یوجینکس
یوجینکس کے نظریات، یا جرمن سیاق و سباق میں "نسل کشی" نے نازی جرمنی کی بہت سی ایذا رسانی کی پالیسیوں کو تشکیل دیا۔
اہم حقائق
-
1
یوجینکس، یا "نسل کشی" انیسویں صدی کے آخر اور بیسویں صدی کے اوائل کی ایک سائنسی تحریک تھی۔
-
2
اگرچہ آج یوجینکس کو ایک نیم سائنس کے طور پر مانا جا سکتا ہے، لیکن بیسویں صدی کی ابتدائی دہائیوں میں اسے جدید سائنس کے طور پر دیکھا جاتا تھا۔ یوجینکس معاشرے زیادہ تر صنعتی دنیا میں پھیلے، خاص طور پر ریاستہائے متحدہ امریکہ، برطانیہ اور جرمنی میں تیزی سے ابھرے۔
-
3
یوجینکس نے نازیوں کی لازمی نس بندی کی پالیسی کی بنیاد فراہم کی اور اس نے خفیہ "یوتھنیزیا " (T4) پروگرام میں ادارہ جاتی معذور افراد کے قتل کو بنیاد بنایا۔
پسِ منظر
نازی ایذا رسانی کی پالیسیوں کی ایک قابل ذکر تعداد نسل کشی کے نظریات، یا یوجینکس سے پیدا ہوئی ہے۔ بیسویں صدی کی پہلی دہائیوں میں اس طرح کے نظریات بین الاقوامی سائنسی برادری میں رائج تھے۔ "یوجینکس" نامی اصطلاح کو (یونانی سے "اچھی پیدائش یا اسٹاک" کے لئے) 1883 میں انگریز ماہر فطرت سر فرانسس گیلٹن نے وضع کیا تھا۔ اصطلاح کا جرمن متبادل "نسل کشی" (Rassenhygiene)، کو پہلی بار جرمن ماہر اقتصادیات الفریڈ پلوٹز نے 1895 میں استعمال کیا تھا۔ تحریک کے اعتقادی نظام کا بنیادی اصول یہ تھا کہ انسانی وراثت طے شدہ اور ناقابل تغیر ہے۔
یوجینک نظریات
یوجینکسٹس کے لیے، جدید معاشرے کی سماجی برائیاں — جرم، ذہنی بیماری، شراب نوشی، اور یہاں تک کہ غربت — موروثی عوامل سے پیدا ہوئی ہیں۔ یوجینک تھیوری کے حامیوں کو اس بات کا یقین نہیں تھا کہ 19ویں صدی کے آخر میں یورپ اور شمالی امریکہ میں تیزی سے صنعت کاری اور شہری کاری (urbanization) کی طرح یہ مسائل ماحولیاتی عوامل سے پیدا ہوئے ہیں۔ بلکہ، انہوں نے یوجینکس کی سائنس کو آگے بڑھایا تاکہ وہ صحت عامہ اور اخلاقیات میں گراوٹ کو ختم کر سکیں۔
یوجینکسٹس کے تین بنیادی مقاصد تھے۔ سب سے پہلے، انہوں نے "موروثی" خصلتوں کو دریافت کرنے کی کوشش کی جوکہ معاشرتی برائیوں کا سبب بنتی ہیں۔ دوسرا، ان کا مقصد ان مسائل کے حیاتیاتی حل تیار کرنا تھا۔ آخر کار، یوجینکسٹس نے ان کا مقابلہ کرنے کے لیے صحت عامہ کے اقدامات کے لیے مہم چلانے کی کوشش کی۔
یوجینک نظریات کا بین الاقوامی اثر
