Insert for American soldiers published in Newsmap for the Armed Forces

جرائم کی تعریف کیسے کی گئی؟

جنگ عظیم دوم کے بعد فاتح اتحادیوں نے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزیوں کے لیے جرمن رہنماؤں کو انفرادی طور پر جوابدہ ٹھہرانے کی غرض سے ایک انٹرنیشنل ملٹری ٹربیونل (IMT) بنانے کا غیر معمولی قدم اٹھایا جس کی اس سے پہلے کوئی مثال موجود نہیں تھی۔ نیورمبرگ ٹربیونل نے بین الاقوامی فوجداری قانون اور احتساب کے ایک نئے نظام کی بنیاد رکھی جو آج بھی فروغ پا رہا ہے۔

اہم حقائق

  • 1

    اگست 1945 میں چار بڑی اتحادی قوتوں نے نیورمبرگ چارٹر پر دستخط کیے (جسے لندن معاہدہ اور چارٹر بھی کہا جاتا ہے)۔ چارٹر نے جنگ عظیم دوم اور وسیع پیمانے پر جرائم کے ذمہ دار جرمن رہنماؤں کے خلاف مقدمہ چلانے کے لیے ایک انٹرنیشنل ملٹری ٹربیونل (IMT) تشکیل دیا۔

  • 2

    نیورمبرگ چارٹر نے IMT کو تین مخصوص جرائم کے لیے مدعا علیہان کے منصفانہ ٹرائل کرنے کا کام سونپا: جنگی جرائم، امن کے خلاف جرائم، اور انسانیت کے خلاف جرائم۔

  • 3

    1946 میں اقوام متحدہ نے نیورمبرگ چارٹر کی شقوں اور IMT کے فیصلے کو پابند بین الاقوامی قانون کے طور پر اپنایا۔ چارٹر اور IMT کے قائم کردہ اصولوں اور مثالوں نے بین الاقوامی فوجداری قانون کی بنیاد رکھی جیس پر آج بھی عمل کیا جاتا ہے۔

قانونی تاریخ میں اس سے پہلے کبھی کسی قانونی چارہ جوئی کے دائرہ کار میں ایک دہائی کی پیشرفت کو لانے کی کوشش نہیں کی گئی جس میں پورے براعظم کا احاطہ کیا گیا ہو اور اس میں کئی اقوام، ان گنت افراد اور لاتعداد واقعات شامل ہوں۔
—امریکی چیف پراسیکیوٹر رابرٹ ایچ جیکسن
انٹرنیشنل ملٹری ٹربیونل کے سامنے ابتدائی بیان

 

ایک اقتباس سنیں

بشکریہ بین الاقوامی عدالت انصاف (آرکائیو کی معلومات دیکھیں) - رابرٹ ایچ جیکسن: "قانونی تاریخ میں پہلی بار"

تعارف

اس وقت بین الاقوامی فوجداری قانون کا ایک ادارہ موجود ہے جسے بڑے پیمانے پر مظالم کے مرتکب افراد کے خلاف مقدمہ چلانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ بین الاقوامی اور قومی عدالتوں نے متعدد ممالک میں نسل کشی، جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم جیسے جرائم کا مقدمہ چلایا ہے۔ ان ممالک میں سابقہ ​​یوگوسلاویہ، روانڈا، سیرالیون اور کمبوڈیا شامل ہیں۔ بین الاقوامی فوجداری قانون کے اس ادارے کی بنیاد نیورمبرگ میں انٹرنیشنل ملٹری ٹریبونل (IMT) کی قائم کردہ مثالوں پر ہے۔

نیورمبرگ چارٹر

جنگ عظیم دوم کے خاتمے سے قبل ہی امریکی صدر فرینکلن ڈی روزویلٹ، برطانوی وزیر اعظم ونسٹن چرچل اور سوویت وزیر اعظم جوزف سٹالن نے ماسکو اعلامیہ میں اعلان کیا تھا کہ یہودیوں کے اجتماعی قتل عام جیسے مظالم کے مرتکب افراد کو ان اقوام کی جانب سے سزا دی جائے گی جہاں جرائم کا ارتکاب کیا گیا تھا۔ تینوں رہنماؤں نے وعدہ کیا کہ جن بڑے جنگی مجرموں کے جرائم کو کسی خاص جغرافیائی محل وقوع سے نہیں جوڑا جا سکتا، انہیں اتحادی حکومتوں کے مشترکہ فیصلے کے ذریعے سزا دی جائے گی۔ اتحادی جنگی مجرموں کو کیسے سزا دیں گے، یہ تعین نہیں کیا گیا تھا۔ بعض اوقات، چرچل اور سٹالن نے محض ان کو جان سے مارنے کی حمایت کی۔ 

