ہیشیا ریوکینا
پیدا ہوا: 1923
منسک, بیلوروس
ہیشیا بیلا روس کے دارالحکومت منسک میں ایک یہودی گھرانے میں پیدا ہوئیں اور تین بیٹیوں میں سب سے بڑی تھیں۔ دوسری عالمی جنگ سے پہلے شہر کی آبادی کا ایک تہائی حصہ یہودیوں پر مشتمل تھا۔ ہیشیا کے والد ایک سرکاری فیکٹری میں فرنیچر بنانے کا کام کرتے تھے، ان کے کئی رشتہ دار بھی اسی پیشے سے تعلق رکھتے تھے۔ 1920 کی دہائی کے آخری حصے اور 1930 کی دہائی کے شروع میں ہیشیا نے سوویت پبلک اسکولز میں تعلیم حاصل کی۔
1933-39: ریوکین خاندان مشرقی منسک میں واقع نووومیسنیٹسکایا اسٹریٹ میں رہتے تھے۔ ہیشیا ایک ہنرمند گلوکارہ تھیں جنہیں اپنے محلے میں بہترین گلوکارہ سمجھا جاتا تھا۔ بچپن میں وہ ینگ پائیونیئرز نامی سوویت نوجوان تنظیم کا حصہ بھی رہ چکی تھیں۔ 1930 کی دہائی کے اختتام تک منسک میں جرمنی کے حملے سے فرار ہونے والے پولیش پناہ گزین بھر گئے تھے۔
1940-43: حملہ آور جرمن افواج 27 جون 1941 کو منسک پہنچ گئیں۔ اگلے ہی دن ہیشیا کے گھر کو بمباری سے تباہ کر دیا گیا اور اسی اگست میں منسک کی یہودی بستی بھیجے جانے تک گھر والے سڑک پر آ گئے۔ 7 نومبر کو روسی انقلاب کی سالگرہ پر ہیشیا اور ان کے گھر والے یہودیوں کے گھیرے کے دوران یہودی بستی میں اپنے اپارٹمنٹ میں ہی چھپے رہے۔ وہاں سے نکلنا جلاوطنی یا موت کے مترادف تھا۔ انتظار کی گھڑیاں بہت کٹھن تھیں۔ انہیں یقین تھا کہ جرمن کسی بھی وقت وہاں پہنچ جائیں گے۔ اپنے گھر والوں کو اطمینان دلانے کے لئے ہیشیا کے والد یہودی تاریخ کے قصے سنانے لگے۔
ہیشیا کے گھر والے 1941 میں جلاوطنی سے بچ گئے لیکن انہیں دو سال بعد جلاوطن کر دیا گیا۔ ہیشیا کی بہن برٹا یہودی بستی سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئیں لیکن دوسروں کے بارے میں کبھی کچھ پتہ نہ چلا۔