Nazi "Euthanasia" Program

رحم دلانہ قتل پروگرام اور ایکشن T4

نازیوں کے رحم دلانہ قتل پروگرام کا مقصد ذہنی اور جسمانی معذور افراد کو قتل کرنا تھا۔ نازیوں کی رائے میں اس سے "آریائی" نسل ان  لوگوں سے پاک ہو جائے گی جو جینیاتی لحاظ سے عیب دار اور معاشرے پر مالی بوجھ سمجھے جاتے ہیں۔

اہم حقائق

  • 1

    اصطلاح "رحم دلانہ قتل" سے مراد "اچھی موت" ہے۔ اس سے عموماً مراد کسی دائمی یا لاعلاج بیماری میں مبتلا شخص کو تکلیف کے بغیر موت دینا ہے جو کہ بصورت دیگر تکلیف سہتا رہے گا۔

  • 2

    تاہم، نازیوں کے تناظر میں "رحم دلانہ قتل" ایک خفیہ قتل پروگرام کے لئے خوش فہم یا بالواسطہ اصطلاح تھی۔

  • 3

    "رحم دلانہ قتل" پروگرام میں منظم قتل کے لئے ذہنی اور جسمانی معذور افراد کو نشانہ بنایا گیا جو جرمنی اور جرمنی سے ملحقہ علاقوں میں اداروں میں رہ رہے تھے۔

معذور افراد کو قتل کرنے کا پروگرام 

رحم دلانہ قتل پروگرام جرمنی میں ادارہ جاتی معذور افراد کا منظم قتل میں ہوا تھا۔ اس کا آغاز 1939 میں ہوا یعنی دو سال قبل جب نازیوں نے "حتمی حل" کے حصے کے طور پر یورپ کے یہودیوں کو منظم طریقے سے قتل کرنا شروع کیا۔ یہ پروگرام اصلاح نسل کے بنیاد پرست اقدامات میں سے ایک تھا جس کا مقصد جرمن قوم کی نسلی "درستگی" کو بحال کرنا تھا۔ اس کا مقصد ایسی زندگی ختم کرنا تھا جسے اصلاح نسل کے ماہرین اور ان کے حامی سمجھتے تھے کہ وہ "زندگی کے لائق نہیں" ہے: وہ افراد جو— ان کے یقین کے مطابق— شدید نفسیاتی، اعصابی، یا جسمانی معذوری کی وجہ سے جرمن معاشرے اور ریاست پر دونوں جینیاتی اور مالی لحاظ سے بوجھ تھے۔ 

"Euthanasia" centers, Germany 1940-1945

نازیوں کی اصطلاح میں 'رحیمانہ قتل" کا مطلب ان جرمنوں کو منظم طریقے سے قتل کرنا تھا جنھیں وہ جینیاتی بیماریوں یا خامیوں کے باعث "زندہ رہنے کے قابل" نہیں سمجھتے تھے۔ 1939 کے شروع میں گیس سے ہلاک کرنے کی تنصیبات برن برگ، برینڈن برگ، گریفینیک، ھادامار، ھارٹ ھائم اور سونین سٹائن میں قائم کی گئیں۔ ڈاکٹر مریضوں کا انتخاب کرتے تھے اور انھیں مطب سے ان میں سے کسی ایک گیس چیمبر میں بھیج کر ہلاک کر دیا جاتا تھا۔ مریضوں کو اس طرح ہلاک کرنے لے خلاف جب عوام میں غیض و غضب بھڑک اٹھا تو ڈاکٹروں نے پورے جرمنی میں موجود کلینکوں اور اسپتالوں میں "رحیمانہ قتل" کیلئے منتخب مریضوں کو موت کا انجکشن دینا شروع کر دیا۔ اس طرح "رحیمانہ قتل" کا منصوبہ چلتا رہا اور جنگ کے اختتام تک جاری رہا۔

کریڈٹس:
  • US Holocaust Memorial Museum

بچوں کے رحم دلانہ قتل کا پروگرام

1939کے بہار اور گرمیوں کے مہینوں میں منصوبہ سازوں کی ایک کثیر تعداد نے خفیہ قتل آپریشن کا اہتمام کرنا شروع کیا جس کا ہدف معذور بچے تھے۔ ان کی قیادت فلپ بوہلر، ہٹلر کے نجی چانسلری کے ڈائریکٹر، اور کارل برینڈٹ، ہٹلر کے ذاتی معالج تھے۔