مئی 1945 میں جنگ کے خاتمے کے بعد امریکی حکومت نے بڑے جنگی مجرموں کے خلاف خصوصی عدالت میں مقدمہ چلانے کی تجویز پیش کی۔ 8 اگست، 1945 کو امریکہ، فرانس، برطانیہ اور سوویت یونین کے نمائندوں نے لندن معاہدے اور چارٹر پر دستخط کیے، جسے نیورمبرگ چارٹر بھی کہا جاتا ہے۔ معاہدے نے جنگ عظیم دوم اور وسیع پیمانے پر جرائم کے ذمہ دار جرمن رہنماؤں کے خلاف مقدمہ چلانے کے لیے نیورمبرگ، جرمنی میں انٹرنیشنل ملٹری ٹربیونل (IMT) تشکیل دیا۔ چارٹر نے IMT کے قوانین اور افعال کا تعین کیا اور ان جرائم کی وضاحت کی جن کی یہ سماعت کرے گا۔

چارٹر کی شقیں

The International Military Tribunal was a court convened jointly by the victorious Allied governments.

بین الاقوامی فوجی عدالت ایک ایسی عدالت تھی جو فاتح اتحادی حکومتوں نے قائم کی تھی۔ یہاں ججوں کے بینچ کے پیچھے روسی، برطانوی، امریکی اور فرانسیسی جھنڈے لٹکے ہوئے ہیں۔

کریڈٹس:
  • National Archives and Records Administration, College Park, MD

نیورمبرگ چارٹر میں واضح کیا گیا کہ اتحادی قوتوں میں سے ہر ایک — فرانس، برطانیہ، سوویت یونین، اور امریکہ — IMT کے لیے ایک جج اور ایک متبادل جج تفویض کریں گے۔ تمام فیصلوں کے لیے مقدمے کی سماعت کرنے والے چار ججوں میں سے اکثریتی ووٹ کی ضرورت تھی۔

چارٹر نے IMT کو ایک منصفانہ سماعت کرنے اور مدعا علیہان کو عمل کے مخصوص مناسب حقوق دینے کی ہدایت کی۔ ان حقوق میں قانونی کاؤنسل کے ذریعہ عدالت میں نمائندگی کرنے، گواہوں سے جرح کرنے اور اپنے دفاع میں ثبوت اور گواہ پیش کرنے کا حق شامل تھا۔ 

تاہم، چارٹر نے یہ بھی واضح کیا کہ مدعا علیہان یہ دعویٰ کر کے اپنے جرائم کی ذمہ داری سے نہیں بچ سکتے کہ وہ محض احکامات پر عمل کر رہے تھے۔ مدعا علیہان کو یہ دعویٰ کرنے کی بھی اجازت نہیں تھی کہ کسی خودمختار قوت کے عہدیداروں کے طور پر ان کے کیے گئے اقدامات کے لیے بین الاقوامی قانون کے تحت ان پر مقدمہ نہیں چلایا جا سکتا۔

جرائم کی تعریف

نیورمبرگ چارٹر (لندن معاہدہ اور چارٹر) نے IMT کو "ان افراد کی سماعت اور سزا دینے کا اختیار دیا جنہوں نے یورپی محوری اتحاد کے ممالک کے مفاد میں، خواہ انفرادی یا تنظیموں کے اراکین کے طور پر" درج ذیل میں سے کوئی جرم کیا ہو:

امن کے خلاف جرائم — جس میں جارحیت کی جنگ کی منصوبہ بندی، تیاری، آغاز اور لڑائی، نیز ان افعال میں سے کسی کا ارتکاب کرنے کی سازش شامل ہے؛

جنگی جرائم — "جنگ کے قوانین یا اصولوں کی خلاف ورزیاں" بشمول قتل، ناروا سلوک، اور شہریوں کی غلامی والی مزدوری کے لیے بے دخلی، قتل اور جنگی قیدیوں کے ساتھ ناروا سلوک، اور یرغمالیوں کا قتل، نیز لوٹ مار تباہی؛

انسانیت کے خلاف جرائم — جن کی قتل، خاتمے، غلامی، ملک بدری یا شہریوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک، اور سیاسی، نسلی یا مذہبی بنیادوں پر مظالم کے طور پر تعریف کی جاتی ہے۔ 

