والٹر شزینئک
پیدا ہوا: 4 فروری، 1911
ڈیڈھم, ریاستہائے متحدہ امریکہ
والٹر بوسٹن کے قریب واقع ایک قصبے میں رہنے والے پولش کیتھلک مہاجر والدین کے آٹھ بچوں میں سے سب سے بڑے تھے۔ والٹر کے بچپن میں ہی ان کے گھر والے واپس پولینڈ چلے گئے اور شمالی پولینڈ میں آسٹرولیکا کے قریب ایک فارم میں رہنے لگے جو والٹر کی والدہ کو وراثت میں ملا تھا۔ کیونکہ ان کے والد کی امریکی عرفیت "سٹیٹسن" تھی، والٹر کا نام ان کی امریکی سند پیدائش میں "چارلز اسٹیٹسن" لکھ دیا گیا۔
1933-39: ثانوی اسکول مکمل کرنے کے بعد، میرے والد نے مجھے یونیورسٹی آف وارسا بھیج دیا جہاں میں نے 1936 میں قانون کی ڈگری حاصل کی۔ میں نے وارسا کی عدالت میں تربیت حاصل کرنا شروع کی اور میرا مقصد پولینڈ کا سینیٹر بننا تھا۔ 1939 میں گرمیوں کی چھٹیوں کے دوران میں نے وارسا کے امریکی قونصلیٹ کے امریکی شہریوں کو پولینڈ سے فوری طور پر نکل جانے کے حکم کو نظر انداز کر دیا۔ ایک مہینے کے اندر اندر جرمنوں نے آسٹرولیکا پر قبضہ کر لیا۔ میں پولینڈ کی ایک خفیہ تنظیم میں شامل ہو گیا۔
1940-44: 1941 میں اس خفیہ تنظیم نے مجھے امریکہ جا کر نازیوں کے اقدام کے بارے میں بتانے کی ہدایت کی، لیکن میں سلویکیا میں پکڑا گیا اور مجھے جلاوطن کر کے آشوٹز بھیج دیا گیا۔ مجھے معلوم تھا کہ سزا کے یونٹ میں عمر قید کی سزا کا مطلب یقینی طور پر موت تھا لہذا میں نے کمانڈنٹ سے ملنے کی درخواست کی تاکہ میں منتقل ہونے کے امکان کے بارے میں معلوم کر سکوں۔ یہ ایک جوا ہی تھا: اگر وہ اچھے موڈ میں ہوتا تو وہ "ہاں" کر دیتا اور اگر اس کا موڈ اچھا نہیں ہوتا تو وہ مجھے گولی مار دیتا۔ میری قسمت اچھی تھی؛ اس نے مجھے کچن کی طرف منتقل کر دیا جہاں میری صحت بحال ہوئی اور میں گیس کے ذریعے مارے جانے سے بچ گیا۔
والٹر کو بعد میں ریلوے کی مرمت کے یونٹ میں متعین کیا گیا۔ انہیں 2 مئی 1945 کو سالزبرگ، آسٹریا کے قریب امریکی فوجیوں نے رہا کرا دیا اور وہ 1946 میں امریکہ واپس چلے آئے۔