برتھولڈ میوز
پیدا ہوا: 19 اگست، 1930
پیڈربورن, جرمنی
برتھولڈ اپنے والدین کی اکلوتا اولاد تھا۔ اس کی پرورش مغربی جرمنی کے ایک بڑے کیتھولک علاقے میں پیڈر بورن کے قصبے میں ہوئی۔ پیڈربورن کا قصبہ بیڈ لپ اسپرنگ کے قریب واقع تھا جہاں یہوواز وھٹنس کی جماعت مشنری کام میں مشغول تھی۔ 1933 کے آغاز میں نازیوں نے یہوواز وھٹنس کی سرگرمیوں کو جرم قرار دے دیا۔
1933-39: میں 4 سال کا تھا جب میرے والدین یہوواز وھٹنس کے پیروکار بن گئے اور میں ان کے ساتھ خفیہ بائبل میٹنگ میں جایا کرتا تھا۔ 1936 میں میں نے سرکاری اسکول جانا شروع کیا۔ 1939 میں میری والدہ کو گرفتار کر کے ریونزبروئک کے حراستی کیمپ میں بھیج دیا گیا۔ جب میں 9 سال کا تھا تو میرے والد نے مجھے اپنے چچا کے ساتھ رہنے کیلئے برلن بھیج دیا تھا۔ تاہم تین مہینے بعد میرے والد کو مجھے ارباب اختیار کے حوالے کرنے پر مجبور کر دیا گیا۔ اس کے بعد میرے والد کو فوج میں بھرتی ہونے سے انکار کر دینے کے الزام میں جیل بھیج دیا گیا تھا۔
1940-44: جرمنوں نے مجھے ایک بے اولاد جوڑے کے ہاں بھیج دیا جن کا ایک چھوٹا سا کھیت تھا۔ صبح میں اسکول جایا کرتا تھا اور بعد میں کھیتی باڑی کا کام کیا کرتا تھا۔ مجھے ہر چھ ماہ بعد اپنے والد یا والدہ کو ایک خط لکھنے کی اجازت تھی۔ مگر 1943 میں مجھے اپنے والدین کو خط لکھنے سے منع کر دیا گیا۔ ان کی حیات و سلامتی کا دعاگو ہونے کے علاوہ میرے پاس کوئی اور چارہ نہیں تھا۔ یہوواز وھٹنس کے پیروکاروں کے دیگر افراد سے میرا کوئی رابطہ نہیں تھا۔ اس کے باوجود یہووا اور بائبل کی تعلیمات میں میرے ایمان نے ہی مجھے میری تنہائی اور عدم یقینی کی کیفیت سے نکلنے میں مدد کی۔
1945 میں جب برتھولڈ کی عمر 15 برس تھی تو وہ اپنے والدین سے دوبارہ ملا اور سب نے یہوواز وھٹنس کے پیروکاروں کے طور پر اپنی زندگی گزاری۔ بعد میں برتھولڈ نے امریکہ میں سکونت اختیار کر لی۔