سسلی درمیانے طبقے سے تعلق رکھنے والے ایک یہودی خاندان کے چھ بچوں میں سب سے چھوٹی تھیں۔ 1939 میں ہنگری نے چیکوسلواکیا میں سسلی کے علاقے پر قبضہ کر لیا۔ اُن کے خاندان کے لوگوں کو قید کردیا گيا۔ جرمنوں نے ہنگری پر 1944 میں قبضہ کیا۔ سسلی اور اُن کے خاندان کے لوگوں کو ھسزٹ کی ایک یہودی بستی میں منتقل ہونا پڑا جہاں سے انھیں بعد میں آشوٹز بھجوا دیا گیا۔ سسلی اور اُن کی بہن کو جبری مشقت پر معمور کر دیا گیا۔ اُن کے خاندان کے باقی لوگوں کو کیمپ میں پہنچتے ہی گیس دیکر مار دیا گیا۔ سسلی کو کئی دوسرے کیمپوں میں منتقل کیا گيا جہاں اُنہوں نے کارخانوں میں کام کیا۔ اتحادی فوجوں نے اُنہیں 1945 میں آزاد کرایا۔ جنگ کے بعد وہ اپنے منگیتر سے دوبارہ ملیں اور اُنہوں نے شادی کر لی۔
اُنہوں نے ایک دن پہلے ہمیں بتایا کہ ہم ایک چھوٹا سوٹ کیس پیک کرسکتے ہیں اور ہمیں یہودی بستی چھوڑنے کے لئے تیار رہنا چاہیئے۔ جب ہم وہاں پہنچے میرے خیال میں وہ جگہ کبھی اینٹوں کا بھٹہ رہی ہوگی۔ وہاں اُن لوگوں نے دوبارہ ہماری تلاشی شروع کردی۔ ایس ایس کے لوگ بھی وہاں موجود تھے۔ ہر عورت، لڑکی کو بے لباس ہونا تھا اورقیمتی سامان کے لئے ہماری اندر تک تلاشی ہوئی۔ میری والدہ ایک مذہبی خاتون تھیں۔ اُس وقت میں یہی سوچ رہی تھی کہ میری والدہ کے لئے یہ چیز کتنی ہولناک ہوگي کہ وہ اس طرح کے اذیت ناک مرحلے سے گزریں۔ جب ہم فارغ ہوگئے تو میری والدہ نے میری بہن سے بچہ لے لیا کیونکہ وہ چھوٹے بچے ڈینی کو اُٹھائے ہوئے تھیں اور اُن کے پاس بچے کے دودھ کی بوتل تھی۔ ایس ایس کے لوگوں نے اس دودھ کی بوتل کو چھین لیا اور کہا، "دیکھتے ہیں کہ او گائے! تم نے اِس میں کیا ڈالا ہوا ہے۔" میری والدہ نے التجا کی، " براہ مہربانی، یہ بچے کے لئے ہے۔ بچے کو اس کی ضرورت ہے۔ براہ مہربانی میرے پوتے سے دودھ نہ چھینو۔" اس نے اُنہیں گھوڑے کے ہنٹر سے مارنا شروع کر دیا اور جب میں نے دیکھا کہ اُنہیں پیٹا جارہا ہے تو میں نے چیخنا شروع کر دیا تاکہ میں اپنی والدہ سے توجہ ہٹا سکوں۔ میری والدہ دوڑیں کیونکہ ٹرین آچکی تھی اور ہمیں اس ٹرین پر سوار ہونا تھا۔ اس جانوروں والی ٹرین پر سوار ہونا تھا۔ لہذا میں نے اپنی والدہ کی طرف سے توجہ ہٹائی تو اس نے مجھے پیٹنا شروع کر دیا اور آخر کار مجھے بھی بھاگنے کا موقع ملا۔ حتی کہ ہم سبھی اس جانور والی ٹرین پر سوار ہوگئے۔
We would like to thank Crown Family Philanthropies, Abe and Ida Cooper Foundation, the Claims Conference, EVZ, and BMF for supporting the ongoing work to create content and resources for the Holocaust Encyclopedia. View the list of donor acknowledgement.