ڈاخاؤ کیمپ کا قیام

صبح سویرے ڈاخاؤ حراستی کیمپ کا منظر۔

ڈاخاؤ حراستی کیمپ مارچ 1933 میں قائم کیا گیا تھا۔ یہ نیشنل سوشلسٹ (نازی) حکومت کی طرف سے قائم کیا جانے والا پہلا باقاعدہ حراستی کیمپ تھا۔ میونخ کے پولیس سربراہ کی حیثیت سے ہینرک ہملر نے سرکاری طور پر اس کیمپ کو "سیاسی قیدیوں کا پہلا حراستی کیمپ" قرار دیا۔

یہ جنوبی جرمنی میں میونخ سے تقریباً 10 میل شمال مغرب میں، ڈاخاؤ قصبے کے شمال مشرقی حصے کے قریب ایک اسلحہ ساز فیکٹری کے احاطے میں واقع تھا جسے ترک کر دیا گیا تھا۔ 22 مارچ 1933 کو قیدیوں کی پہلی کھیپ کیمپ میں پہنچی۔

کیمپ میں ابتدائی سالوں میں قیدی

پہلے سال کے دوران کیمپ میں 5000 قیدیوں کی گنجائش تھی۔ ابتدائی طور پر قیدی بنیادی طور پر جرمن کمیونسٹ، سوشل ڈیموکریٹس، ٹریڈ یونینسٹ، اور نازی حکومت کے دیگر سیاسی مخالفین تھے۔ وقت گزرنے کے ساتھ، دیگر گروہوں کو بھی ڈاخاؤ میں قید کیا گیا، جیسا کہ یہوواہ کے گواہ، رومانی (خانہ بدوش)، نیز ہم جنس پرست، "گوشہ نشین" اور بار بار جرم کرنے والے۔ ابتدائی سالوں کے دوران نسبتاً کم یہودیوں کو ڈاخاؤ میں رکھا گیا تھا اور پھر عام طور پر اس وجہ سے کہ وہ مندرجہ بالا گروہوں میں سے کسی ایک سے تعلق رکھتے تھے یا 1935 کے نیورمبرگ قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر سزا پانے کے بعد جیل کی سزائیں پوری کر چکے تھے۔

ڈاخاؤ کیمپ کمپلیکس کی توسیع

اکتوبر 1933 میں ڈاکاؤ کے کمانڈنٹ تھیوڈور آئیکے نے ضابطوں کا ایک نظام متعارف کرایا جس میں قیدیوں کو معمولی جرائم پر وحشیانہ سزائیں دی جاتی تھیں۔ جب آئیکے نئے قائم شدہ جرمن حراستی کیمپ سسٹم کا انسپکٹر بن گیا تو اس نے یقینی بنایا کہ ڈاخاؤ کیمپ بعد کے تمام حراستی کیمپوں کے لیے ایک ماڈل کے طور پر کام کرے۔ یہ ایس ایس گارڈز کے لیے ایک تربیتی مرکز بھی بن گیا جو حراستی کیمپ کے پورے نظام میں تعینات تھے۔

1937 کے اوائل میں، ایس ایس نے قیدی مزدوری کا استعمال کرتے ہوئے اصل کیمپ کی بنیاد پر عمارتوں کے ایک بڑے کمپلیکس کی تعمیر شروع کی۔ قیدیوں کو یہ کام کرنے پر مجبور کیا گیا، جس کا آغاز خوفناک حالات میں پرانے گولہ بارود کے کارخانے کی تباہی سے ہوا۔ تعمیر سرکاری طور پر اگست 1938 کے وسط میں مکمل ہوئی اور 1945 تک کیمپ میں بنیادی طور پر کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ اس طرح ڈاخاؤ تیسرے رائخ کی پوری مدت تک کام کرتا رہا۔

ڈاخاؤ کیمپ ایس ایس کے حراستی کیمپ کے محافظوں کا تربیتی مرکز تھا۔ کیمپ کا نظم اور معمول تمام نازی حراستی کیمپوں کے لیے نمونہ بن گئے۔

ڈاخاؤ کیمپ میں یہودی قیدی

یہودیوں کے بڑھتے ہوئے ظلم و ستم کے ساتھ ڈاخاؤ میں یہودی قیدیوں کی تعداد میں اضافہ ہوا۔ 11-10 نومبر 1938 کو کرسٹلناخت کے نتیجے میں تقریباً 11,000 یہودی مردوں کو وہاں قید کیا گیا تھا۔ اس گروپ کے زیادہ تر مردوں کو چند ہفتوں سے چند ماہ کی قید کے بعد رہا کیا گیا، اور بہت سے لوگوں کے یہ ثابت کرنے کے بعد رہا کر دیا گیا کہ انہوں نے جرمنی سے ہجرت کرنے کے انتظامات کیے تھے۔ جرمن یہودیوں کو جرمن مقبوضہ مشرقی حصے میں یہودی بستیوں اور قتل گاہوں میں بھیجے جانے کے بعد ڈاخاؤ میں یہودیوں کی آبادی ڈرامائی طور پر کم ہو گئی۔ یہودی ایک بار پھر اس کی قیدیوں کی آبادی میں شامل ہوئے جب موت کا مارچ مشرق میں ان کیمپوں سے ہزاروں قیدیوں کو جرمنی کے اندرونی حصے میں لایا۔  

