ایوز اوپرٹ
پیدا ہوا: 25 مئ، 1909
پیرس, فرانس
ایوز کی عمر سات برس تھی جب اُن کی والدہ کا انتقال ہو گیا اور اُن کی پرورش اُن کے نانا کے گھر ہوئی جو پیرس میں چیف اشکینازی ربی تھے۔ ایوز ایک کامیاب بزنس مین بننے کے ساتھ ساتھ ڈپارٹمنٹ اسٹور کے ایک سلسلے کے مالک ہو گئے۔ وہ ایک ماہر کوہ پیما تھے اور ٹینس کھیلنا اور کاروں اور موٹرسائیکلوں کی دوڑ کے رسیا تھے۔ جب ایوز نوجوان تھے تو اُنہوں نے فرانس کی ایلپائن کور میں فوجی خدمات انجام دیں تھیں۔
1933-39: 1934 میں ایوز نے پولیٹ وائل سے شادی کی۔ اُن کی دو بچیاں ہوئیں۔ 1935 میں نادائن اور 1939 میں فرانسیلائن پیدا ہوئیں۔ جب 1938 میں چیکوسلواکیہ کے بحران پر لڑائی کا خطرہ پیدا ہوا تو اُنہیں فرانسیسی فوج کی طرف سے طلب کر لیا گیا اور اُنہوں نے لیفٹننٹ کی حیثیت سے پانچ ماہ گزارے۔ ایوز کو اُس وقت دوبارہ فوج کیلئے طلب کر لیا گیا جب فرانس نے ستمبر 1939 میں جرمنی کے خلاف اعلان جنگ کر دیا۔
1940-44: ایوز کو جرمنی کے فرانس پر حملے کے دوران گرفتار کرلیا گيا۔ وہ فرار ہو گئے مگر لڑنے کیلئے فرانس میں ہی موجود رہے۔ سینٹ ایٹئینے میں اپنے اسٹور کی انونٹری کو استعمال کرتے ہوئے اُنہوں نے اِس موقع کا فائدہ اُٹھایا اور غیر مقبوضہ وکی فرانس میں کوارٹر ماسٹر کور کو منظم کیا جو فرانس کی آزادی کیلئے کام کرنے والی مزاحمتی تحریک کو خوراک، کمبل، خیمے اور کپڑے فراہم کرتی تھی۔ اُنہوں نے یہودی بچوں کو کانونٹ اور زرعی فارموں میں چھپانے میں مدد دی ۔ اُنہوں نے کنیڈین اور امریکی چھاتہ بردار فوجیوں کو بھی چھپنے میں مدد دی۔ ایوز نے سیوائے میں مزاحمتی تحریک کی قیادت کی۔ 1944 میں اتحادیوں کے فرانس پہنچنے پر جرمنوں نے ایوز کو پکڑ لیا۔
ایوز کو شدید اذیت دی گئی اور اُنہیں 24 جون 1944 کو ایٹرسی میں ہلاک کر دیا گیا۔ اُس وقت اُن کی عمر 35 برس تھی۔ اُن کی موت کے بعد اُنہیں فرانس کے وار کراس، ملٹری میڈل اور لیجن آف آنر جیسے اعزازات سے نوازا گیا۔