اگرچہ جنگی جرائم کا الزام موجودہ بین الاقوامی روایات اور کنونشنز پر مبنی تھا، تاہم امن کے خلاف جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کو بین الاقوامی قانون کے تحت کبھی بھی قابل سزا جرم قرار نہیں دیا گیا تھا۔ چارٹر کا مسودہ تیار کرنے والوں نے دلیل دی کہ دونوں نئے الزامات جنگ عظیم دوم سے پہلے کے بین الاقوامی کنونشنز اور اعلامیوں پر مبنی تھے جن میں جارحیت کی جنگوں اور انسانیت کے قوانین کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی گئی تھی۔

چارٹر نے IMT کو یہ تعین کرنے کا بھی اختیار دیا کہ آیا جرائم کے مرتکب کسی مدعا علیہ نے کسی تنظیم کے رکن کے طور پر کام کیا ہے، اور ایسی صورت میں IMT اس تنظیم کو مجرمانہ تنظیم قرار دے سکتا تھا۔

IMT کے الزامات اور نتائج

View of the defendants in the dock at the International Military Tribunal trial of war criminals at Nuremberg.

نیورمبرگ میں جنگی مجرموں کے خلاف بین الاقوامی فوجی عدالت کے مقدمے کے دوران مدعا علیہان کا منظر۔ نومبر 1945

کریڈٹس:
  • National Archives and Records Administration, College Park, MD

نیورمبرگ میں IMT کے سامنے 22 جرمن رہنماؤں کے خلاف مقدمے کی سماعت 20 نومبر، 1945 کو شروع ہوئی اور یکم اکتوبر، 1946 کو ختم ہوئی۔ IMT نے مدعا علیہان کو نہ صرف اپنے چارٹر میں بیان کردہ تین جرائم کے لیے بلکہ ان تینوں جرائم میں سے کسی ایک کے ارتکاب کی سازش کے چوتھے الزام پر بھی مقدمہ چلایا۔ اس کے علاوہ، اس نے غور کیا کہ آیا نازی پارٹی یا جرمن ریاست یا فوج کی کچھ تنظیمیں مجرمانہ تنظیمیں تھیں۔

IMT نے تین مدعا علیہان کو بری کیا اور دیگر 19 کو سزا دی۔ ان 19 میں سے 12 کو سزائے موت دی گئی۔ 

IMT نے درج ذیل تنظیموں کو مجرمانہ تنظیمیں بھی پایا: لیڈرشپ کورپس آف دی نازی پارٹی؛ گسٹاپو (Gestapo) (GeheimeStaatspolizei یا خفیہ ریاستی پولیس)؛ SD (Sicherheitsdienst یا ReichsfȕhrerSS کی سیکورٹی سروس)، اور ایس ایس (SS)۔ 

IMT نے انسانیت کے خلاف جرائم کی تعریف کو جنگ کے دوران کیے جانے والے افعال تک محدود کر دیا۔ اس کا مطلب یہ تھا کہ عدالت جنگ سے پہلے کیے گئے انسانیت کے خلاف جرائم کو پیش نظر نہیں رکھتی تھی۔ 

نیورمبرگ کے اصول

IMT کے فیصلے کے دو ماہ بعد، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے متفقہ طور پر فیصلے اور نیورمبرگ چارٹر کو بین الاقوامی قانون کا پابند تسلیم کیا۔ فیصلے اور چارٹر کی بنیاد پر اقوام متحدہ کے بین الاقوامی قانونی کمیشن نے بین الاقوامی فوجداری قانون کی ترقی اور نفاذ کی رہنمائی کے لیے اصولوں کے ایک سیٹ کی وضاحت کی۔ 

 "نیورمبرگ کے اصول" بنیادی طور پر یہ ہیں:

  • امن کے خلاف جرائم، جنگی جرائم، اور انسانیت کے خلاف جرائم بین الاقوامی قانون کے تحت جرائم ہیں؛
  • کوئی بھی فرد، حتیٰ کہ حکومتی رہنما جو بین الاقوامی جرم کا ارتکاب کرتا ہے، قانونی طور پر جوابدہ ٹھہرایا جا سکتا ہے؛
  • بین الاقوامی جرائم کے لیے سزا کا تعین حقائق اور قانون کی بنیاد پر منصفانہ سماعت کے ذریعے کیا جانا چاہئیے؛
  • بین الاقوامی جرم کا مرتکب، جس نے کسی اعلیٰ افسر کے احکامات کی تعمیل میں کام کیا، وہ بھی جرم کے لیے قانونی طور پر جوابدہ ہے۔