18 اگست 1939 کو رائخ کی وزارت داخلہ نے ایک حکم نامہ جاری کیا جس میں تمام معالجین، نرسوں، اور مڈوائف کو نومولود بچوں اور تین سال سے کم عمر ایسے بچوں کے متعلق رپورٹ کرنے کو کہا گیا تھا جن میں شدید ذہنی اور جسمانی معذوری کی علامات ظاہر ہوں۔

اکتوبر1939 کے اوائل میں صحت عامہ کے حکام نے بچوں کے والدین کی حوصلہ افزائی کرنا شروع کی کہ وہ اپنے چھوٹے بچوں کو جرمنی اور آسٹریا میں خاص طور پر نامزد پیڈیاٹرک کلینکس میں سے کسی ایک میں داخل کریں۔ درحقیقت، وہ کلینکس بچوں کے قتل کے وارڈز تھے۔ وہاں خصوصی طور پر بھرتی کیے گئے سٹاف نے ادویات کی مہلک خوراکیں دے کر یا فاقہ کشی سے ان کے بچوں کو قتل کر دیا۔

ابتداء میں طبی ماہرین اور کلینک منتظمین نے آپریشن میں صرف شیرخواروں اور چھوٹے بچوں کو شامل کیا تھا۔ جیسے ہی اقدام کے دائرہ کار کو وسیع کیا گیا، انہوں نے 17 سال کی عمر تک کے نوجوانوں کو شامل کر لیا۔ محتاط اندازے تجویز کرتے ہیں کہ جنگ کے سالوں کے دوران  بچوں کے"رحم دلانہ قتل" کے پروگرام کے نتیجے میں  کم از کم 10,000 جسمانی اور ذہنی معذور جرمن بچے ہلاک ہوئے۔

ایکشن T4: رحم دلانہ قتل کے پروگرام میں توسیع کرنا

"رحم دلانہ قتل" کے منصوبہ سازوں نے جلد ہی  قتل کے پروگرام کو اداروں کی سیٹنگز میں رہنے والے معذور بالغ مریضوں تک توسیع دینے کا تصور کیا۔ 1939 کے موسم خزاں میں ایڈولف ہٹلر نے شریک کار معالجین، طبی عملہ، اور منتظمین کو قانونی کارروائی سے بچانے کے لئے ایک خفیہ اجازت نامے پر دستخط کیے۔ یہ ظاہر کرنے کے لئے کہ یہ کاوش زمانہ جنگ کے اقدامات سے متعلق تھی، اس اجازت نامے کو یکم ستمبر 1939 کی پرانی تاریخوں میں رقم کیا گیا۔

فہرر چانسلری (Führer Chancellery) مضبوط تھی اور ریاست، حکومت، یا نازی پارٹی کے طریق کار سے علیحدہ تھی۔ ان وجوہات کی بنا پر ہٹلر نے اسے "رحم دلانہ قتل" مہم کے لئے بطور انجن کام کرنے کے لئے منتخب کیا۔ پروگرام کے کارکنان نے اپنے خفیہ انٹرپرائز کو "T4" کہا۔ یہ کوڈ نام برلن میں پروگرام کے رابطہ کاری کے دفتر کی گلی کے پتے سے لیا تھا: Tiergartenstrasse 4۔

ہٹلر کی ہدایت کے مطابق فہرر چانسلری کے ڈائریکٹر فلپ بوہلر اور معالج کارل برینڈٹ نے قتل آپریشن کی قیادت کی۔ ان کی قیادت میں T4 کارندوں نے "رحم دلانہ قتل" کے اقدام کے حصے کے طور پر بالغوں کے لئے گیس سے مارنے کی چھ تنصیبات قائم کیں۔ یہ تھیں:

  • برلن کے قریب دریائے ہیول پر برینڈین برگ
  • جنوب مشرقی جرمنی میں گرافینیک
  • سیکسونی میں برن برگ 
  • سیکسونی میں ہی سونینسٹین
  • آسٹریا میں ڈینیوب پر لنز کے قریب ہارتھیم 
  • ہیسین میں ہیڈامر

