی۔ بہت ہی جلد 13 یہودی میرے چوبارے میں ایک خفیہ جگہ میں چھپے ہوئے تھے۔
27 جولائی 1944 کو پرزیمسل کو آزادی مل گئی۔ 17 سالہ اسٹیفینیا نے جن یہودیوں کی مدد کی تھی وہ سب جنگ سے زندہ بچ گئے۔ 1961 میں وہ جوزف ڈائمینٹ کے ساتھ ہجرت کر کے امریکہ چلی گئی جس کے ساتھ اس نے شادی کر لی۔