یوجینکس کو جرمنی میں اس کی سب سے زیادہ بنیاد پرست تشریح ملی، لیکن اس کا اثر کسی بھی طرح صرف اسی قوم تک محدود نہیں تھا۔ انیسویں صدی کے اواخر اور بیسویں صدی کے اوائل میں، یوجینک معاشرے زیادہ تر صنعتی دنیا میں پھیل گئے۔ مغربی یورپ اور امریکہ میں 1910 اور 1920 کی دہائیوں میں اس تحریک کو قبول کرلیا گیا۔ ان جگہوں پر زیادہ تر حامیوں نے امریکی وکیل چارلس ڈیون پورٹ کے مقاصد کی تائید کی۔ ڈیوین پورٹ نے "بہتر افزائش نسل کے ذریعے نسل انسانی کی بہتری کے لیے وقف سائنس" کے طور پر یوجینکس کی ترقی کی وکالت کی۔ اس کے حامیوں نے "مثبت" یوجینک کوششوں کے لیے آواز بلند کرنا شروع کردی۔ انہوں نے عوامی پالیسیوں کی وکالت کی جن کا مقصد جسمانی، نسلی اور موروثی طور پر "صحت مند" افراد کو برقرار رکھنا تھا۔ مثال کے طور پر، انہوں نے "مستحق" خاندانوں کو ازدواجی مشاورت، زچگی کی تربیت، اور سماجی بہبود فراہم کرنے کی کوشش کی۔ ایسا کرکے، یوجینکس کے حامیوں نے اس بات کی امید ظاہر کی کہ وہ "بہتر" خاندانوں کو دوبارہ پیدا کرنے کی ترغیب دیں گے۔
معاشرے کے "کارآمد" اراکین کی حمایت کرنے کی کوششیں منفی اقدامات لے کر آئیں۔ مثال کے طور پر، معاشی وسائل کو "کم قابل قدر" سے پھیرنے کی کوششیں کی گئیں تاکہ یہ "قابل افراد" کو فراہم کیے جا سکیں۔ یوجینکسٹس نے ذہنی طور پر بیمار اور علمی طور پر معذور افراد کو بھی نشانہ بنایا۔ جرمنی اور ریاستہائے متحدہ امریکہ میں یوجینکس کمیونٹی کے بہت سے ارکان نے محدود ذہنی یا سماجی صلاحیت والے معاشرے کے طبقات کو پسماندہ کرنے کے لیے حکمت عملی کو فروغ دیا۔ انہوں نے رضاکارانہ یا لازمی نس بندی کے ذریعے اپنی تولید کو محدود کرنے کو فروغ دیا۔ یوجینکسٹس نے یہ استدلال اپنایا کہ صلاحیت میں کمی اور بدحالی، بے قاعدگی اور جرائم کے درمیان براہ راست تعلق ہے۔
جرمنی اور امریکہ میں یوجینک کمیونٹی کے ارکان بھی نسلی طور پر "کمتر" اور غریبوں کو خطرناک سمجھتے تھے۔ یوجینکسٹس نے اس بات کو برقرار رکھا کہ اس طرح کے گروہ وراثت میں ملنے والی کمیوں سے داغدار تھے۔ ان کا یہ خیال تھا کہ یہ گروہ قومی برادری کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ نیز یہ معاشرے پر مالی بوجھ ڈال رہے ہیں۔
عام طور پر یوجینکسسٹس کے "سائنسی طور پر تیار کردہ" نتائج نے رائج تعصب کو آگے بڑھانے کے علاوہ کچھ زیادہ نہیں کیا۔ تاہم، اپنی کوششوں میں "تحقیق" اور "نظریے" کو استعمال میں لاتے ہوئے، یوجینکسٹس اپنے عقائد کو سائنسی حقیقت قرار دے سکتے ہیں۔
نازی نسل کشی