1939 کے موسم خزاں میں بچوں کے "رحم دلانہ قتل" کے پروگرام کے لئے تیار کی گئی پریکٹس کو استعمال کرتے ہوئے T4 منصوبہ سازوں نے صحت عامہ کے تمام اہلکاروں، سرکاری اور نجی ہسپتالوں، ذہنی اداروں، اور نرسنگ ہومز میں دائمی بیمار افراد اور بزرگوں کے لئے احتیاط سے تیار کردہ سوالنامے تقسیم کرنا شروع کر دیے۔ فارموں پر محدود جگہ اور لفاظی کے ساتھ ساتھ ہمراہ ملفوف خط میں موجود ہدایات مجموعی طور پر یہ تاثر دیتی تھیں کہ سروے کا مقصد صرف شماریاتی ڈیٹا جمع کرنا تھا۔

فارم کا مذموم مقصد صرف مریض کے کام کرنے کی صلاحیت پر زور دینے اور مریضوں کے زمرے کے ذریعہ تجویز کیا گیا تھا جن کی انکوائری میں صحت کے حکام کو شناخت کرنے کی ضرورت تھی۔ مریضوں کے زمرے یہ تھے:

  • شیزوفرینیا، مرگی، ڈیمنشیا، اینسیفلائٹس، اور دیگر دائمی نفسیاتی یا اعصابی بیماریوں میں مبتلا لوگ
  • جو جرمن یا "متعلقہ" خون سے نہیں تھے
  • مجرمانہ طور پر پاگل یا جنہوں نے جرم کا ارتکاب کیا
  • جو پانچ سال سے زائد عرصے سے زیرِ بحث ادارے تک محدود تھے۔

رازداری سے بھرتی کیے گئے "طبی ماہرین"، معالجین— ان میں سے بہت سے نمایاں ساکھ والے تھے— نے فارموں کا جائزہ لینے کے لئے تین تین کی ٹیموں میں کام کیا۔ جنوری 1940 میں ان کے فیصلوں کی بنیاد پر آغاز کرتے ہوئے T4 کارکنان نے "رحم دلانہ قتل" کے پروگرام کے لئے منتخب کردہ مریضوں کو ان کے رہائشی اداروں سے ہٹانا شروع کر دیا۔  قتل کے لئے مریضوں کو بذریعہ بس یا ریل مرکزی گیس تنصیبات میں سے ایک میں لے جایا جاتا تھا۔

ایسے مراکز میں ان کی آمد کے گھنٹوں کے اندر متاثرین گیس چیمبروں میں ہلاک ہو گئے۔ شاور سہولتوں کے بھیس میں گیس چیمبروں میں خالص بوتل بند کاربن مونو آکسائیڈ گیس استعمال کی جاتی تھی۔ T4 کارکنان نے گیس سہولتوں سے وابستہ مردے جلانے کی جگہوں میں لاشوں کو جلا دیا۔ دیگر کارکنان نے جلائے گئے متاثرین کی راکھ کے مشترکہ ڈھیر سے لے کر انہیں متاثرین کے رشتہ داروں کو بھجوانے کے لئے مرتبانوں میں ڈالا۔ متاثرین کے اہل خانہ یا سرپرستوں کو موت کے سرٹیفکیٹ اور دیگر دستاویزات کے ساتھ ایسے مرتبان موصول ہوئے جن میں موت کی فرضی وجہ اور موت کی تاریخ درج تھی۔

چونکہ یہ پروگرام خفیہ تھا، اس لیے T-4 کے منصوبہ سازوں اور اہلکاروں نے اس کے مہلک ڈیزائن کو چھپانے کے لیے وسیع پیمانے پر اقدامات کیے تھے۔ اگرچہ معالجین اور ادارہ جاتی منتظمین نے ہر معاملے میں سرکاری ریکارڈ کو غلط ثابت کیا تاکہ یہ ظاہر کیا جا سکے کہ متاثرین کی موت قدرتی وجوہات کی وجہ سے ہوئی ہے، لیکن "رحم دلانہ قتل" کا پروگرام جلد ہی ایک کھلا راز بن گیا۔ اس اقدام کے بارے میں وسیع پیمانے پر عوامی معلومات موجود تھی۔ ہلاکتوں کے بارے میں نجی اور عوامی احتجاج ہوئے، خاص طور پر جرمن کلیسا کے اراکین کی جانب سے۔ ان پادریوں میں مونسٹر کے بشپ، کلیمینس اگست کاؤنٹ وون گیلن تھے۔ انہوں نے 3 اگست 1941 کے خطاب میں T4 ہلاکتوں پر احتجاج کیا۔ وسیع پیمانے پر عوامی معلومات اور عوامی اور نجی احتجاج کی روشنی میں ہٹلر نے اگست 1941کے آخر میں رحم دلانہ قتل پروگرام کو روکنے کا حکم دیا۔

