"حتمی حل"
"یہودیوں کا حتمی حل" ("Endlösung der Judenfrage") نازیوں کی طرف سے یورپی یہودیوں کا دانستہ اور منظم اجتماعی قتلِ عام تھا۔ یہ 1941 اور 1945 کے درمیان ہوا۔ اس کا، اکثر ” حتمی حل“(“Endlösung”) کے طور پر حوالہ دیا جاتا تھا، اور دیا جاتا ہے۔ "حتمی حل" یورپ کے یہودیوں پر نازیوں کے ظلم و ستم کی المناک انتہا تھی۔ اس طرح، یہ ہولوکاسٹ (1933-1945) کا ایک اہم جزو ہے۔
"حتمی حل" کو انجام دینے کے لیے جرمنوں نے یورپ کے یہودیوں کے قتل کو مربوط کیا اور اس کا ارتکاب کیا۔ انہوں نے ایسی پالیسیوں کو نافذ کر کے یہودیوں کو قتل کیا جس کا نتیجہ بھوک؛ بیماری؛ دہشت گردی کی بے ترتیب کارروائیاں؛ اور بڑے پیمانے پر گولی باری اور گیسنگ کی صورت میں نکلا۔
کیا نازیوں نے ہمیشہ یہودیوں کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا؟
نہیں۔ جب 1933 میں جرمنی میں نازیوں کی حکومت آئی تو ان کے پاس یورپ کے یہودیوں کو قتل کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں تھا۔ تاہم، نازی یہود دشمن تھے۔ وہ یہودیوں کو جرمنی میں بطور مسئلہ دیکھتے تھے۔ نازیوں کے لئے ایک بڑا سوال یہ تھا: ہم جرمنی میں یہودی آبادی سے کیسے چھٹکارا پا سکتے ہیں؟ اکثر نازی اسے ”یہودی مسئلہ“ کہتے تھے۔
اجتماعی قتل نازیوں کے "یہودی مسئلے" کا پہلا حل نہیں تھا۔ درحقیقت، نازیوں نے مختلف قسم کی یہود مخالف پالیسیوں اور منصوبوں کا تجربہ کیا۔ مثال کے طور پر، 1930 کی دہائی کے دوران، انہوں نے یہودیوں کو ہجرت پر مجبور کرنے کی کوشش کی۔
لیکن دوسری جنگ عظیم (1939-1945) نے نازیوں کے "یہودی مسئلے" کو سمجھنے کا طریقہ بدل دیا۔ بالآخر، انہوں نے فیصلہ کیا کہ یہودیوں کی جبری ہجرت ایک قابل عمل حل نہیں ہے۔
دوسری جنگ عظیم نے نازیوں کی یہود مخالف پالیسیوں کو کیسے بدلا؟
دوسری جنگ عظیم کے پہلے سالوں میں نازی جرمنی نے یورپ کا بیشتر حصہ فتح کر لیا۔ نازیوں کی علاقائی توسیع اور اتحاد کے نتیجے میں لاکھوں یورپی یہودی 1939 اور 1941 کے درمیان جرمن کنٹرول میں آ گئے۔
اس وقت کے دوران، "یہودی مسئلے" نے نازیوں کے لیے ایک نئی شکل اختیار کی۔ نازیوں کی یہود مخالف پالیسیاں زیادہ سے زیادہ شدید ہوتی گئیں۔ انہوں نے ہزاروں یہودی کمیونٹیز کو متاثر کیا۔ تاہم، نازیوں نے فوری طور پر اجتماعی قتل ("حتمی حل") کا فیصلہ نہیں کیا۔
جنگ کے آغاز میں، نازیوں نے تمام تر یہودی کمیونٹیز کو منتقل کرنے پر غور کیا۔ انہوں نے یہودیوں کو جرمنی کے زیر قبضہ پولینڈ، سائبیریا، یا یہاں تک کہ افریقی ساحل سے دور ایک جزیرے مڈغاسکر میں ریزرویشن پر بھیجنے کے منصوبوں پر تحقیق کی۔ بالآخر، ان منصوبوں پر عمل درآمد کرنا بہت مشکل تھا۔ لہذا، نازیوں نے "یہودی مسئلے" کے دوسرے حل تلاش کیے۔