جرمن یوجینکس نے 1933 کے بعد ایک الگ اور خوفناک راستہ اختیار کرلیا۔ 1914 سے پہلے، جرمن نسل کشی کی تحریک اپنے برطانوی اور امریکی ہم منصبوں سے بہت زیادہ مختلف نہیں تھی۔ جرمن یوجینکس کمیونٹی پہلی جنگ عظیم کے فوراً بعد مزید بنیاد پرست ہو گئی۔ چنانچہ جنگ میں بے مثال قتل عام کیا گیا۔ اس کے علاوہ، جرمنی نے پہلی اور دوسری جنگ عظیم کے درمیان کے سالوں میں معاشی تباہی دیکھی۔ ان عوامل نے موروثی طور پر "قابل و قیمتی" اور "بیکار" سمجھے جانے والوں کے درمیان تقسیم کو بڑھاوا دیا۔ مثال کے طور پر، کچھ لوگوں کا کہنا تھا کہ موروثی طور پر "قابل و قیمتی" جرمن جنگ کے میدان میں مر گئے تھے، جب کہ جیلوں، ہسپتالوں اور فلاحی سہولت گاہوں جیسے اداروں میں موجود "بیکار" جرمن پیچھے رہ گئے تھے۔ اس طرح کے دلائل ویمار اور ابتدائی نازی دور میں یوجینک نس بندی اور معذوروں اور ادارہ جاتی افراد کے لیے سماجی خدمات میں کمی کو جواز بنانے کے طریقے کے طور پر دوبارہ سامنے آئے۔
1933 تک، نسلی صفائی کے نظریات پیشہ ورانہ اور عوامی ذہنیت میں سرایت کر گئے تھے۔ ان نظریات نے ایڈولف ہٹلر اور اس کے بہت سے پیروکاروں کی سوچ کو متاثر کردیا تھا۔ انہوں نے ایک ایسا نظریہ اپنایا جس نے نسلی سام دشمنی کو یوجینک تھیوری کے ساتھ ملادیا۔ ایسا کرکے، ہٹلر کی حکومت نے ان کی انتہائی ٹھوس اور بنیاد پرست شکلوں میں یوجینک اقدامات کے نفاذ کے لیے سیاق و سباق اور وسعت فراہم کی۔
نسل کشی نے نازی جرمنی کی بہت سی نسلی پالیسیوں کو تشکیل دیا۔ طبی پیشہ ور افراد نے ان میں سے بہت سی پالیسیوں کو نافذ کیا اور ان افراد کو نشانہ بنایا جن کو نازیوں نے "مورثی طور پر بیمار" کے طور پر بیان کیا تھا: یعنی ذہنی، جسمانی یا سماجی معذوری کے حامل افراد۔ نازیوں نے یہ دعویٰ کیا کہ ان افراد نے معاشرے اور ریاست پر جینیاتی اور مالی دونوں طرح کا بوجھ ڈالا ہے۔
نازی حکام نے "موروثی طور پر بیمار" کے طور پر درجہ بند افراد کی تولیدی صلاحیتوں میں مداخلت کرنے کا عزم کیا۔ انہوں نے جو اولین یوجینک اقدامات شروع کیے ان میں سے ایک موروثی بیماریوں کے ساتھ اولاد کی روک تھام کے لیے 1933 کا قانون تھا ("موروثی صحت کا قانون")۔ قانون نے نو معذوریوں اور عوارض کے لیے جبری نس بندی کو لازمی قرار دیا، بشمول شیزوفرینیا اور "موروثی کمزور ذہنیت"۔ اس قانون کے نتیجے میں، نازی جرمنی میں بالآخر 400,000 جرمنوں کی نس بندی کی گئی۔ مزید برآں، یوجینک عقائد نے جرمنی کے 1935 کے ازدواجی صفائی کے قانون کو تشکیل دیا۔ اس قانون نے "بیمار، کمتر، یا خطرناک جینیاتی مواد" والے افراد کی "صحت مند" جرمن "آریائی" سے شادی پر پابندی لگا دی۔
خلاصہ
یوجینک تھیوری نے "یوتھنیزیا" (T4) پروگرام کی بنیاد فراہم کی۔ اس خفیہ پروگرام نے پورے جرمنی میں ریخ کے اداروں میں مقیم معذور مریضوں کو قتل کا نشانہ بنایا۔ ایک اندازے کے مطابق 250,000 مریض، جن میں سے زیادہ تر جرمن "آریائی" تھے، قتل کی اس خفیہ کارروائی کا شکار ہوئے تھے۔