ڈاخاؤ حراستی کیمپ کے حصے

جبری مشقت کے ایک کیمپ کے قیدی۔ یہ تصویر ایس ایس کے ایک معائنے کے دوران لی گئی تھی۔

کیمپ کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا تھا — کیمپ کی جگہ اور لاشوں کو جلانے کے مقامات۔ کیمپ کی جگہ 32 بیرکوں پر مشتمل تھی جن میں سے ایک نازی حکومت کی مخالفت کرنے پر قید پادریوں کے لیے اور ایک طبی تجربات کے لیے مخصوص تھی۔

کیمپ انتظامیہ مرکزی دروازے پر گیٹ ہاؤس میں موجود ہوتی تھی۔ کیمپ کی جگہ میں معاون عمارتوں کا ایک گروپ تھا، جس میں باورچی خانے، کپڑے دھونے کی جگہ، شاورز اور ورکشاپس کے ساتھ ساتھ ایک جیل بلاک (بنکر) تھا۔ جیل اور مرکزی باورچی خانے کے درمیان کے صحن کو قیدیوں کی مشترکہ پھانسی کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔ خاردار تاروں کی ایک برقی باڑ، ایک کھائی اور سات محافظ ٹاوروں والی ایک دیوار نے کیمپ کو گھیر رکھا تھا۔

1942 میں مرکزی کیمپ کے ساتھ ہی لاشیں جلانے کی بھٹی تعمیر کی گئی تھی۔ اس میں لاشیں جکانے کی پرانی بھٹی اور گیس چیمبر والا نیا قبر خانہ (بیرک X) شامل تھے۔ اس کا کوئی مصدقہ ثبوت نہیں ہے کہ بیرک X میں گیس چیمبر کو انسانوں کے قتل کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔ اس کے بجائے قیدیوں کو "انتخاب" سے گزرنا پڑا؛ جن لوگوں کو کام جاری رکھنے کے لیے بہت زیادہ بیمار یا کمزور سمجھا جاتا تھا، انہیں لنز، آسٹریا کے قریب ہارتھیم "آسان موت" قتل گاہ بھیج دیا گیا۔ 2,500 سے زیادہ ڈاخاؤ قیدیوں کو ہارتھیم کے گیس چیمبرز میں قتل کیا گیا۔ اس کے علاوہ فائرنگ کے ذریعے بڑے پیمانے پر سزائے موت دی گئی، پہلے بنکر کے صحن میں اور بعد میں خصوصی طور پر تیار کردہ ایس ایس کی فائرنگ رینج میں۔ 1941 میں سوویت یونین کے حملے کے بعد کم از کم 4,000 سوویت جنگی قیدیوں سمیت وہاں ہزاروں ڈاخاؤ قیدیوں کو قتل کر دیا گیا۔

طبی تجربات

1942 کے آغاز سے جرمن معالجین نے ڈاخاؤ میں قیدیوں پر طبی تجربات کیے تھے۔ لفٹ واف (Luftwaffe) (جرمن ایئر فورس) اور جرمن تجرباتی ادارہ برائے ہوا بازی (German Experimental Institute for Aviation) کے معالجین اور سائنسدانوں نے اونچائی اور ہائپوتھرمیا کے تجربات کے ساتھ ساتھ سمندری پانی کو پینے کے قابل بنانے کے طریقوں کی جانچ کرنے کے لیے تجربات کیے۔ ان کوششوں کا مقصد ان جرمن پائلٹوں کی مدد کرنا تھا جنہوں نے بمبار حملے کیے یا جنہیں برفیلے پانیوں میں مارا گیا۔ جرمن سائنسدانوں نے ملیریا اور تپ دق جیسی بیماریوں کے خلاف ادویات کی افادیت کو جانچنے کے لیے تجربات بھی کیے۔ ان تجربات کے نتیجے میں سینکڑوں قیدیوں کی موت واقع ہوئی یا مستقل طور پر نقصان پہنچا۔