جرمنی کے زیر قبضہ پولینڈ میں، جرمنوں نے 1939-1940 میں یہودی بستیاں بنانا شروع کیں۔ انہوں نے یہودیوں کو مقامی غیر یہودی آبادی سے الگ تھلگ کرنے کے لیے یہ یہودی بستیاں قائم کیں۔ اقلیتی یہود بستیاں شہروں یا قصبوں کے وہ علیحدہ حصے تھے جہاں جرمن قابضین نے یہودیوں کو ضرورت سے زیادہ گنجان اور حفظانِ صحت سے عاری حالات میں رہنے پر مجبور کر رکھا تھا۔ یہ علاقے اکثر دیوار یا دیگر رکاوٹوں سے بند ہوتے تھے۔ بہت سے یہودی بستیوں کے باشندے بیماری، فاقہ کشی اور وحشیانہ بدسلوکی کے نتیجے میں مر گئے۔
نازیوں نے کب اور کیسے منظم طریقے سے یہودیوں کا اجتماعی قتل عام شروع کیا؟
نازیوں نے 1941 میں منظم طریقے سے یہودیوں کا اجتماعی قتل عام شروع کیا۔ یہ منظم قتل اسی سال جون میں جرمنی کے سوویت یونین پر حملے کے بعد شروع ہوئے۔
جیسے ہی جرمن فوج سوویت یونین کے زیر کنٹرول علاقے سے مشرق کی طرف بڑھی، خصوصی ایس ایس اور پولیس یونٹس نے ان کی جگہ لے لی۔ ان کا کام سیکورٹی کی ضمانت دینا اور نازی جرمنی کے دشمنوں یعنی کمیونسٹوں اور یہودیوں کو ختم کرنا تھا۔ عملی طور پر، ان یونٹوں نے بڑے پیمانے پر فائرنگ کی۔ انہوں نے جلد ہی مردوں، عورتوں اور بچوں سمیت پوری یہودی کمیونٹیز کو قتل کرنا شروع کر دیا۔ بعض اوقات، بڑے پیمانے پر فائرنگ کے علاوہ، یہ یونٹس موبائل گیس وین کا استعمال کرتے ہوئے یہودیوں اور دیگر افراد کو قتل کر دیتے تھے۔
منظم اجتماعی طور پر گولی چلانے اور گیسنگز نے نازیوں کی یہودی مخالف پالیسیوں کی بنیاد پرستی کی عکاسی کی۔ انہوں نے "حتمی حل" کے آغاز کو نشان زد کیا۔
قتل گاہوں نے "حتمی حل" میں کیا کردار ادا کیا؟
نازیوں کے "یہودی سوال کے حتمی حل" کے کلیدی حصے کے طور پر، نازیوں نے اجتماعی قتل کے لیے قتل گاہیں بنائیں۔ ان قتل گاہوں میں، نازیوں نے یہودیوں اور دیگر افراد کو قتل کرنے کے لیے گیس چیمبرز یا موبائل گیس وین کا استعمال کیا۔
اس سلسلے میں پانچ قتل گاہیں موجود تھیں: شیلمنو، بیلژک، سوبیبور، ٹریبلنکا اور آشوٹز برکانو۔
جرمنوں نے پورے یورپ سے یہودیوں کو ان قتل گاہوں میں جلاوطن کیا۔ زیادہ تر جلاوطنی کا آغاز جرمن کے مقبوضہ پولینڈ اور دیگر جگہوں پر جرمنوں کی قائم کردہ یہودی بستیوں سے ہوا۔
کیا "حتمی حل" ہولوکاسٹ جیسا ہی ہے؟
نہیں۔ "حتمی حل" ہولوکاسٹ جیسا نہیں ہے۔
ہولوکاسٹ 1933 سے 1945 کے درمیان یہودیوں کا منظم، سرکاری سرپرستی میں کیے جانے والا ظلم و ستم اور قتلِ عام تھا۔ نازی جرمنی اور اس کے اتحادیوں نے مربوط ہو کر ہولوکاسٹ کا ارتکاب کیا تھا۔
"یہودی مسئلے کا حتمی حل" ہولوکاسٹ کا آخری مرحلہ تھا اور 1941 سے 1945 تک جاری رہا۔ یہ یورپ کے یہودیوں کا دانستہ، منصوبہ بند اجتماعی قتل تھا۔ "حتمی حل" شروع ہونے سے پہلے بہت سے یہودی مارے گئے تھے۔ تاہم، ہولوکاسٹ میں مرنے والے یہودیوں کی اکثریت کو "حتمی حل" کے حصے کے طور پر قتل کیا گیا تھا۔
