اگرچہ نازیوں کے اصل نشانہ یہودی تھے، مگر پھر بھی انہوں نے مختلف طریقوں سے مزاحمت کی، اجتماعی طور پر بھی اور انفرادی طور پر بھی۔ جرمنی کے زیر قبضہ یورپ میں نازیوں کی پالیسوں کے خلاف یہودیوں کی منظم مسلح مزاحمت سب سے زیادہ طاقتور تھی۔ یہودی شہریوں نے مقبوضہ پولینڈ اور سوویت یونین میں 100 سے زیادہ یہودی بستیوں میں مسلح مزاحمت کی. سب سے زیادہ مشہور کیس میں اپریل مئی 1943 میں، یہودیوں نے مولوٹوو کے مختلف ہتیھاروں، بم اور بہت سے چھوٹے چھوٹے ہتھیاروں سے جرمن ٹینکوں پر حملہ کرتے ہوئے وارسا بستی میں مسلح بغاوت کی۔ اس بغاوت کو بے اثر کرنے کیلئے جرمن فوج کو تقریبا ایک مہینے کا وقت لگا۔ یہودی قیدیوں نے قتل کے تین مراکز پر اپنے گارڈز کے خلاف بغاوت کی۔ اگست 1943ء میں ٹریبلنکا میں اور اکتوبر 1943 میں سوبی بور میں قیدوں سے چوری کئے گئے ہتھیاروں کے ساتھ کیمپ کے عملے پر حملہ کیا۔ جرمنوں اور ان کی مدد کرنے والوں نے زیادہ تر باغیوں کو ہلاک کر دیا۔ آشوٹز-برکیناؤ میں اکتوبر 1944ء میں قیدیوں نے سپاہیوں کے خلاف بغاوت کی۔ تقریبا 250 قیدی لڑائی کے دوران ہلاک ہو گئے؛ ایس ایس گارڈز نے بغاوت دب جانے کے بعد 200 افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

جرمنی کے زير قبضہ یا حلیف ممالک میں یہودی مزاحمت اکثر امداد اور بچاؤ کی صورت میں تھی۔ جرمن مقبوضہ یورپ میں یہودی لوگ چھپنے کیلئے جگہیں یا کھانا ڈھونڈنے اور جعلی شناختی کاغذات کے حصول میں دوسرے یہودیوں کی مدد کرتے تھے۔ 1944 میں فلسطین میں موجود یہودی حکام نے ہنگری اور سلواکیہ میں خفیہ طور پر یہودیوں کی مدد کرنے کیلئے مخفی چھاتہ بردار بھیجے۔ ہزاروں یہودوں نے بیلجیم، فرانس، اٹلی، پولینڈ، یوگوسلاویہ، یونان اور سلوواکیہ میں قومی مزاحمتی تحریکوں کے ارکان اور ساتھ ہی ساتھ سوویت حمایتی لڑاکا یونٹ میں لڑائی کی۔ یہودی بستیوں اور کیمپوں میں نازیوں کے ظلم کے خلاف یہودیوں نے روحانی مزاحمت کی مختلف شکلوں سے بھی کام لیا۔ انہوں نے یہودیوں کی تاریخ اور فرقہ وارانہ زندگی کو محفوظ رکھنے کیلئے ہوش مند کوششیں کیں۔ ان کی کوششوں میں شامل تھے: یہودی ثقافتی اداروں کی تشکیل، مذہبی تعطیلات اور مذہبی عمل جاری رکھنا، خفیہ تعلیم فراہم کرنا اور زیر زمین اخبار کی اشاعت اور دستاویزات جمع کر کے چھاپنا۔