جبری مشقت

ڈاخاؤ کے قیدیوں کو جبری مزدوروں کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا۔ پہلے تو انہیں کیمپ کے افعال، مختلف تعمیراتی منصوبوں اور کیمپ میں قائم چھوٹی دستکاری کی صنعتوں میں ملازمت دی گئی۔ قیدیوں نے سڑکیں بنائیں، بجری کے گڑھوں میں کام کیا اور دلدل کی نکاسی کی۔

جنگ کے دوران حراستی کیمپ کے قیدیوں کا استعمال کرتے ہوئے جبری مشقت جرمن ہتھیاروں کی تیاری کے لیے تیزی سے اہم ہو گئی۔

1944 کے موسم گرما اور موسم خزاں میں جنگی پیداوار کو بڑھانے کے لیے ڈاخاؤ کی انتظامیہ کے تحت سیٹلائٹ کیمپ پورے جنوبی جرمنی میں اسلحہ ساز فیکٹریوں کے قریب قائم کیے گئے تھے۔ اکیلے ڈاخاؤ میں تقریباً 140 ذیلی کیمپ تھے، بنیادی طور پر جنوبی باویریا میں جہاں قیدی تقریباً خصوصی طور پر اسلحہ سازی کے کاموں میں کام کرتے تھے۔ ہزاروں قیدیوں کی کام کے دوران موت بھی واقع ہوگئی۔

آزادی

جیسے ہی اتحادی افواج جرمنی کی طرف بڑھیں، جرمن حکام نے قیدیوں کو محاذ کے قریب حراستی کیمپوں سے منتقل کرنا شروع کر دیا۔ مشرق میں خالی کروائے جانے والے کیمپوں سے ٹرانسپورٹ مسلسل ڈاخاؤ پہنچتی رہی، جس کے نتیجے میں حالات ڈرامائی طور پر بگڑ گئے۔

کئی دنوں کے سفر کے بعد بہت کم خوراک یا پانی کے بغیر قیدی کمزور اور تھکے ماندے ہوتے اور اکثر موت کے قریب پہنچ جاتے۔ زیادہ بھیڑ، صفائی کی ناقص صورتحال، ناکافی انتظامات اور قیدیوں کی ناقص حالت کی وجہ سے ٹائفس کی وبا ایک سنگین مسئلہ بن گئی۔

26 اپریل 1945 کو جب امریکی افواج قریب پہنچیں، ڈاخاؤ اور اس کے ذیلی کیمپوں میں 67,665 رجسٹرڈ قیدی تھے۔ اس تعداد کے نصف سے زیادہ مرکزی کیمپ میں تھے۔ ان میں سے 43,350 کو سیاسی قیدیوں کے طور پر درجہ بند کیا گیا تھا، جب کہ 22,100 یہودی تھے، باقی دیگر مختلف زمروں میں تھے۔ اتحادی یونٹس کے قریب آنے کے بعد ڈاخاؤ کیمپ سسٹم کے کم از کم 25,000 قیدیوں کو زبردستی جنوب کی طرف مارچ کرایا گیا یا مال بردار ٹرینوں میں کیمپوں سے دور لے جایا گیا۔ ان نام نہاد موت کے مارچ کے دوران جرمنوں نے ہر اس شخص کو گولی مار دی جو سفر مزید جاری نہیں رکھ سکتا تھا؛ بہت سے لوگ بھوک، ہائپوتھرمیا یا تھکن سے بھی ہلاک ہوئے۔

29 اپریل 1945 کو امریکی فوجوں نے ڈاخاؤ کو آزاد کرایا۔ جب وہ کیمپ کے قریب پہنچے تو انہیں 30 سے ​​زیادہ ریل روڈ بوگیاں ملیں جو لاشوں سے بھری ہوئی تھیں جو ڈاخاؤ میں لائی گئی تھیں۔ یہ سب سڑنے کی حالت میں تھیں۔ مئی 1945 کے اوائل میں امریکی افواج نے ان قیدیوں کو آزاد کرایا جنہیں موت کے مارچ پر بھیجا گیا تھا۔

ڈاخو کی آزادی

قیدیوں کی تعداد

1933 اور 1945 کے درمیان ڈاخاؤ میں قیدیوں کی تعداد 200,000 سے تجاوز کر گئی۔ ڈاخاؤ میں مرنے والے قیدیوں کی تعداد کا اندازہ لگانا مشکل ہے۔ پھانسی کے لیے کیمپ میں لائے گئے ہزاروں افراد کو ان کی موت سے پہلے رجسٹر نہیں کیا گیا تھا۔ مزید برآں، انخلاء کے دوران ہونے والی اموات کی تعداد کا اندازہ نہیں لگایا گیا۔ اسکالرز کا خیال ہے کہ ڈاخاؤ میں کم از کم 40,000 قیدی ہلاک ہوئے۔