ہولو کاسٹ میں کتنے یہودیوں کو قتل کردیا گيا؟
مجموعی طور پر، نازیوں اور ان کے ساتھیوں اور اتحادیوں نے ہولوکاسٹ میں 60 لاکھ یہودیوں کو قتل کیا۔ یہ یورپ کی جنگ سے پہلے کی یہودی آبادی کا تقریباً دو تہائی تھا۔
اہم تاریخیں:
فروری 1940
لوڈز بستی کا قیام
فروری 1940 میں، "حتمی حل" کے آغاز سے پہلے جرمن حکام نے جرمنی کے زیر قبضہ پولینڈ کے شہر لوڈز میں ایک یہودی بستی قائم کی۔ اس وقت، لوڈز یورپ میں دوسری سب سے بڑی یہودی کمیونٹی کا مسکن ہے۔ 1940 میں، جرمنوں نے 160,000 سے زیادہ پولش یہودیوں کو لوڈز یہودی بستی میں زبردستی داخل کیا۔ یہ خاردار تاروں اور لکڑی کی باڑ سے گھرا ہوا ہے۔ لوڈز بستی میں کڑی مشقت، بھوک، اور گنجائش سے زيادہ افراد کا ہونا نمایاں خصوصیات ہیں۔
لوڈز یہودی بستی کا قیام یہودیوں کو غیر یہودی آبادی سے الگ کرنے کی کوششوں کی ایک مثال ہے۔
اکتوبر–نومبر 1941
مغربی اور وسطی یورپ سے یہودیوں کی لوڈز بستی میں جلاوطنی
اکتوبر اور نومبر 1941 میں، جرمن حکام نے تقریباً 20,000 یہودیوں کو مغربی اور وسطی یورپ سے لوڈز یہودی بستی میں جلاوطن کیا۔ اس میں برلن، ویانا اور پراگ جیسے شہروں کے یہودی شامل ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر یہودی بزرگ اور بیمار تھے۔ ان میں سے 3,000 سے زیادہ پہلے سات مہینوں میں مر گئے۔ ان جلاوطنیوں کی آمد نے لوڈز یہودی بستی میں زندگی کو مزید درہم برہم کر دیا، جس سے بھیڑ بھاڑ میں اضافہ ہو گیا۔
یہ جلاوطنیاں 1941 کے موسم خزاں میں نازیوں کی یہود مخالف پالیسی کی توسیع کا حصہ ہیں۔ اس وقت، نازی قائدین نے جرمنی کے شہروں کو ”یہودیوں سے پاک کرنے“ (“judenrein”) کی کوشش کرنے کا فیصلہ کیا۔ لوڈز یہودی بستی میں جلاوطنی اس عمل کا پہلا قدم ہے
16 جنوری، 1942
یہودیوں کی لوڈز بستی سے شلمینو قتل گاہ تک جلاوطنی شروع ہوتی ہے
16 جنوری 1942 کو، "حتمی حل" کے ایک حصے کے طور پر، جرمن حکام نے یہودیوں کو لوڈز بستی سے شلمینو کی قتل گاہ میں جلاوطن کرنا شروع کیا۔ جرمنوں نے خاص طور پر لوڈز بستی اور آس پاس کے علاقوں سے یہودیوں کو قتل کرنے کے لیے شلمینو میں قتل گاہ قائم کی۔ قتل گاہ لوڈز شہر سے صرف 30 میل کے فاصلے پر واقع ہے۔ دسمبر 1941 میں قتل گاہ میں گیس کی کارروائیوں کا آغاز ہوا تھا۔ شلمینو میں، یہودی جلاوطن افراد کو موبائل گیس وین میں مارا جاتا تھا۔
1944 کے موسم گرما تک، جرمن حکام نےشلمینو میں کی لوڈز بستی کے تقریباً 77,000 یہودیوں کو قتل کر دیا۔ شلمینو میں مجموعی طور پر کم از کم 167,000 یہودیوں کو قتل کیا گیا۔ ان میں سے اکثریت لوڈز سمیت ارد گرد کے علاقے کے یہودیوں کی تھی۔