T4 کے اپنے اندرونی حسابات کے مطابق "رحم دلانہ قتل" کی کوشش نے جنوری 1940 اور اگست 1941 کے درمیان چھ گیس کی سہولیات میں 70,273 ادارہ جاتی ذہنی اور جسمانی طور پر معذور افراد کی جان لی۔

دوسرا مرحلہ

Two pages of the death registry at Hadamar listing false causes of death.

ہیدامار میں رجسٹری کے دو صفحات میں موت واقع ہونے کی جھوٹی وجوہات درج کی گئی ہیں۔ جسمانی یا ذھنی طور پر ھزاروں معذور افراد کو وہاں رحمانہ قتل کے پروگرام کے تحت ہلاک کردیا گیا تھا۔ جرمنی، 5 اپریل، 1945۔

کریڈٹس:
  • National Archives and Records Administration, College Park, MD

ہٹلر کی طرف سے T4 کارروائی کو روکنے کے مطالبے کا مطلب یہ نہیں تھا کہ "رحم دلانہ قتل" کی کارروائی کا خاتمہ ہو۔ بچوں کا "رحم دلانہ قتل" پہلے کی طرح جاری رہا۔ مزید براں، گرچہ پہلے سے زیادہ محتاط پوشیدہ طریقے سے اگست 1942 میں جرمن کے طبی ماہرین اور صحت کی دیکھ بھال کے کارکنان نے قتل دوبارہ شروع کر دیے۔ ابتدائی گیس کے مرحلے سے زیادہ لامرکزیت پر مبنی نئے سرے سے کوشش کا انحصار علاقائی ضروریات پر تھا، مقامی حکام قتل کی رفتار کا تعین کرتے تھے۔

ادویات کی زیادہ مقدار اور مہلک انجیکشن پہلے ہی کامیابی کے ساتھ بچوں کے "رحم دلانہ قتل" میں استعمال کیے جاتے تھے- اس دوسرے مرحلے میں قتل کے زیادہ خفیہ ذرائع کے طور پر "رحم دلانہ قتل" مہم پورے رائخ کے اداروں کی ایک وسیع پیمانے پر دوبارہ شروع ہوئی۔ ان میں سے بہت سے اداروں نے متاثرہ بالغوں اور بچوں کو منظم طریقے سے فاقہ کشی بھی کروائی۔

رحم دلانہ قتل کا پروگرام دوسری جنگ عظیم کے آخری دنوں تک جاری رہا جس میں متاثرین کی ایک سدا بڑھتی ہوئی تعداد کو شامل کرنے کے لیے وسعت اختیار کی گئی جن میں عمر رسیدہ مریض، بمباری کے متاثرین، اور غیر ملکی جبری مزدور شامل تھے۔ مؤرخین اندازہ لگاتے ہیں کہ رحم دلانہ قتل پروگرام نے اپنے تمام مراحل میں 250,000 افراد کی جانیں لیں۔

جرمنی کے زیر قبضہ مشرق میں معذور افراد

جرمنی کے زیر قبضہ مشرق میں موجود معذور افراد بھی جرمن تشدد کا شکار ہو گئے۔  جرمنوں نے رحم دلانہ قتل پروگرام کو، جو کہ نسلی حفظان صحت کے اقدام کے طور پر شروع کیا گیا تھا، کو رائخ تک محدود کر دیا تھا، یعنی جرمنی اور آسٹریا کے الحاق شدہ علاقوں، السیس-لورین، بوہیمیا اور موراویا کے حفاظتی علاقوں اور جرمنی سے الحاق شدہ پولینڈ کے حصوں تک۔ تاہم، نازی نظریاتی اعتقاد جس نے ان افراد پر "زندگی کے لائق نہیں" کا لیبل لگایا تھا، نے بھی ادارہ جاتی مریضوں کو پولینڈ اور سوویت یونین میں گولی مارنے کی کارروائیوں کا نشانہ بنایا۔ وہاں، معذور مریضوں کا قتل ایس ایس اور پولیس فورسز کا کام تھا، نہ کہ ڈاکٹروں، نگہبانوں، اور T4 منتظمین کا جنہوں نے رحم دلانہ قتل پروگرام کو خود نافذ کیا۔
پومیرینیا، مغربی پروشیا، اور مقبوضہ پولینڈ کے علاقوں میں ایس ایس اور پولیس یونٹوں نے 1941 کے موسم خزاں تک تقریباً 30,000 مریضوں کو قتل کر دیا تاکہ بالٹک ممالک اور دیگر علاقوں سے وہاں منتقل ہونے والے نسلی جرمن آباد کاروں (Volksdeutsche) کو جگہ دی جا سکے۔