IMT کے فیصلے کے بعد سے بین الاقوامی فوجداری قانون میں کافی حد تک توسیع ہوئی۔ مثال کے طور پر 1948 میں اقوام متحدہ نے نسل کشی کے جرم کی روک تھام اور سزا کے کنونشن کی منظوری دے کر نسل کشی کو بین الاقوامی جرم کے طور پر تسلیم کیا۔ تشدد اور جنسی تشدد جیسے اضافی جرائم کو جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کی فہرست میں شامل کیا گیا جبکہ بین الاقوامی فوجداری قانون کے مضمون میں اضافہ ہوا ہے، اور اس کا نفاذ نیورمبرگ چارٹر اور IMT کی قائم کردہ مثالوں اور اصولوں پر مبنی ہے۔

فٹ نوٹس

  1. Footnote reference1.

    انگریزی سے ترجمہ شدہ: انسانوں اور اس استغاثہ سے وابستہ قوموں کے ساتھ انصاف کرتے ہوئے، میں آپ کو کچھ مشکلات کی یاد دلانا چاہوں گا جو اس کیس پر اپنا نشان چھوڑ سکتی ہیں۔ قانونی تاریخ میں اس سے پہلے کبھی کسی قانونی چارہ جوئی کے دائرہ کار میں ایک دہائی کی پیشرفت کو لانے کی کوشش نہیں کی گئی، جس میں پورے براعظم کا احاطہ کیا گیا ہو اور اس میں کئی اقوام، ان گنت افراد اور لاتعداد واقعات شامل ہوں۔ کام کی شدت کے باوجود، دنیا نے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ اس مطالبہ کو پورا کرنا پڑا، اگرچہ یہ شاید تیار حوالہ جات کی بنیاد اور قیمت پر کیا گیا۔ میرے ملک میں قائم شدہ عدالتیں اسی طرح کے طریقہ کار پر عمل کرتے ہوئے، مناسب اصولی مثالیں لاگو کرتے ہوئے، اور مقامی اور محدود واقعات کے نتائج سے نمٹنے کے لیے شاذ و نادر ہی مقدمے کی سماعت کا آغاز واقعہ کے ایک سال کے اندر کرتی ہیں۔ پھر بھی، آج سے آٹھ ماہ سے بھی کم عرصہ قبل وہ کمرہ عدالت جس میں آپ بیٹھے ہیں، وہ ایس ایس کے دستوں کے قبضے میں دشمن کا قلعہ تھا۔ آٹھ ماہ سے بھی کم عرصہ قبل ہمارے تقریباً تمام گواہان اور دستاویزات دشمن کے ہاتھ میں تھے۔ قانون مرتب نہیں کیا گیا تھا، کوئی طریقہ کار تشکیل نہیں دیا گیا تھا، کوئی ٹربیونل موجود نہیں تھا، کوئی قابل استعمال عدالت یہاں موجود نہیں تھی، سینکڑوں ٹن سرکاری جرمن دستاویزات میں سے کسی کی بھی جانچ نہیں کی گئی تھی، استغاثہ کا کوئی عملہ اکٹھا نہیں کیا گیا تھا، تقریباً تمام موجودہ مدعا علیہان مفرور تھے، اور چاروں استغاثہ کی قوتیں ابھی تک ان پر مقدمہ چلانے کے لیے مشترکہ مقصد میں شامل نہیں ہوئی تھیں۔ یہ انکار کرنے میں مجھے آخری فرد ہونا چاہئیے کہ یہ عدالت، یہ مقدمہ نامکمل تحقیق کا شکار ہو سکتا ہے اور ممکنہ طور پر پیشہ وارانہ کام کی ایسی کوئی مثال نہیں ہو گی جس کی کوئی بھی استغاثہ قوم عام طور پر سرپرستی کرنا چاہے گی۔ تاہم، یہ نہایت مناسب معاملہ ہے جس کا فیصلہ کرنے کا ہم آپ سے کہیں گے، اور اس کی مکمل پیش رفت ہم تشکر کے ساتھ مؤرخین پر چھوڑیں گے۔

Thank you for supporting our work

We would like to thank Crown Family Philanthropies, Abe and Ida Cooper Foundation, the Claims Conference, EVZ, and BMF for supporting the ongoing work to create content and resources for the Holocaust Encyclopedia. View the list of all donors.

گلاسری