سٹیفن موئیز
پیدا ہوا: 30 جنوری، 1923
لاسی, رومانیہ
سٹیفن مشرقی رومانیہ کے دارالحکومت مولداویہ (لاسی) میں خانہ بدوش والدین کے ہاں پیدا ہوئے۔ اُن کے گھر والے ایک ایسے محلے میں رہتے تھے جہاں رومانوی اور خانہ بدوش دونوں ہی رہتے تھے۔ سٹیفن کے والد رستورانوں میں گٹار بجا کر گزربسر کرتے تھے۔ سٹیفن نے بچپن میں وائلن بجانا سیکھا اور وہ اکثر اپنے والد کے ساتھ کام کرتے تھے۔
1933-39: میں جب بڑا ہو گیا اور اکیلے کام کرنے کے قابل ہو گیا تو میں نے اپنے والد کے ساتھ کام کرنا چھوڑ کر ایک اور نوجوان کے ساتھ رستورانوں میں کام کرنا شروع کیا۔ ہم مولدویہ بھر میں کام کرتے تھے۔ 1939 میں جنگ چھڑنے کے بعد کاروباروں کو بہت نقصان ہوا اور کئی رستوران بند ہونے لگے۔ مجھے گزر بسر کرنے کے لئے کھیتوں پر کام کرنا پڑ گیا۔
1940-44: 1942 میں رومانوی پولیس نے لاسی کے خانہ بدوشوں کو جمع کر کے بھیڑ بکریوں کی گاڑی میں مشرق کی طرف بھیج دیا۔ ہم ٹرانسنسٹریا میں اترے اور ہمیں کھلے کھیتوں میں لے جایا گیا، جہاں ہمیں ناکافی راشن دے کر بھوکا مار دینے کی کوشش کی گئی۔ میری بیوی نے مجھے بھاگ جانے کی ترغیب دی۔ میں اپنا وائلن ساتھ لے گیا۔ میں سامان کی گاڑی میں چڑھ کر اوڈیسا پہنچ گیا اور وہاں ہوٹل میں گٹار بجانے لگا، لیکن مجھے اپنی بیوی اور بہن کو چھوڑنے کا افسوس کھائے جا رہا تھا۔ 1944 میں مجھے حراست میں لیا گیا اور رومانوی فوج میں بھرتی کیا گیا۔
جنگ کے بعد سٹیفن کو لاسی میں اپنی بیوی دوبارہ مل گئی۔ اُنہوں نے 1983 میں ملازمت سے سبکدوش ہونے تک موسیقار کی حیثیت سے کام کیا۔