جوڈتھ مارگریٹ کونین
پیدا ہوا: 7 جنوری، 1930
ایمسٹرڈیم, نیدرلینڈ
جوڈتھ دو بچوں میں سے ایک تھیں جو ایک دیندار یہودی خاندان میں پیدا ہوئیں۔ جوڈتھ کی والدہ کلارا سیفارڈک تھیں۔ ان کے آباواجداد کو 1492 میں اسپین سے خارج کر دیا گیا تھا۔ اُن کے والد لوڈیوک ایمسٹرڈیم میں واقع ایک کمپنی کے نمائیندے تھے۔ یہ خاندان ایمسٹرڈیم کے جنوب میں بنائے گئے ایک نئے حصے میں ایک اپارٹمنٹ ميں رہتے تھے۔
1933-39: جوڈتھ اپنی ہم عمر کزن ہیٹی کے ساتھ گریڈ اسکول جایا کرتی تھیں۔ اُنہیں پڑھنے لکھنے کا شوق تھا۔ اُن کی والدہ گھر پر آنے والے بچوں کو پیانو بجانا سکھاتی تھیں۔ جوڈتھ کو بھی پیانو بجانے کا شوق تھا۔ اُن کے گھر والے یہودی تہوار مناتے تھے اور زیادہ تر ڈچ خاندانوں کی طرح ہر سال 6 دسمبر کو سینٹ نیکولس کے دن ایک دوسرے کو تحائف بھی دیا کرتے تھے۔
1940-43: ایمسٹرڈیم پر جرمن قبضے کے بعد نئے قوانین کے تحت یہودیوں کے لئے لائبریریوں اور عجائب گھروں میں داخلے اور گاڑیوں کے استعمال کی ممانعت ہو گئی۔ اس کے بعد یہودیوں کو شناخت کے لئے پیلا بیج پہننے کا حکم دیا گیا اور یہودی بچوں کو پبلک اسکول جانے کی اجازت نہيں تھی۔ ایک ایک کر کے جوڈتھ کے رشتہ دار غائب ہونا شروع ہو گئے اور جرمنوں کے ہتھے چڑھنے لگے۔ پھر ایک روز جب جوڈتھ کے والد رات کی شفٹ میں کام کر رہے تھے، جوڈتھ، اُن کی والدہ اور اُن کے بھائی کو جرمنوں نے حراست ميں لے لیا۔
جوڈتھ کو جلاوطن کر کے ویسٹربورک ٹرانزنٹ کیمپ بھیجا گیا۔ وہاں سے اُنہیں پولینڈ میں ایک قتل گاہ والے کیمپ بھیجا گیا۔ انتقال کے وقت اُن کی عمر 13 سال تھی۔