ہیلا لوس
پیدا ہوا: 26 جون، 1923
وارسا, پولینڈ
ہیلا پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں پلی بڑھی۔ وہ نو بچوں میں سے ایک تھی۔ اس کے والد آرٹ اور قدیم فرنیچر کے تاجر تھے اور مارسزیلکوسکا اسٹریٹ پر ان کا ایک سٹور تھا۔ ہر سال موسم گرما کے آغاز سے موسم خزاں میں یہودی بڑی چھٹیوں تک لوس خاندان وارسا سے ایک مختصر ٹرین کی سواری کے فاصلے پر واقع شہر مئیڈزیزون میں چھٹیاں گزارتا۔
1933-39: ہم ابھی اپنے چھٹیوں والے گھر میں ہی تھے جب جرمن 28 ستمبر، 1939 کو وارسا میں داخل ہوئے۔ جیسے ہی یہ ممکن ہوا، ہم پیدل چل کر وارسا واپس پہنچے، اور ہم نے دیکھا کہ ہمارا گھر جزوی طور پر تباہ کر دیا گیا ہے۔ اس موسم سرما میں جرمنوں نے یہودی ملکیت کے کاروباروں کو بحق سرکار ضبط کر لیا، اس لئے میرے والد نے ہمارے اسٹور کو ہمارے عیسائی پیانو ٹیونر کے نام سے رجسٹرڈ کرایا جو بعد میں ہمارے اسٹور کی فروخت سے ہمیں پیسے لا کر دے دیتا تھا۔
1940-45: جرمنوں نے 1941 میں وارسا کے یہودیوں کو ایک یہودی بستی تک محدود کر دیا۔ میں یہودی بستی کی ٹوبنز ورکشاپ میں نازی وردیاں سیتا تھا، لیکن میرے سات بہن بھائی اتنے خوش قسمت نہیں تھے- انہیں بطور "غیر ہنر مند مزدور" جلاوطن کر دیا گیا۔ 1943 میں یہ سننے کے بعد کہ ایک بغاوت کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، میرے والدین، میرا بھائی اور میں چھت کے اوپر چھپ گئے اور انتظار کرتے رہے۔ جرمنوں نے تہہ خانے کے بنکروں میں گرینیڈ پھینکے: کچھ دنوں کے بعد آگ ہمارے نیچے جانے کے راستے میں حائل ہو گئی۔ میرا خاندان بروقت فرار ہو گیا لیکن دوسروں نے بہت دیر انتظار کیا- انہیں گھر کی چھت سے کودنا پڑا؛ کئی لوگوں کی ٹانگیں توٹ گئیں۔
کچھ دنوں کے بعد ہیلا اور اس کے خاندان کو جبری مشقت کے کیمپوں میں جلاوطن کر دیا گیا۔ ہیلا کو 1945 میں برجن بیلسن میں آزاد کرا لیا گیا اور وہ اپنی والدہ اور بھائی کے ساتھ 1947 میں فلسطین ہجرت کر گئی۔