ایس ایس اور پولیس یونٹوں نے مقبوضہ سوویت علاقوں میں بھی معذور مریضوں کو وسیع پیمانے پر گولی مار کر اور گیس وینوں میں قتل کر دیا۔ پولینڈ اور سوویت یونین میں ہزاروں مزید مر گئے، ایس ایس اور معاون پولیس یونٹوں نے انہیں اُن کے بستروں اور وارڈز میں قتل کر دیا۔ قتل کے ان واقعات میں نظریاتی جزو کی کمی تھی جو مرکزی رحم دلانہ قتل پروگرام سے منسوب تھی۔ ایس ایس بظاہر مقبوضہ پولینڈ اور سوویت یونین میں ادارہ جاتی مریضوں کو قتل کرنے میں بنیادی طور پر معاشی اور مادی خدشات کی وجہ سے متحرک تھا۔

ایس ایس اور ورمیکٹ نے فوری طور پر قتل کی ان کارروائیوں میں خالی ہونے والے ہسپتالوں کو بیرکوں، ریزرو ہسپتالوں اور گولہ بارود کے ذخیرہ کرنے کے ڈپو کے طور پر استعمال کیا۔ شاذونادر صورتوں میں، ایس ایس نے خالی سہولتوں کو باقاعدہ T4 جائے قتل کے طور پر استعمال کیا۔ ایک مثال "رحم دلانہ قتل" کی سہولت Tiegenhof، Gnesen کے قریب ہے (موجودہ Gniezno، مغربی وسطی پولینڈ میں)۔

رحم دلانہ قتل پروگرام کی اہمیت

رحم دلانہ قتل پروگرام نے بہت سے انداز میں نازی جرمنی کی بعد ازاں نسل کشی پالیسیوں کی ریہرسل پیش کی۔ نازی قیادت نے طبی مجرموں کی طرف سے "نااہل" کی تباہی کے لیے تصور کیے گئے نظریاتی جواز کو حیاتیاتی دشمنوں کی دیگر اقسام تک بڑھایا، خاص طور پر یہودیوں اور روما (جپسیوں) کے لیے۔

"حتمی حل" کے منصوبہ سازوں نے بعد ازاں جرمنی کے زیر قبضہ یورپ میں یہودیوں کو قتل کرنے کے لئے، خاص طور پر T4 مہم کے لئے مرتب کردہ،  گیس چیمبر اور  اس کے ساتھ ملحقہ مردے جلانے کی جگہیں ادھار لیں۔ T4 کے اہلکار جنہوں نے قتل عام کے اس پہلے پروگرام میں خود کو قابل بھروسہ ظاہر کیا تھا وہ بیلزیک، سوبیبور اور ٹریبلنکا کے آپریشن رین ہارڈ قتل گاہوں میں تعینات جرمن عملے میں نمایاں تھے۔

ان لوگوں کی طرح جنہوں نے یورپی یہودیوں کی جسمانی تباہی کا منصوبہ بنایا تھا، رحم دلانہ قتل پروگرام کے منصوبہ سازوں نے نسلی طور پر خالص اور پیداواری معاشرے کا تصور کیا۔ جو ان کے تصور کے لحاظ سے موزوں نہیں تھے ان کو ختم کرنے کے لئے انہوں نے بنیاد پرست حکمت عملیوں کو اپنایا۔

 

Thank you for supporting our work

We would like to thank Crown Family Philanthropies, Abe and Ida Cooper Foundation, the Claims Conference, EVZ, and BMF for supporting the ongoing work to create content and resources for the Holocaust Encyclopedia. View the list of all donors.

گلاسری